30 جمادی الاول، 1448 ہجری

ٹائم مینجمنٹ: کم وقت، زیادہ کارکردگی اور بہتر نتائج

محمد توقیر

ٹائم مینجمنٹ: کم وقت، زیادہ کارکردگی اور بہتر نتائج
ٹائم مینجمنٹ: کم وقت، زیادہ کارکردگی اور بہتر نتائج
اہم نکات

محمد توقیر سیتامڑھی، بہار

  • محمد توقیر
  • سیتامڑھی، بہار
  • کہا جاتا ہے کہ "وقت ہی دولت ہے"، لیکن حقیقت یہ ہے کہ وقت کی قدر و قیمت دولت سے بھی بڑھ کر ہے۔

محمد توقیر

سیتامڑھی، بہار

کہا جاتا ہے کہ "وقت ہی دولت ہے"، لیکن حقیقت یہ ہے کہ وقت کی قدر و قیمت دولت سے بھی بڑھ کر ہے۔ دولت اگر ضائع ہو جائے تو اسے دوبارہ کمایا جا سکتا ہے، مگر وقت ایک ایسی نعمت ہے جو گزر جانے کے بعد کبھی واپس نہیں آتی۔ نہ اسے جمع کرکے رکھا جا سکتا ہے اور نہ ہی اس کے ضیاع کی تلافی ممکن ہے۔ اسی لیے وقت کو انسانی زندگی کا سب سے انمول سرمایہ قرار دیا جاتا ہے۔ مگر افسوس! کہ آج معاشرے میں سب سے زیادہ جس چیز کو ضائع کیا جاتا ہے، وہ بھی وقت ہی ہے۔ اور اس مرض میں عوام تو کیا، خواص بھی مبتلا ہیں، دنیا دار کیا، دیندار بھی شامل ہیں۔ جس کی طرف رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے اشارہ کرتے ہوئے ارشاد فرمایا کہ دو نعمتیں ایسی ہیں جن میں اکثر لوگ نقصان اور گھاٹے میں ہیں، ان میں ایک صحت اور دوسری فراغت (خالی وقت) ہے (سنن ابن ماجہ ،حدیث:4170)۔ وقت کی سب سے پریشان کن بات یہ ہے کہ یہ بڑی تیزی کے ساتھ اڑتا چلا جا رہا ہے، اور سب سے اچھی بات یہ ہے کہ آپ خود ہی اس کے پائلٹ ہیں؛ جیسے چاہیں اڑائیں اور استعمال کریں۔ اگر ہم وقت کا صحیح استعمال کریں تو نہ یہ کہ ہم صرف اپنے وقت کو ضائع ہونے سے بچا سکتے ہیں، بلکہ تین گھنٹے کا کام ایک گھنٹے میں کر سکتے ہیں اور کم وقتوں میں مؤثر طریقے سے اپنے ہدف اور مقصد تک پہنچ سکتے ہیں۔ لہذا، ذیل میں وقت کے بہتر انتظام کے چند اہم اصول بیان کیے جاتے ہیں:

اہداف کا تعین : اچھی ٹائم مینجمنٹ کے لیے سب سے پہلی چیز ہے کہ آپ کا مقصد (Goal) کیا ہے؟ ہارورڈ یونیورسٹی کے ڈاکٹر بانفیلڈ نے امریکہ اور دنیا بھر میں اعلیٰ کارکردگی دکھانے والے لوگوں کے رویوں اور طرز عمل پر 50 سال سے زیادہ تحقیق کی۔ اس نے ایک خاص خوبی کی نشاندہی کی، جو اعلیٰ کارکردگی پیش کرنے والوں کو دوسرے لوگوں سے الگ کرتی ہے، اور وہ ہے دور اندیشی اور طویل مدتی سوچ (Long Time Perspective)۔ وہ بتاتے ہیں کہ اعلیٰ کارکردگی پیش کرنے والے لوگ وقت نکال کر اگلے 10، 20 برسوں کے بارے میں پوری وضاحت کے ساتھ سوچتے ہیں کہ وہ کہاں رہنا چاہتے ہیں اور کیا کرنا چاہتے ہیں۔ اس کے بعد وہ اس بات کو یقینی بناتے ہیں کہ وہ اس وقت جو کچھ کر رہے ہیں، وہ اس کے مطابق ہے جو مستقبل میں وہ کرنا یا بننا چاہتے ہیں۔

یہ ایک مؤثر طریقہ ہے جسے آپ بھی اپنا سکتے ہیں۔ آئندہ دو، چار یا پانچ سالوں کے بارے میں سنجیدگی سے غور کریں اور اپنے اہداف کو واضح انداز میں متعین کریں۔ سوچیں کہ مستقبل میں آپ اپنی زندگی کو کس مقام پر دیکھنا چاہتے ہیں اور کون سی مثبت تبدیلیاں حاصل کرنا چاہتے ہیں۔ اس طرح آپ کے سامنے وہ عملی اقدامات بھی واضح ہو جائیں گے جو آپ کو اٹھانے چاہییں، اور وہ غلطیاں بھی جن سے بچنا ضروری ہے۔ لہٰذا اپنی زندگی کے سب سے اہم مقصد کا تعین کریں، کیونکہ زندگی تبھی عظیم بننا شروع ہوتی ہے جب ہم اپنی زندگی کے سب سے اہم مقصد کے بارے میں واضح طور پر فیصلہ کرتے ہیں۔

منصوبہ بندی:دوسری اہم چیز "منصوبہ بندی" ہے۔ تمام کامیاب ٹائم مینیجرز بہترین پلاننگ کرنے والے ہوتے ہیں۔ جب بھی ان کے پاس کوئی پروجیکٹ آتا ہے، وہ اسے کرنے سے پہلے وقت نکال کر سوچتے ہیں کہ اس کام کو پورا کرنے کے لیے انہیں کن چیزوں کی ضرورت پڑ سکتی ہے، اور پھر ان کی ایک لسٹ بناتے ہیں۔ یہاں ایک اصول یاد رکھیں کہ پلاننگ میں خرچ ہونے والا ہر منٹ، کام کرتے وقت دس منٹ کی بچت کرتا ہے۔

جب ایک بار آپ نے اپنے ہدف کے بارے میں پوری وضاحت کے ساتھ فیصلہ کر لیا تو اب خود سے بار بار یہ پوچھیں کہ وہ کیا پریشانیاں اور رکاوٹیں ہیں جن کی وجہ سے ابھی تک آپ اپنے مقصد کو حاصل نہیں کر سکے؟ وہ کون سے مسائل اور چیلنجز ہیں جنہیں آپ کو حل کرنا چاہیے؟ یوں ہی خود سے یہ سوال بھی پوچھیں کہ اس مقصد کو حاصل کرنے کے لیے آپ کو کن چیزوں کی ضرورت ہے؟ آپ کو کیا کیا اضافی تعلیم، حکمت اور صلاحیت و مہارت حاصل کرنا چاہیے، تاکہ آپ اپنے مقصد کو بآسانی پا سکیں۔

اپنے ذہن کو خوب سوچنے دیں اور ان سارے سوالوں کے زیادہ سے زیادہ جواب حاصل کرنے کی کوشش کریں۔ جواب ملنے کے بعد، ترتیب وار پہلے مرحلے سے آخری مرحلے تک ان تمام چیزوں کی ایک لسٹ بنا لیں۔ جب لسٹ تیار ہو جائے تو اب یہ ضروری نہیں کہ آپ ان سارے مسائل کو حل کریں یا ساری ضروریات کو پورا کریں، بلکہ ان میں سے صرف 20 فیصد سب سے اہم اور ضروری سرگرمیوں کی ایک الگ لسٹ بنا کر ان پر کام شروع کر دیں۔ آخر میں آپ محسوس کریں گے کہ ان 20 فیصد سرگرمیوں کی وجہ سے آپ نے اپنے مقصد کے 80 فیصد نتائج حاصل کر لیے ہیں، کیونکہ اصول ہے:

"% of results come from 20% of your actions"

آپ کے 80 فیصد نتائج، آپ کی صرف 20 فیصد اہم سرگرمیوں کا نتیجہ ہوتے ہیں۔

کاموں کی فہرست: شاید ٹائم مینجمنٹ کا سب سے مؤثر طریقہ یہ ہے کہ آپ اپنے دن کا آغاز ایک واضح منصوبے اور کاموں کی ترتیب شدہ فہرست کے ساتھ کریں۔ پچاس سے زیادہ انتہائی کامیاب، بڑی کمپنیوں کے اعلیٰ عہدے داروں پر کی گئی ایک تحقیق میں 50 میں سے 49 افراد نے کہا کہ ٹائم مینجمنٹ کا سب سے بہترین طریقہ، جو انہوں نے آج تک پایا، وہ ایک سادہ سا کاغذ یا نوٹ پیڈ تھا، جس پر وہ کام شروع کرنے سے پہلے وہ تمام کام لکھ لیتے تھے جو انہیں انجام دینے ہوتے تھے۔ یعنی کامیاب ترین لوگ اپنے دن کا آغاز فوراً کام کرنے سے نہیں کرتے، بلکہ سب سے پہلے اپنے کاموں کی ایک لسٹ (To-Do list) بناتے ہیں، پھر اسی کے مطابق عمل کرتے ہیں، اور یہی عادت ان کی ٹائم مینجمنٹ کو بہتر بناتی ہے۔

ٹائم مینجمنٹ کے ماہرین کے مطابق، ایک To-Do list تیار کرنے میں تقریباً بارہ منٹ لگتے ہیں، لیکن یہی بارہ منٹ کام کرتے وقت آپ کے دو گھنٹے کی بچت کرتے ہیں۔ ایسے سادہ سے کام کا اتنا شاندار نتیجہ واقعی قابل حیرت ہے۔ تو اگر آپ بھی ہر دن دو گھنٹے کی بچت کرنا اور کم ٹائم میں مؤثر طریقے سے زیادہ نتائج حاصل کرنا چاہتے ہیں تو To-Do list بنانے کی عادت ڈال لیں۔ بہت اچھا ہوگا کہ ہر دن سونے سے پہلے اگلے دن کے کاموں کی فہرست بنا لی جائے، تاکہ جب تک آپ سوئیں، آپ کا تحت الشعور (Subconscious Mind) اس لسٹ پر کام کرتا رہے۔

ترجیحات کا تعین :صرف کاموں کی فہرست (To-Do List) بنا لینا کافی نہیں، بلکہ ان کی ترجیحات کا تعین کرنا بھی بے حد ضروری ہے، کیونکہ ہر کام کی اہمیت ایک جیسی نہیں ہوتی۔ لہذا، جب ایک بار آپ اپنے کاموں کی فہرست تیار کر چکے تو اب ان کاموں کو اہمیت اور نتائج کے حساب سے ترتیب دیں اور اپنی ترجیحات کا تعین کریں۔ اس کے لیے آپ ABCDE طریقۂ کار پر عمل سکتے ہیں۔ اس طریقے کار میں آپ اپنے تمام کاموں کو (A, B, C, D, یا E) کی کیٹیگری میں تقسیم کرتے ہیں، جس کی تفصیل درج ذیل ہے:

(A) یہ وہ کام ہیں جن کا کرنا از حد ضروری ہوتا ہے۔ یہ آپ کی زندگی کے وہ اہم ترین کام ہوتے ہیں جن کے کرنے یا نہ کرنے سے، مثلاً آپ کے کاروبار، تعلیم وغیرہ پر انتہائی مثبت (Positive) یا منفی (Negative) اثر پڑتا ہے۔ جیسے ایک تاجر کا A کام وہ ہے جو آمدنی، منافع اور کاروبار کی ترقی پر براہِ راست اثر ڈالے۔ یوں ہی ایک طالب علم کا A کام وہ ہے جس سے اس کے علم، امتحان کی کامیابی اور مستقبل میں نمایاں فائدہ حاصل ہو۔

(B) یہ کام بھی کرنے چاہیے، لیکن یہ پہلی قسم کی طرح ضروری نہیں ہوتے۔ ان کے کرنے یا نہ کرنے سے بھی فائدہ یا نقصان ہوتا ہے، لیکن یہ فائدہ یا نقصان معتدل و متوازن (balanced) ہوتے ہیں۔ اصول یہ ہے کہ A کام جب تک مکمل نہ ہو جائے، B کام کو شروع نہ کیا جائے۔

(C) یہ وہ کام ہیں جن کا کرنا اچھا ہوتا ہے، لیکن یہ آپ کی زندگی میں کوئی حقیقی قدر شامل نہیں کرتے اور نہ ہی آپ کو آپ کے مقاصد کے قریب لے جاتے ہیں۔ جیسے اپنے ساتھیوں سے غیر ضروری بات چیت کرنا، ایک کپ زائد کافی یا چائے پینا وغیرہ۔

(D) یہ وہ کام ہیں جو کسی اور کے کرنے کے قابل ہوتے ہیں، تو ایسے کام خود کرنے کے بجائے کسی دوسرے کو سونپ دیں، تاکہ آپ کے پاس A کام کے لیے کافی وقت بچ جائے، جو آپ کی کامیابی میں اہم رول ادا کرتے ہیں۔ مثال کے طور پر، کسی کمپنی کا مینیجر خود ہی کمپنی کی پوسٹ بناتا ہے، اسے سوشل میڈیا پر اپلوڈ کرتا ہے، تو اسے یہ کام خود کرنے کے بجائے کسی فری لانسر کو ہائر کر لینا چاہیے، اور خود نئی پروڈکٹ، ڈیویلپمنٹ یا بڑے کلائنٹ سے مذاکرات پر فوکس کرنا چاہیے۔

(E) یہ وہ کام ہیں جنہیں بالکل ہی ختم کر دینا چاہیے۔ اس کی طرف ذرا سی بھی توجہ نہیں دینی چاہیے، کیونکہ اس سے سوائے نقصان کے اور کچھ نہیں ہوتا ہے، جیسے ریلس دیکھنا، بار بار نوٹیفکیشن چیک کرنا وغیرہ۔

توجہ اور یکسوئی :کہا جاتا ہے کہ ہر عظیم کامیابی کے پیچھے ایک ہی کام پر لمبے عرصے تک پوری توجہ اور یکسوئی (focus, concentration) سے کی گئی محنت ہوتی ہے۔ فوکس کا مطلب یہ ہے کہ ایک مرتبہ، جب آپ نے اپنے سب سے اہم کام کا آغاز کر دیا، تو اب کسی بھی رکاوٹ یا توجہ ہٹانے والی چیز کو خاطر میں لائے بغیر اس کام کو کرتے رہیں۔ ایسا کرنے سے پانچ گھنٹے کے کام کو ایک گھنٹے میں کیا جا سکتا ہے، وہیں اگر فوکس نہ ہو تو ایک گھنٹے کا کام مکمل ہونے میں پانچ گھنٹے تک لے سکتا ہے۔

یاد رکھیں کہ مکمل توجہ اور یکسوئی کے ساتھ کام کرتے رہنا ہی ہماری کامیابی کی سب سے اہم اور بنیادی شرط ہوتی ہے۔ لیکن افسوس! کہ آج ہمارے اندر اسی چیز کی کمی سب سے زیادہ دیکھی جاتی ہے۔ لہٰذا، نیچے کچھ توجہ ہٹانے اور وقت کو ضائع کرنے والی چیزیں، اور ساتھ ہی ان کا حل بھی بیان کیا جاتا ہے، تاکہ ہم وقت ضائع کرنے سے بچتے ہوئے اپنے اہم کاموں کو یکسوئی اور فوکس کے ساتھ کر سکیں۔

ٹال مٹول کی عادت (Procrastination): کہا جاتا ہے: Procrastination is the thief of time یعنی ٹال مٹول کی عادت "وقت" کی سب سے بڑی چور ہے۔ اور یہ حقیقت بھی ہے کہ آج کا کام کل پر ڈالنا، وقت کو ضائع کرنے کے مترادف ہے۔ یہ ایک دھوکا ہے کہ "کل کر لیں گے"۔ کسی نے بڑی اچھی بات کہی کہ عقلمندوں کی لغت میں "کل" کا لفظ نہیں۔ اس پر قابو پانے کا ایک طریقہ یہ ہے کہ جب بھی آپ کو لگے کہ آپ کسی اہم کام کو بعد پر ڈال رہے ہیں تو آپ خود سے بار بار کہیں کہ "اسے ابھی کرنا ہے، اسے ابھی کرنا ہے، اسے ابھی کرنا ہے (Do it now)"۔ ایک تحقیق کے مطابق، دس، بیس بار یہ الفاظ دہرانے سے آپ کا دماغ غیر شعوری طور پر اس کام کو کرنے کے لیے آمادہ ہو جاتا ہے۔ اس کے علاوہ، عموماً ہمارا دماغ بڑے کام کو کرنے سے بچنا چاہتا ہے، تو اس کے لیے آپ اس کام کو چھوٹے چھوٹے حصوں میں تقسیم کر دیں۔ ایسا کرنے سے بھی آپ کا دماغ اس کام کو کرنے کے لیے تیار ہو جائے گا۔

فون کالز اور سوشل میڈیا:آپ چاہے کتنی ہی اچھی پلاننگ کر لیں، لیکن پھر بھی کچھ نہ کچھ رکاوٹیں، نہ چاہتے ہوئے بھی، آ جاتی ہیں، جیسے فون کالز، واٹس ایپ میسجز، آتے جاتے لوگوں کا آپ کے کمرے یا کام کے ٹیبل پر آنا، اور یوں ہی سوشل میڈیا کا بے جا استعمال۔ یہ وہ چیزیں ہیں جو آپ کا بہت زیادہ وقت ضائع کرتی ہیں۔ بہترین کارکردگی کے لیے ان رکاوٹوں پر قابو پانا بے حد ضروری ہے۔ یاد رکھیں! اگر آپ اپنے اہم اور ضروری کاموں کی وجہ سے بھی دوسروں کو "نہیں" کہنا نہیں سیکھیں گے تو آپ کو دوسروں کی غیر ضروری باتوں پر بھی ہاں کرنی پڑے گی۔

اگر کوئی کال آئے تو آپ ان سے کہیں: "آپ کی آواز سن کر بہت اچھا لگا، حکم فرمائیں، میں آپ کی کیا خدمت کر سکتا ہوں؟" اسی طرح اگر آپ کسی کو کال کریں تو کہیں کہ "مجھے معلوم ہے کہ آپ بہت مصروف ہیں، بس کچھ ضروری بات کے تحت آپ کو زحمت دی۔" کہنے کا مطلب یہ ہے کہ وقت کو ضائع کیے بغیر فوراً پوائنٹ اور ضروری کام پر ہی گفتگو کریں، اور جیسے ہی ضروری بات پوری ہو جائے، ان سے اجازت لے کر سلام اور خدا حافظ کہنے کے ساتھ فون رکھ دیں۔ یوں ہی اگر کوئی شخص آپ کے پاس، بس یوں ہی عام روٹین کی باتیں کرنے، حالات حاضرہ پر تبصرہ کرنے آ جاتا ہے تو ان سے محبت سے کہیں کہ "ابھی مجھے کچھ ضروری کام ہے" یا یہ کہ "تین بجے تک مجھے یہ کام پورا کرنا ضروری ہے، لہذا میں آپ سے پھر کبھی یا فلاں ٹائم پر بات کرتا ہوں۔"

اسی طرح موجودہ دور میں سوشل میڈیا پر لوگوں کا سب سے زیادہ وقت ضائع ہوتا ہے، لہذا کام یا پڑھائی کے وقت ان کو ہرگز استعمال نہ کریں، ورنہ آپ کا کام بہت برے طریقے سے متاثر ہوگا۔ اگر ممکن ہو تو کام کے وقت اپنے موبائل کو سائلنٹ موڈ پہ کر کے ایک طرف رکھ دیں، یا کم از کم اپنے فون پر ڈو ناٹ ڈسٹرب موڈ یا فوکس موڈ آن کر لیں، تاکہ آپ اپنے ان اہم کاموں کو یکسوئی کے ساتھ انجام دے سکیں، جن سے آپ کی زندگی یا کاروبار میں ایک نمایاں تبدیلی آ سکتی ہے۔

دن کا سب سے قیمتی وقت:آج کا ایک المیہ یہ بھی ہے کہ تقریباً سبھی طبقے کے لوگ صبح کے وقت کو سونے، موبائل اسکرولنگ، گپ شپ، سوشل میڈیا، واٹس ایپ گروپس کے میسجز چیک کرنا جیسے بیجا اور بے مقصد کاموں میں ضائع کرتے ہوئے نظر آتے ہیں۔ شاید اس کی وجہ یہ ہے کہ ہمیں دن کے ابتدائی لمحات کی اہمیت کا اندازہ نہیں ہوتا۔ صبح کا وقت کسی بھی اہم کام کو یکسوئی کے ساتھ کرنے کا سب سے سنہری وقت ہوتا ہے۔ اور خود ہمارے آقا و مولا ﷺ نے بھی صبح کے متعلق دعا فرمائی کہ: "اے اللہ! میری امت کے لیے صبح کے اوقات میں برکت عطا فرما" (ترمذی، حدیث:1216)۔ مطلب یہ ہے کہ میری امت کے تمام ان دینی و دنیاوی کام میں برکت دے، جو وہ صبح سویرے کیا کریں، جیسے سفر، طلب علم، تجارت وغیرہ۔ لہذا، صبح کی اہمیت کو سمجھیں، رات کو جلدی سوئیں، اور صبح سویرے اٹھیں۔ اپنی بنیادی ضروریات سے فارغ ہو کر اس وقت کو صرف اور صرف اپنے انتہائی اہم کاموں میں لگائیں۔ اگر آپ ہر دن صبح میں ڈیڑھ، دو گھنٹوں کی بچت کرتے ہوئے اسے اہم کاموں میں لگاتے ہیں تو آپ کچھ زمانے بعد خود کے اندر قابل حیرت نتائج اور کامیابی دیکھیں گے، اور محسوس کریں گے کہ آپ اپنے ساتھ کے ان لوگوں سے کافی آگے نکل چکے ہیں، جو اس قیمتی وقت کو بے مقصد کاموں میں یوں ہی گنوا دیتے ہیں۔

محترم قارئین! آخر میں ایک بات عرض کرنا چاہوں گا، جو کہ ایک حقیقت بھی ہے، کہ ہم جس قدر اپنے وقت اور زندگی کے کنٹرول میں ہوتے ہیں، اتنی ہی زیادہ دلی خوشی اور ذہنی سکون محسوس کرتے ہیں، جبکہ جس درجہ وقت کے کنٹرول سے باہر ہوتے ہیں، اتنی ہی زیادہ بے اطمینانی و بے چینی کی کیفیت اور ذہنی دباؤ کا سامنا ہوتا ہے۔ اگر ہم اوپر ذکر کیے گئے ٹائم مینجمنٹ کے کچھ سنہرے اصول پر سختی کے ساتھ عمل شروع کر دیں تو ہم ہر روز دو گھنٹے کی بچت کرنے کے ساتھ اپنے نتائج میں بھی نمایاں بہتری لا سکتے ہیں۔ اس کے علاوہ، ہمارے کام بھی وقت پر پورے ہوں گے، اور ہمارے پاس آرام، اچھی نیند، اہل خانہ اور اپنے پرسنل کام کے لیے بھی کافی وقت بچ جائے گا، جس کے نتیجے میں ہم ایک کامیاب اور صحت مند زندگی گزار سکتے ہیں۔

اللہ تعالیٰ ہمیں عمل کی توفیق عطا فرمائے! آمین۔

شائع شدہ: پیر, 9 نومبر، 2026 | 1:47 AM IST

یہ خبر شیئر کریں

واٹس ایپفیس بکایکسٹیلیگرام