5 جمادی الثانی، 1448 ہجری

جمعیۃ علماء مہاراشٹر کی یکساں سول کوڈ کے خلاف بیداری مہم تیز

25 ہزار پمفلٹ اور بینرز کے ذریعے عوام کو اعتراضات جمع کرانے کی ترغیب

ایک آدمی مائیکروفون میں بات کر رہا ہے، جس کے ساتھ ایک کیو آر کوڈ اور اردو متن ہے۔
مولانا حلیم اللہ قاسمی نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ یکساں سول کوڈ کے خلاف اپنے اعتراضات جلد از جلد کمیشن کو ارسال کریں۔
اہم نکات

جمعیۃ علماء مہاراشٹر یکساں سول کوڈ کے خلاف عوامی بیداری مہم چلا رہی ہے تاکہ لوگ کمیشن کو اپنے اعتراضات اور تجاویز بھیج سکیں۔ یہ مہم 25 ہزار پمفلٹ اور بینرز کے ذریعے چلائی جا رہی ہے جن میں QR کوڈز شامل ہیں۔

  • جمعیۃ علماء مہاراشٹر نے یکساں سول کوڈ کے خلاف عوامی بیداری مہم شروع کی ہے۔
  • 25 ہزار پمفلٹ اور بینر تیار کیے گئے ہیں جن میں QR کوڈز شامل ہیں۔
  • مہاراشٹر حکومت نے جسٹس رنجنا پرکاش دیسائی کی سربراہی میں 7 رکنی کمیٹی بنائی ہے۔
  • اعتراضات اور تجاویز جمع کرانے کی آخری تاریخ 15 دسمبر 2026 تک بڑھا دی گئی ہے۔
  • اتراکھنڈ میں نافذ یکساں سول کوڈ کو ہائی کورٹ میں چیلنج کیا گیا ہے۔
  • ایک ہی موبائل فون سے خاندان کے تمام افراد الگ الگ جوابات داخل کر سکتے ہیں۔

مولانا حلیم اللہ قاسمی کی عوام سے اپیل، کمیشن کو اعتراضات اور تجاویز جلد از جلد ارسال کریں

ممبئی، 14 نومبر: مہاراشٹر حکومت کی جانب سے ریاست میں یکساں سول کوڈ (UCC) نافذ کرنے کی تیاریوں کے درمیان جمعیۃ علماء مہاراشٹر نے اس کے خلاف عوامی بیداری مہم تیز کردی ہے۔ اس سلسلے میں عوام کی رہنمائی اور انہیں قانونی و آئینی پہلوؤں سے واقف کرانے کے لیے 25 ہزار پمفلٹ اور بینر تیار کیے گئے ہیں۔

جمعیۃ علماء مہاراشٹر کے صدر مولانا حلیم اللہ قاسمی نے آج ممبئی میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ مہاراشٹر حکومت نے سپریم کورٹ کی سبکدوش جج جسٹس رنجنا پرکاش دیسائی کی قیادت میں سات رکنی ماہرین کی کمیٹی تشکیل دی ہے، جو یکساں سول کوڈ کے حوالے سے عوامی مشورے اور اعتراضات طلب کر رہی ہے۔ اس کے لیے پہلے 15 نومبر آخری تاریخ مقرر تھی، جسے بڑھا کر 15دسمبر 2026کردیا گیا ہے۔

مولانا حلیم اللہ قاسمی نے کہا کہ حکومت مہاراشٹر کے فیصلے کے بعد ہی جمعیۃ علماء نے عوامی رائے ہموار کرنے اور ضرورت پڑنے پر قانونی چارہ جوئی کے لیے لائحہ عمل تیار کرنا شروع کردیا تھا۔

انہوں نے بتایا کہ اتراکھنڈ ملک کی پہلی ریاست ہے جہاں یکساں سول کوڈ نافذ کیا گیا ہے۔ صدر جمعیۃ علماء ہند مولانا سید ارشد مدنی کی ہدایت پر اس قانون کو اتراکھنڈ ہائی کورٹ میں چیلنج کیا گیا ہے، جہاں عدالت نے مقدمے کو سماعت کے لیے قبول کرتے ہوئے ریاستی حکومت کو نوٹس جاری کیا ہے۔ گجرات اور مدھیہ پردیش میں بھی یکساں سول کوڈ سے متعلق قانون منظور ہوچکا ہے، تاہم وہاں ابھی اس کا نفاذ نہیں ہوا ہے۔

مولانا قاسمی نے مزید کہا کہ جمعیۃ علماء مہاراشٹر ریاست بھر میں عوامی بیداری مہم چلا رہی ہے۔ گزشتہ دنوں ممبئی میں جمعیۃ علماء کی مختلف یونٹوں کے ذمہ داران کا اجلاس بھی منعقد کیا گیا تھا۔

انہوں نے بتایا کہ عوام کی سہولت کے لیے وکلاء اور علماء کرام کے مشوروں سے کمیشن کی جانب سے پوچھے گئے سوالات کے جوابات تیار کیے گئے ہیں۔ ان جوابات کو موبائل فون کے ذریعے کیو آر کوڈ اسکین کرکے کمیشن تک پہنچایا جاسکتا ہے۔ اسی مقصد کے تحت کیو آر کوڈ پر مشتمل پمفلٹ اور بینر تیار کیے گئے ہیں، تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگوں تک یہ پیغام بسہولت پہنچ سکے۔

مولانا حلیم اللہ قاسمی نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اس معاملے کی اہمیت کو سمجھتے ہوئے جمعیۃ علماء مہاراشٹر کے تیار کردہ کیو آر کوڈ کو اسکین کریں اور جلد از جلد اپنے اعتراضات اور تجاویز کمیشن کو ارسال کریں۔

انہوں نے خصوصی طور پر کہا کہ ایک ہی موبائل فون سے خاندان کے تمام افراد کی جانب سے الگ الگ جوابات داخل کیے جاسکتے ہیں۔ اس لیے گھر کے تمام بالغ افراد کی شرکت یقینی بنانے کی کوشش کی جائے۔

آخر میں مولانا قاسمی نے کہا کہ یکساں سول کوڈ دستورِ ہند میں دیے گئے مذہبی حقوق کے منافی ہونے کے ساتھ ساتھ ملک کی مشرقی تہذیب اور روایات کی روح کے بھی خلاف ہے۔

شائع شدہ: ہفتہ, 14 نومبر، 2026 | 7:22 PM IST

یہ خبر شیئر کریں

واٹس ایپفیس بکایکسٹیلیگرام