نئی دہلی: 09نومبر،وزیر اعظم نریندر مودی نے پیر کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر سنسکرت کا ایک شلوک شیئر کیا، جس کے ذریعے انہوں نے مساوات، غیر جانب داری اور عدل و انصاف کے راستے پر چلنے والے افراد کی خوبیوں کو اجاگر کیا۔ وزیر اعظم نے اپنی پوسٹ میں لکھا، ’’سماہ سرویشو بھوتیشو کام کرودھ ویورجتہ۔ نیائے مارگم نہ منچنتی تے وے ست پروشاہ اسمرتاہ۔‘‘
اس شلوک کا مفہوم ہے کہ جو لوگ تمام مخلوقات کو یکساں نظر سے دیکھتے ہیں، ذاتی مفاد اور غصے سے پاک رہتے ہیں اور کبھی انصاف کے راستے کو نہیں چھوڑتے، وہی حقیقت میں نیک انسان کہلاتے ہیں۔ وزیر اعظم کی اس پوسٹ میں مساوات، غیر جانب داری اور انصاف پسندی کو ایک اچھے انسان کی بنیادی صفات کے طور پر پیش کیا گیا ہے۔
وزیراعظم کی یہ پوسٹ دیوالی کے ایک روز بعد سامنے آئی ہے۔ اتوار کو انہوں نے نئی دہلی کے راشٹرپتی بھون میں صدر جمہوریہ دروپدی مرمو سے ملاقات کرکے انہیں دیوالی کی مبارک باد دی تھی۔ راشٹرپتی بھون نے بھی سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پوسٹ کے ذریعے اس ملاقات کی اطلاع دی تھی۔ اس سے قبل نائب صدر سی پی رادھا کرشنن نے بھی صدر جمہوریہ سے ملاقات کرکے انہیں دیوالی کی مبارک باد پیش کی تھی۔ صدر دروپدی مرمو نے بھی دیوالی کے موقع پر ملک کے عوام کو مبارک باد دیتے ہوئے تمام شہریوں کی اچھی صحت، خوشی اور خوش حالی کی تمنا ظاہر کی تھی۔ انہوں نے امید ظاہر کی تھی کہ ہندوستانی اقدار سے متاثر ملک کے نوجوان ’وکست بھارت‘ کی تعمیر میں پورے جوش و جذبے کے ساتھ اپنا تعاون پیش کریں گے۔
وزیر اعظم مودی نے اتوار کو ویڈیو پیغام کے ذریعے بھی ملک کے عوام کو دیوالی کی مبارک باد دی تھی۔ انہوں نے دعا کی تھی کہ آنے والے وقت میں سبھی کی زندگیوں میں امن، خوش حالی اور مسرت آئے۔ اس کے بعد انہوں نے چھتیس گڑھ کے بستر میں سکیورٹی اہلکاروں کے ساتھ دیوالی منائی تھی۔ اس موقع پر وزیر اعظم نے کہا تھا کہ ماؤ نواز دہشت گردی اور نکسلزم کے خطرے کا خاتمہ ملک کی درست پالیسیوں اور مضبوط سیاسی عزم کی کامیابی ہے۔ وزیر اعظم نے سابق صدر جمہوریہ رام ناتھ کووند اور ان کے اہل خانہ سے بھی ملاقات کی تھی اور انہیں دیوالی کی مبارک باد پیش کی تھی۔
شائع شدہ: پیر, 9 نومبر، 2026 | 11:27 AM IST

