عمیر مقتدیٰ مئوی
کتاب: ’’خاکہ کا فن اور اردو خاکہ نگاری عہد بہ عہد تاریخ‘‘
ڈاکٹر منظر کمال لکچرار
علم و ادب کی دنیا میں بعض شخصیات اپنی مسلسل علمی جدوجہد، تحقیقی ذوق اور تصنیفی خدمات کے ذریعے اپنی ایک منفرد شناخت قائم کرتی ہیں مئو ناتھ بھنجن کی سرزمین سے تعلق رکھنے والے ڈاکٹر منظر کمال نے جواہر لعل نہرو یونیورسٹی، نئی دہلی سے اردو میں ایم اے، ایم فل اور پی ایچ ڈی کی اعلیٰ تعلیمی منازل طے کیں، جب کہ جامعہ ملیہ اسلامیہ سے بی ایڈ اور تاریخ و ایجوکیشن میں بھی ایم اے کی ڈگریاں حاصل کیں۔ یو جی سی نیٹ اور جے آر ایف کوالیفائی کرنے کے بعد آپ نے تدریسی میدان میں اپنی خدمات کا سلسلہ جاری رکھا اور آج ڈسٹرکٹ انسٹی ٹیوٹ آف ایجوکیشن اینڈ ٹریننگ، غازی پور میں لکچرار کی حیثیت سے اپنی ذمہ داریاں انجام دے رہے ہیں۔ اس سے قبل جواہر نوودیہ ودیالیہ، جموں و کشمیر میں بھی تدریسی خدمات انجام دے چکے ہیں۔ آپ کی علمی و ادبی سرگرمیوں میں تصنیف و تالیف، تحقیقی و تنقیدی مقالہ نگاری اور مختلف تعلیمی و انتظامی ذمہ داریاں بھی شامل ہیں۔ آپ کی خدمات کے اعتراف میں آپ کو متعدد ایوارڈ و اعزازات بھی ملے ہیں ۔
اسی علمی سفر کی ایک اہم کڑی آپ کی تازہ تصنیف ’’خاکہ کا فن اور اردو خاکہ نگاری عہد بہ عہد تاریخ‘‘ ہے۔ اردو ادب کی ایک اہم نثری صنف خاکہ نگاری کو موضوع بناتے ہوئے آپ نے اس کے مفہوم، فنی و فکری جہات، اقسام، تاریخی پس منظر اور ارتقائی مراحل کا تحقیقی مطالعہ پیش کیا ہے۔ اس کتاب کا ایک قابلِ توجہ پہلو قدیم اردو تذکروں اور شعرا کی تصانیف میں خاکہ نگاری کے ضمنی عناصر کی نشان دہی ہے، جو اسے تذکرہ نگاری اور سوانحی ادب سے دلچسپی رکھنے والوں کے لیے بھی اہم بناتا ہے۔
میری نظر میں کسی علمی شخصیت کی خدمات کا حقیقی اعتراف یہی ہے کہ اس کے علمی کام کو پڑھا جائے، اس سے استفادہ کیا جائے اور اس کے مثبت پہلوؤں کو دوسروں تک پہنچایا جائے۔ ڈاکٹر منظر کمال صاحب کی یہ تصنیف بھی اسی نوعیت کی ایک علمی کوشش ہے، جس سے اردو ادب کے طلبہ، محققین، اساتذہ اور بالخصوص تذکرہ نویسی و سوانح نگاری سے وابستہ اہلِ قلم کو فائدہ اٹھانا چاہیے۔
اس موقع پر ڈاکٹر منظر کمال صاحب کو اس علمی و تحقیقی کاوش کی اشاعت پر دل کی گہرائیوں سے مبارک باد پیش کرتا ہوں۔ دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ آپ کے علم و قلم میں برکت عطا فرمائے، آپ کی تحقیقی صلاحیتوں کو مزید جِلا بخشے اور آپ کو اردو زبان و ادب کی مزید مفید خدمات انجام دینے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین
شائع شدہ: پیر, 9 نومبر، 2026 | 11:02 AM IST

