30 جمادی الاول، 1448 ہجری

مولانا ابو الکلام آزاد کے تعلیمی افکار

اسعد اعظمی؍ جامعہ سلفیہ بنارس

مولانا ابو الکلام آزاد کے تعلیمی افکار
مولانا ابو الکلام آزاد کے تعلیمی افکار
اہم نکات

اسعد اعظمی؍ جامعہ سلفیہ بنارس مولانا ابو الکلام آزاد کا نام جب بھی زبان وقلم پر آتا ہے نشاط، توانائی اور عزم وحوصلہ کا احساس دلاتا ہے، ایمان وایقان کو نئی طاقت بخشتا ہے اور دل ودماغ کو تازگی فراہم کرتا ہے۔

  • اسعد اعظمی؍ جامعہ سلفیہ بنارس
  • مولانا ابو الکلام آزاد کا نام جب بھی زبان وقلم پر آتا ہے نشاط، توانائی اور عزم وحوصلہ کا احساس دلاتا ہے، ایمان وایقان کو نئی طاقت بخشتا ہے اور دل ودماغ کو تازگی فراہم کرتا ہے۔
  • آپ کا بچپن، آپ کی جوانی، آپ کی بزرگی، الغرض آپ کی زندگی کے تمام مراحل درس وعبرت کی کہانیوں سے لبریز ملتے ہیں۔

اسعد اعظمی؍ جامعہ سلفیہ بنارس

مولانا ابو الکلام آزاد کا نام جب بھی زبان وقلم پر آتا ہے نشاط، توانائی اور عزم وحوصلہ کا احساس دلاتا ہے، ایمان وایقان کو نئی طاقت بخشتا ہے اور دل ودماغ کو تازگی فراہم کرتا ہے۔ آپ کا بچپن، آپ کی جوانی، آپ کی بزرگی، الغرض آپ کی زندگی کے تمام مراحل درس وعبرت کی کہانیوں سے لبریز ملتے ہیں۔ کوئی طالب علم ہو یا استاد، ادیب ہو یا شاعر، مصنف ہو یا مترجم، سیاست داں ہو یا ماہر تعلیم، ماہر سماجیات ہو یا ماہر فنون لطیفہ۔۔ ہر ایک کے لیے آپ کی زندگی اور آپ کے احوال وافکار میں دلچسپی کا سامان موجود ہے۔ اس عصر میں ’’عبقری‘‘ کا لفظ اگر کسی شخصیت پر من کل الوجوہ فٹ ہوتا تھا تو وہ آپ ہی کی شخصیت تھی۔

مولانا آزاد آزاد ہندستان کے اول وزیر تعلیم رہے۔ آپ کی ہر فن مولی شخصیت میں علم اور تعلیم کے عنصر کی کارفرمائی کچھ زیادہ ہی نمایاں تھی اور اس تعلق سے آپ کی حساسیت دیدنی تھی۔ آپ کے سلسلے میں ادنی واقفیت رکھنے والے بھی جانتے ہیں کہ آپ نے باضابطہ کسی مکتب، مدرسہ، کالج یا یونیورسٹی میں تعلیم حاصل نہیں کی تھی، آپ کے والد صاحب سخت گیر مذہبی آدمی تھے، عالم دین تھے۔ وہ اپنے بچوں کو تعلیم خود دیتے تھے اور عندا لضرورۃ اپنے کسی بہت ہی معتمد ومعتبر شخص سے اس میں مدد لیتے تھے۔وہ اپنی اولاد کو ایک مخصوص مذہبی دائرے میں محصور دیکھنا چاہتے تھے، باہر کی کوئی ہوا بھی انہیں لگنا گوارہ نہ تھا۔ ہر قسم کے خارجی مطالعہ پر پابندی تھی۔ لیکن خلاق دو جہاں کو کچھ اور ہی منظور تھا، اسے آپ کو امامت وسیادت کے منصب پر سرفراز کرنا تھا۔ چنانچہ ہر قسم کی تنگیوں اور پابندیوں کے باوجود آپ اپنی الگ راہ بنانے میں کامیاب ہوئے۔ آج کے تقریبا سوا سو سال پہلے بھی محی الدین احمد نام کا یہ بچہ عرب وعجم سے کتب ورسائل منگاتا تھا۔ ان کے ایک ایک حرف کا مطالعہ کرتا تھا، نوٹ لگاتا تھا، استدراک لکھتا تھا، بڑے بڑے مجمعوں میں خطاب کرتا تھا، پورے بر صغیر کے علماء ودانشوران آپ کی کم عمری میں آپ کی ذہانت ولیاقت سے حیران تھے۔ وہ ایک طرف آپ کی عمر اور آپ کا قد وقامت دیکھتے اور دوسری طرف آپ کے تجربہ اور آپ کے افکار وخیالات پر نظر ڈالتے تو انہیں دونوں میں ہم آہنگی کی کوئی سبیل نظر نہ آتی، لیکن یہ جادو تھا کہ مسلسل سر چڑھ کر بولے جارہا تھا۔ بہت جلد تردد وانکار کافور ہوگئے اور آپ کی علمیت وعبقریت کا لوہا لوگوں نے مان ہی لیا۔

یہاں اس امر کا تذکرہ ضروری ہے کہ آپ کی صلاحیت اور آپ کی ذہانت وفطانت وہبی تھی البتہ آپ نے جہد وکسب کے ذریعہ اس میں چار چاند لگایا تھا۔ تمام تر اعلیٰ علمی لیاقت واستعداد کے باوجود آپ نے طلب علم کی راہ میں جو محنت شاقہ صرف کی اور اپنی طفولت اور اپنی صحت کے تقاضوں کو نظر انداز کرتے ہوئے علم کے متنوع گوشوں تک رسائی حاصل کی وہ آپ ہی کا حصہ ہے اور اللہ کی توفیق کے بعد آپ کی انتھک کوششوں کا ثمرہ ہے۔ کیوں کہ ’’توفیق باندازۂ ہمت ہے ازل سے‘‘۔ آپ کی تعلیمی زندگی کے اس روشن پہلو کا ہمارے طلبہ وطالبات کو عبرت کی نگاہ سے مطالعہ کرنا چاہیے تاکہ انہیں اندازہ ہو کہ کس طرح ’’رنگ لاتی ہے حنا پتھر پہ گھس جانے کے بعد‘‘۔

عملی زندگی میں قدم رکھنے کے بعد مولانا آزاد نے علم اور تعلیم کے موضوع کو اپنی توجہ وعنایت کا خاص مرکز بنایا۔ قوموں کی زندگی اور ان کی بقا وترقی میں تعلیم کا کیا رول ہوتا ہے اور اہل ہند بالعموم اور مسلمان بالخصوص اس قطار میں کتنی پیچھے کھڑے ہیں اس کا غم آپ کو کھائے جارہا تھا۔

تعلیم کو محض مادی ومعاشی فوائد کے حصول کا ذریعہ سمجھنے والی ذہنیت جو آج عام طور سے تعلیمی اداروں اوراس سے وابستگان کے رگ وریشے میں سما چکی ہے اور مروجہ تعلیم حاصل کرکے انسان ایک ’’معاشی حیوان‘‘ بن جاتا ہے، مولانا آزاد اس سوچ اور اس نظریے کے سخت مخالف تھے۔ تعلیم چاہے دین ومذہب کی ہو یا سائنس وٹکنالوجی کی، اسے مذہبی واخلاقی اقدار سے مربوط رکھنے اور دونوں میں تقارب پیدا کرنے کی بزور تاکید کرتے تھے۔

’’مولانا نے اپنی تقریروں میں باربار کہا کہ ہماری پنچ سالہ یوجنا کا مرکزی مقصد مادی وسائل اور ذرائع کی توسیع اور ان کا بہتر استعمال نہیں، بلکہ ایک نیا ذہن اور نئی سیرت پیدا کرنا ہے۔ اور اس کے لیے صنعت وحرفت، تجارت اور زراعت، بجلی اور پانی سے بھی زیادہ ضروری صحیح تعلیم کا رواج ہے۔۔۔‘‘ ( مولانا ابو الکلام آزاد۔ ایک مطالعہ، مرتب :ابوسلمان شاہ جہاں پوری۔ مقالہ خواجہ غلام السیدین بعنوان: مولانا آزاد کا تعلیمی فلسفہ، ص:۲۳۰)

مولانا آزاد کے تعلیمی افکار سے متعلق یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ آپ محض پیشہ ورانہ یا روایتی تعلیم کی ترغیب وتحریص پر اکتفا نہیں کرتے تھے بلکہ آپ کے ذہن میں تعلیم کا ایک جامع منصوبہ تھا جو بچوں، نوجوانوں اور بزرگوں سب کو علم اور تعلیم سے آراستہ کرنے پر محیط تھا۔ کیوں کہ آپ اچھی طرح جانتے تھے کہ اصلاح اور تعمیر سیرت کا عمل تعلیم کے بغیر ادھورا ہوتا ہے۔ ’’ناخواندگی مٹاؤ مہم‘‘ کے نہ صرف یہ کہ آپ مؤید اور حمایتی تھے بلکہ اس کے لیے ہمیشہ کوشاں بھی رہتے تھے اور اسے قوم و وطن کی ترقی کا ایک اہم زینہ قرار دیتے تھے۔

آل انڈیا خلافت کانفرنس کے ۲۹؍ دسمبر ۱۹۲۵ء میں منعقد اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے آپ نے ’’عوام کی تعلیم‘‘ سے متعلق حاضرین کے سامنے جو خاکہ پیش کیا تھا اس کا مطالعہ آپ کے نظریے کو سمجھنے میں معاون ثابت ہوگا۔ اس طویل خطبۂ صدارت کا ایک اقتباس یہاں درج کیا جاتا ہے جو اگرچہ قدرے طویل ہے مگر بڑا ہی جامع اور محیط ہے۔ مولانا فرماتے ہیں:

’’ تمام پہلوؤں پر غور کرنے کے بعد میں سمجھتا ہوں کہ ہمارے لیے ہر حال میں مقدم کام عوام کی تعلیم ہے۔ یہی کام سب سے زیادہ ضروری ہے اور اسی کی طرف سے ہمیشہ اغماض کیا گیا ہے۔ تعلیم کے لفظ کو یہاں اس سے زیادہ وسیع معنوں میں لیجیے۔ تعلیم سے مقصود وہ تعلیم ہی نہیں ہے جو قواعد اور منضبط اصول کے ذریعہ مکتبوں اور مدرسوں میں دی جاتی ہے۔ یہ تو دراصل آنے والے عہد کے لیے ہے جنہیں آج پڑھایا جارہا ہے وہ کل کام کریں گے۔ لیکن قوم کو اس کی موجودہ حالت میں بلند کرنے کے لیے ضروری ہے کہ موجودہ نسل کی دماغی حالت اور عملی استعداد درست کی جائے۔ وقت کی تمام مشکلات کا یہی علاج ہے۔

ہم عوام میں باہمی اتحاد پیدا نہیں کرسکتے، معیشت کی تکلیفیں دور نہیں کرسکتے، وقت کی ضروریات کا احساس پیدا نہیں کرسکتے، جب تک ان کے فہم واستعداد کے مطابق ہمارا ایک دائمی ذریعۂ خطاب ودرس قائم نہ ہوجائے۔ اس کے لیے دو چیزیں ضروری ہیں۔ موجودہ نسل میں جس کی ابتدائی تعلیم کا زمانہ گزر چکا ہے نوشت وخواند کی تعلیم عام کرنا اور باقاعدہ ومرتب تعلیمی اسباق کے ذریعہ جو مذہبی، اخلاقی اور معاشرتی تعلیمات پر مشتمل ہوں عوام کی جماعتوں کو مسلسل تعلیم دینا۔

اگر ہم نے ان پڑھ عوام کی ایک بڑی تعداد میں اتنی استعداد پیدا کردی کہ وہ اٹک اٹک کر اردو عبارت پڑھ لیں اور غلط سلط اردو لکھ لیں تو آپ یقین کیجیے کہ ہر طرح کی اصلاح وترقی کے دروازے جو کسی حال میں نہیں کھل سکتے تھے ہم نے بیک دفعہ ان پر کھول دیے۔ اسی طرح اگر ہم نے ۱۹۲۶؁ء میں کم ازکم اتنا بھی کرلیا کہ ہم ایک خاص مقدار کی مفید اور ضروری تعلیم لکچروں کے ذریعے عوام کے مختلف حلقوں کو دیتے رہے، اس کی مسلسل صدائیں ان کے دلوں تک اترتی رہیں اور اس طرح کارکن حلقہ میں اور عوام میں روزانہ خطاب اور مقابلہ کا تعلق قائم ہوگیا تو غور کیجیے کہ ۱۹۲۶ء کی جماعتی استعداد سے ۱۹۲۷ء کس قدر مختلف ہوگا۔

میں سمجھتا ہوں کہ آپ کو سردست صرف یہ تعلیمی پروگرام اختیار کرنا چاہییے اور اس میں بھی صرف چار چیزوں پر قناعت کرلینی چاہیے:

۱۔عوام کے موجودہ طبقہ میں نوشت وخواند کی اشاعت اور اس کے لیے نائٹ اسکولوں کا قیام ، اکثر صوبوں میں ان کے لیے مساجد کافی ہیں۔

۲۔ عوام کی مذہبی، اخلاقی اور معاشرتی اصلاح و ترقی کے لیے ایسی تعلیم گاہوں کا اجراء جہاں مرتب ومسلسل لکچروں کے ذریعہ اس طرح تعلیم دی جائے کہ ہر مہینے کا ایک معین کورس ہو اور اس میں ایک خاص مقدار کی مفید اور ضروری معلومات موجود ہوں۔ اس کے لیے بھی اکثر حالتوں میں مسجد بہترین محل ہے۔

۳۔ جہاں تک ممکن ہو عوام کے لیے قرأت خانوں( ریڈنگ رومز) کا قیام۔

۴۔ کوشش کی جائے کہ جمعہ کے خطبات کی اصلاح ہو اور ان کے ذریعہ ضروری اور مفید تعلیم ہفتہ وار سامعین کو مل سکے۔

اس پروگرام کے نفاذ کے لیے لکچروں اور خطبوں کی ترتیب واشاعت ضروری ہے اور اس کا خود مرکزی خلافت کمیٹی کو انتظام کرنا چاہیے۔‘‘( خطبات آزاد -خطبۂ صدارت آل انڈیا خلافت کانفرنس۔ ۲۹؍ دسمبر ۱۹۲۵ء ص: ۱۸۹-۱۹۱)

یہ ۲۶-۱۹۲۵ء کی بات ہے جب ملک آزاد نہیں ہوا تھا۔ آزادی کے بعد جب آپ وزیر تعلیم بنائے گئے اور پوری قوم کی تعلیم وتربیت کے مسائل اور ذمہ داری آپ کے کندھوں پر رکھی گئی اور آپ کو کام کرنے کے لیے ایک وسیع پلیٹ فارم میسر ہوا تو آپ نے پوری طاقت اس میں لگادی اور اپنے متوازن تعلیمی نظریے کے فروغ وتنفیذ کے لیے اپنے آپ کو وقف کردیا۔

’’ اپنے انتقال سے کچھ روز پیشتر انھوں نے سنٹرل ایڈوائزری بورڈ آف ایجوکیشن کے آخری جلسے میں اس امر کی طرف اشارہ کیا تھا۔ وہ جانتے تھے کہ ایک موزوں نظام تعلیم کے بغیر قوم کی اصلاح کی کوشش ریت پر عمارت بنانا ہے۔ انھیں یہ بھی اندازہ تھا کہ اس نظام تعلیم کا کیا نقشہ ہونا چاہیے تاکہ وہ پوری قومی زندگی کے بوجھ کو سنبھال سکے۔ اس میں انھوں نے پانچ بنیادی عناصر کو جگہ دی تھی:

۱-چھ سے چودہ برس تک کے بچوں کے لیے لازمی تعلیم

۲-جمہوریت کی جڑیں مضبوط کرنے کے لیے ناخواندہ بالغوں کے لیے سماجی تعلیم

۳-ثانوی اور اعلیٰ تعلیم کی توسیع کے ساتھ ان کے معیار کو بلند کرنا

۴- ملکی ضرورتوں کے لیے شایان شان ٹیکنیکل اور سائنٹیفک تعلیم کا اہتمام

۵- قومی تہذیب کو مالا مال کرنے کے لیے آرٹ اور فنون لطیفہ کی ترویج۔۔۔۔۔

(مولانا ابو الکلام آزاد۔ ایک مطالعہ،مرتب: ابوسلمان شاہ جہاں پوری۔ مقالہ خواجہ غلام السیدین بعنوان: مولانا آزاد کا تعلیمی فلسفہ، ص:۲۳۷)

مولانا کے تعلیمی افکار سے متعلق بعض گوشوں کا یہ سرسری تذکرہ ہے۔ درحقیقت تعلیم وتعلم سے متعلق آپ کے نظریات اور کارناموں کے جائزے کے لیے ایک دفتر درکار ہے۔ لہٰذا ان ہی نقاط پر اکتفا کرتے ہوئے ہم دعاگو ہیں کہ اللہ تعالیٰ ان کی خدمات کو قبول فرمائے اور تعلیم کے فروغ کے لیے ہمیں بھی جدوجہد کی توفیق عطا کرے۔ آمین۔

شائع شدہ: پیر, 9 نومبر، 2026 | 1:10 AM IST

یہ خبر شیئر کریں

واٹس ایپفیس بکایکسٹیلیگرام