30 جمادی الاول، 1448 ہجری

لشکر کے پڑاؤ سے دلوں کی سلطنت تک: اردو کی داستانِ عروج

داستانِ عروج

لشکر کے پڑاؤ سے دلوں کی سلطنت تک: اردو کی داستانِ عروج
لشکر کے پڑاؤ سے دلوں کی سلطنت تک: اردو کی داستانِ عروج
اہم نکات

لشکر کے پڑاؤ سے دلوں کی سلطنت تک: اردو کی

  • داستانِ عروج
  • شیخ مصطفی الرحمٰن
  • shaikmustafirahaman@gmail.com

داستانِ عروج

شیخ مصطفی الرحمٰن

shaikmustafirahaman@gmail.com

نو نومبر کی تاریخ اردو کی ادبی دنیا میں ایک خاص معنویت رکھتی ہے۔ یہ شاعرِ مشرق علامہ محمد اقبال کا یومِ ولادت ہے، جسے مختلف ادبی اور علمی حلقوں میں عالمی یومِ اردو کے طور پر بھی منایا جاتا ہے۔ یہ اتفاق اپنی جگہ معنی خیز ہے کہ جس شاعر نے اپنی فکر و فن سے اردو کو نئی بلندیوں سے آشنا کیا، اسی کی ولادت کا دن اس زبان کی عظمت اور اس کے تہذیبی ورثے کو یاد کرنے کا ایک اہم موقع بن گیا۔ لیکن سوال یہ ہے کہ اردو کا یہ سفر شروع کہاں سے ہوا؟ کس طرح مختلف تہذیبوں، زبانوں اور معاشرتی روایتوں کے سنگم سے ایک ایسی زبان وجود میں آئی جس نے برصغیر کے کروڑوں انسانوں کے احساسات، جذبات، خوابوں اور فکری تجربات کو اپنا ترجمان بنا لیا؟

اردو کی تاریخ محض الفاظ، قواعد اور رسم الخط کی تاریخ نہیں، بلکہ یہ تہذیبوں کے میل جول، معاشرتی اختلاط اور انسانی روابط کی ایک دل نشیں داستان ہے۔ اس زبان نے کسی ایک قوم، مذہب یا علاقے کی آغوش میں پرورش نہیں پائی، بلکہ مختلف لسانی اور تہذیبی سرچشموں سے فیض حاصل کرتے ہوئے اپنا مستقل وجود قائم کیا۔ یہی اس کی اصل قوت اور سب سے بڑی انفرادیت ہے۔

لشکر کے پڑاؤ سے زبان کے سفر تک

لفظ ’’اردو‘‘ ترکی الاصل لفظ ’’اوردو‘‘ سے نکلا ہے، جس کے معنی لشکر یا شاہی پڑاؤ کے ہیں۔ فارسی ترکیب ’’زبانِ اردو‘‘ سے اس زبان کا نام رائج ہوا۔ برصغیر میں مختلف علاقوں، زبانوں اور تہذیبوں سے تعلق رکھنے والے افراد جب ایک دوسرے کے قریب آئے تو باہمی رابطے اور اظہار کے لیے ایک مشترکہ لسانی صورت نے جنم لینا شروع کیا۔ سپاہیوں، تاجروں، صوفیوں، علما اور مقامی باشندوں کے روزمرہ میل جول نے اس زبان کی تشکیل و ارتقا میں اپنا حصہ ادا کیا۔ تاہم اردو کی پیدائش کو محض لشکری اختلاط کا نتیجہ قرار دینا درست نہیں؛ اس کے ارتقا میں مقامی بولیوں، شہری معاشرت، صوفیانہ روایتوں اور ادبی سرپرستی نے بھی بنیادی کردار ادا کیا۔

ابتدائی ادوار میں اس زبان کے لیے ہندوی، ہندی، ہندستانی، دکنی اور ریختہ جیسی مختلف اصطلاحات استعمال ہوتی رہیں۔ ان ناموں کا استعمال زمانے، علاقے اور ادبی روایت کے اعتبار سے بدلتا رہا۔ اس دور کی ’’ہندی‘‘ کو آج کے ہندی اردو تنازعے کے تناظر میں دیکھنا تاریخی غلط فہمی پیدا کر سکتا ہے، کیونکہ اس وقت یہ اصطلاح موجودہ سیاسی اور لسانی تقسیم کے تمام مفاہیم کی حامل نہیں تھی۔

اردو کے ابتدائی ارتقائی مراحل میں صوفیائے کرام کا کردار غیر معمولی اہمیت رکھتا ہے۔ خانقاہیں محض عبادت و ریاضت کے مراکز نہیں تھیں، بلکہ مختلف طبقات اور علاقوں کے لوگوں کے درمیان فکری و تہذیبی رابطے کے اہم مراکز بھی تھیں۔ صوفیا نے عوام تک اپنا پیغام پہنچانے کے لیے ان کی روزمرہ بول چال کو ذریعۂ اظہار بنایا۔ یہی وجہ ہے کہ ابتدائی ہندوی روایت میں صوفیانہ فکر اور عوامی زبان کا گہرا تعلق دکھائی دیتا ہے۔ امیر خسرو سے منسوب پہیلیاں، کہہ مکرنیاں اور ہندوی اشعار اس روایت کی یادگار ہیں، اگرچہ ان کے نام سے منسوب بعض کلام کی صحت کے بارے میں محققین کے درمیان اختلاف پایا جاتا ہے۔

دکن میں اس زبان نے ایک الگ ادبی شناخت حاصل کی۔ دکن کے سلاطین اور صوفیائے کرام کی سرپرستی میں دکنی ادب نے ایسی ترقی کی کہ پندرھویں سے سترھویں صدی تک شاعری اور نثر کی ایک قابلِ ذکر روایت قائم ہوگئی۔ محمد قلی قطب شاہ، وجہی اور نصرتی جیسے اہلِ قلم نے اس روایت کو وسعت بخشی۔ بعد ازاں ولی دکنی کی شاعری نے شمالی ہند کے شعری حلقوں پر گہرے اثرات مرتب کیے۔ اٹھارویں صدی کے اوائل میں دہلی کے ادبی ماحول میں دکنی شاعری کی پذیرائی نے ریختہ گوئی کو نئی توانائی عطا کی۔ یوں دکن اور شمالی ہند کی ادبی روایتیں ایک دوسرے سے ہم آہنگ ہوئیں اور اردو شاعری کے کلاسیکی دور کے لیے نئی راہیں کھلیں۔

اردو کی سب سے دل کش خصوصیات میں سے ایک اس کی وسعتِ قلبی اور قبولیت کی غیر معمولی صلاحیت ہے۔ اس نے عربی سے علمی اصطلاحات اور مذہبی ذخیرہ حاصل کیا، فارسی سے تشبیہات، استعارات اور اسلوب کی نزاکتیں لیں، ترکی سے متعدد الفاظ اپنائے اور مقامی زبانوں سے وہ سادگی، مٹھاس اور عوامی رنگ حاصل کیا جس نے اسے برصغیر کی ایک مقبول زبان بنا دیا۔ یہ محض الفاظ کا اجتماع نہیں تھا، بلکہ مختلف تہذیبوں کے تجربات کا ایک ایسا امتزاج تھا جس نے اردو کو ایک منفرد ادبی شناخت عطا کی۔

داغ دہلوی نے اسی لسانی اعتماد کو اپنے معروف شعر میں یوں بیان کیا:

اردو ہے جس کا نام ہمیں جانتے ہیں داغؔ

سارے جہاں میں دھوم ہماری زباں کی ہے

شعر و ادب سے علم و صحافت تک

اٹھارویں اور انیسویں صدی اردو ادب کے لیے غیر معمولی تخلیقی عروج کا زمانہ ثابت ہوئیں۔ اس دور میں اردو شاعری نے اظہار و بیان کے ایسے امکانات دریافت کیے جنھوں نے اسے برصغیر کی اہم ادبی زبانوں میں ممتاز مقام عطا کیا۔ میر تقی میر نے انسانی جذبات، ہجر و فراق اور زندگی کی شکست و ریخت کو اپنی شاعری میں ایسی سادگی اور گہرائی سے پیش کیا کہ وہ غزل کے عظیم ترین شاعروں میں شمار ہوئے۔ سودا نے قصیدے اور ہجو کو نئی بلندی دی، جب کہ غالب نے فکر و فلسفے کی پیچیدگیوں کو غزل کے شعری پیکر میں ڈھال کر اردو شاعری کو ایک نئی جہت عطا کی۔

لکھنؤ کی ادبی فضا میں انیس اور دبیر نے مرثیے کو فنی عظمت اور بیانیہ وسعت عطا کی۔ ان کے ہاں واقعہ نگاری، کردار نگاری، منظر کشی اور جذباتی تاثیر کا ایسا امتزاج ملتا ہے جس نے مرثیے کو اردو ادب کی ایک بلند پایہ صنف بنا دیا۔

یہ ترقی صرف شاعری تک محدود نہیں رہی۔ فورٹ ولیم کالج کے قیام نے اردو نثر کی تدوین اور ترویج میں اہم کردار ادا کیا۔ اگرچہ اس ادارے کے قیام کے پس منظر میں برطانوی نوآبادیاتی انتظامی ضروریات بھی شامل تھیں، لیکن اس کے زیرِ اثر اردو نثر کو سادگی، روانی اور نئے موضوعات سے آشنائی حاصل ہوئی۔ اسی زمانے میں صحافت نے بھی زبان کے فروغ میں نمایاں حصہ لیا۔ ’’جامِ جہاں نما‘‘ جیسے ابتدائی اخبارات نے اردو کو عوامی رابطے اور خبروں کی ترسیل کا ذریعہ بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔

اسی سلسلے میں منشی نول کشور کے مطبع کی خدمات کو فراموش نہیں کیا جا سکتا۔ لکھنؤ میں قائم اس ادارے نے اردو، فارسی اور عربی کی بے شمار کتابیں شائع کرکے برصغیر میں علمی و ادبی سرمایے کی اشاعت کو نئی وسعت دی۔ یوں اردو صرف مشاعروں اور محفلوں کی زبان نہیں رہی، بلکہ کتاب، اخبار، تعلیم اور علمی مباحث کی زبان بھی بنتی چلی گئی۔

سیاسی کشمکش اور اردو کی علمی جدوجہد

کسی زبان کی تاریخ میں بعض ادوار ایسے بھی آتے ہیں جب اسے اپنے وجود اور شناخت کے تحفظ کے لیے نئے امتحانات سے گزرنا پڑتا ہے۔ 1857ء کی جنگِ آزادی کے بعد برصغیر کا سیاسی اور تہذیبی منظرنامہ یکسر تبدیل ہونے لگا۔ برطانوی اقتدار کے استحکام کے ساتھ زبان، رسم الخط اور تعلیمی ترجیحات کے سوالات بھی شدت اختیار کرتے گئے۔ اردو اور ہندی کے درمیان اختلاف رفتہ رفتہ ایک لسانی مسئلے سے آگے بڑھ کر سماجی اور سیاسی شناخت کی کشمکش کا حصہ بن گیا۔

لسانی اعتبار سے اردو اور معیاری ہندی کی بنیادی نحوی ساخت اور روزمرہ بول چال کا بڑا حصہ مشترک ہے، تاہم ان کے رسم الخط اور اعلیٰ سطح کی لفظیات میں نمایاں فرق پیدا ہوا۔ اردو نے فارسی عربی ذخیرے سے زیادہ استفادہ کیا، جب کہ جدید معیاری ہندی نے سنسکرت الاصل الفاظ کو زیادہ جگہ دی۔ سیاسی اور تعلیمی حالات نے اس فرق کو مزید نمایاں کیا۔

اس دور میں اردو کے تحفظ اور ترقی کے لیے جن شخصیات نے علمی جدوجہد کی، ان میں سرسید احمد خان کا نام نمایاں ہے۔ وہ سمجھتے تھے کہ جدید علوم کی روشنی عام لوگوں تک پہنچانے کے لیے ضروری ہے کہ علم کو ایسی زبان میں منتقل کیا جائے جسے وہ سمجھ سکیں۔ اسی مقصد کے تحت انھوں نے سائنٹفک سوسائٹی قائم کی، جس کے ذریعے جدید علوم کی کتابوں کے اردو تراجم کا سلسلہ شروع ہوا۔

سرسید کی تحریک سے وابستہ حالی، شبلی نعمانی، ڈپٹی نذیر احمد اور محمد حسین آزاد نے اردو نثر کو نئے موضوعات، فکری وسعت اور اسلوبیاتی تنوع سے روشناس کرایا۔ حالی کی ’’مقدمہ شعر و شاعری‘‘ نے اردو تنقید کو ایک نئی فکری بنیاد فراہم کی، محمد حسین آزاد کی ’’آبِ حیات‘‘ نے اردو شاعری کی تاریخ کو ایک دل کش بیانیہ عطا کیا، شبلی نے تاریخ اور سیرت نگاری میں تحقیقی ذوق کو فروغ دیا، جب کہ ڈپٹی نذیر احمد کے ناولوں نے اردو نثر میں معاشرتی اصلاح اور قصہ نگاری کے نئے امکانات پیدا کیے۔ بعد ازاں مرزا ہادی رسوا کا ’’امراؤ جان ادا‘‘ اردو ناول کی تاریخ میں ایک اہم سنگِ میل ثابت ہوا۔

اسی عہد میں نواب محسن الملک نے اردو کے حقوق کے تحفظ کے لیے منظم کوششیں کیں۔ ان کی قیادت میں اردو ڈیفنس ایسوسی ایشن جیسی کوششوں نے زبان کے مسئلے کو ایک باقاعدہ اجتماعی تحریک کی صورت دینے میں مدد کی۔

اردو کی علمی تاریخ میں انجمنِ ترقیِ اردو کا کردار بھی نہایت اہم ہے۔ مولوی عبدالحق، جنھیں بجا طور پر ’’بابائے اردو‘‘ کہا جاتا ہے، نے اس زبان کی خدمت کے لیے اپنی زندگی وقف کر دی۔ انھوں نے نادر مخطوطات کی تلاش، لغات کی تدوین، علمی کتابوں کی اشاعت اور اردو کے تحقیقی سرمایے کو محفوظ کرنے کے لیے مسلسل جدوجہد کی۔ ان کی کوششوں سے اردو میں علمی و تحقیقی کام کو ایک مضبوط ادارہ جاتی بنیاد حاصل ہوئی۔

اسی علمی جدوجہد کا ایک روشن مظہر جامعہ عثمانیہ حیدرآباد ہے۔ اس کے قیام کا فرمان 1917ء میں جاری ہوا اور 1918ء میں اس نے باقاعدہ تعلیمی سرگرمیاں شروع کیں۔ یہ برصغیر کی پہلی یونیورسٹی تھی جس نے اعلیٰ تعلیم کے لیے اردو کو ذریعۂ تعلیم بنایا۔ طب، انجینئرنگ، قانون، سائنس اور دیگر مضامین کی تعلیم اردو میں فراہم کرنے کا تجربہ اس بات کا ثبوت تھا کہ اردو صرف ادبی اظہار ہی نہیں، جدید علمی اور سائنسی مباحث کی زبان بننے کی صلاحیت بھی رکھتی ہے۔ دارالترجمہ نے بھی اس مقصد کے لیے قابلِ قدر خدمات انجام دیں۔

تحریکِ آزادی کی آواز اور مشترکہ تہذیب کا استعارہ

اردو کی تاریخ کا ایک اہم باب تحریکِ آزادی سے بھی وابستہ ہے۔ یہ زبان صرف ادبی محفلوں میں ہی نہیں گونجی، بلکہ آزادی کے متوالوں کے نعروں، جلسوں اور انقلابی تحریروں میں بھی اس کی آواز سنائی دی۔ مولانا حسرت موہانی سے منسوب نعرہ ’’انقلاب زندہ باد‘‘ 1921ء میں سامنے آیا اور بعد میں بھگت سنگھ اور ان کے انقلابی ساتھیوں کے ذریعے پورے ملک میں مقبول ہوا۔

اسی طرح بسمل عظیم آبادی کی مشہور غزل ’’سرفروشی کی تمنا اب ہمارے دل میں ہے‘‘ نے آزادی کے متوالوں کے جذبات کو زبان عطا کی۔ اس غزل کی نسبت ایک عرصے تک رام پرساد بسمل سے بھی کی جاتی رہی، لیکن جدید تحقیقی مطالعوں نے بسمل عظیم آبادی کی اصل تخلیقی حیثیت کو واضح کیا ہے۔

اقبال کا ترانہ ’’سارے جہاں سے اچھا ہندوستاں ہمارا‘‘ بھی برصغیر کی مشترکہ تہذیبی یادداشت کا حصہ بن چکا ہے۔ یہ اس زبان کی ہمہ گیری کی ایک خوب صورت مثال ہے کہ اس میں صوفی کی محبت، شاعر کا تخیل، مفکر کا استدلال اور مجاہد کا عزم یکجا ہو جاتے ہیں۔

بیسویں صدی میں اردو افسانے اور ناول نے انسانی زندگی کے پیچیدہ مسائل کو جس فنی مہارت سے پیش کیا، اس نے اردو ادب کو عالمی سطح پر شناخت عطا کی۔ پریم چند نے دیہی زندگی، غربت اور سماجی ناانصافی کو افسانے کا موضوع بنایا، سعادت حسن منٹو نے انسانی نفسیات کے تاریک گوشوں اور سماج کے تلخ حقائق کو بے باکی سے پیش کیا، عصمت چغتائی نے خواتین کے مسائل اور معاشرتی جبر پر قلم اٹھایا، جب کہ قرۃ العین حیدر کے ناول ’’آگ کا دریا‘‘ نے تاریخ، تہذیب اور انسانی وجود کے باہمی رشتوں کو ایک وسیع فکری تناظر میں پیش کیا۔

ترقی پسند تحریک نے ادب کو سماجی شعور، انسانی مساوات اور معاشرتی تبدیلی کے مباحث سے جوڑا۔ فیض احمد فیض جیسے شاعروں نے محبت اور انقلاب کو ایک دوسرے سے ہم آہنگ کرتے ہوئے اردو شاعری کو عالمی ادبی افق پر نمایاں کیا۔ دوسری طرف قوالی، غزل گائیکی، ریڈیو اور فلمی نغموں نے اردو کی شیرینی کو ان لوگوں تک بھی پہنچایا جو اس کا رسم الخط پڑھنے سے واقف نہیں تھے۔

اقبال: اردو کو فکر کی نئی بلندی عطا کرنے والا شاعر

اردو کے اس طویل ادبی و تہذیبی سفر میں علامہ محمد اقبال کی شخصیت ایک منفرد مقام رکھتی ہے۔ وہ محض شاعر نہیں تھے، بلکہ ایک مفکر، فلسفی اور اپنے عہد کے فکری مسائل پر گہری نظر رکھنے والے دانش ور بھی تھے۔ ان کی شاعری میں فرد کی خود شناسی، ملت کی بیداری، انسانی عظمت، روحانی ارتقا اور اجتماعی زندگی کے بنیادی سوالات اس انداز میں سامنے آتے ہیں کہ شعر محض جذبات کے اظہار کے بجائے ایک فکری تحریک بن جاتا ہے۔

اقبال 9 نومبر 1877ء کو سیالکوٹ میں پیدا ہوئے۔ ان کے والد شیخ نور محمد کی روحانی طبیعت اور استاد مولانا سید میر حسن کی علمی و ادبی تربیت نے ان کی شخصیت کی تشکیل میں اہم کردار ادا کیا۔ میر حسن نے اقبال کے اندر مشرقی علوم، عربی و فارسی ادب اور اسلامی تہذیب سے گہری وابستگی پیدا کی۔ اقبال نے کم عمری ہی سے شاعری کا آغاز کر دیا تھا اور جلد ہی ان کا شمار لاہور کے ممتاز شعرا میں ہونے لگا۔ داغ دہلوی سے انھوں نے اصلاحِ سخن کے لیے رجوع کیا، لیکن ان کی شعری انفرادیت نے جلد ہی انھیں ایک الگ شناخت عطا کر دی۔

انجمنِ حمایتِ اسلام کے جلسوں میں اقبال کی نظمیں جب سنائی جاتیں تو سامعین پر ایک خاص کیفیت طاری ہو جاتی۔ ’’شکوہ‘‘، ’’جوابِ شکوہ‘‘ اور ’’ترانۂ ہندی‘‘ جیسی تخلیقات نے ان کے نام کو برصغیر کے ادبی اور فکری حلقوں میں غیر معمولی شہرت عطا کی۔

1905ء میں اعلیٰ تعلیم کے لیے انگلستان روانگی اور بعد ازاں جرمنی میں قیام نے ان کی فکر کو ایک وسیع عالمی تناظر سے روشناس کرایا۔ انھوں نے کیمبرج میں فلسفے کی تعلیم حاصل کی، لنکنز اِن سے قانون کی تعلیم مکمل کی اور میونخ یونیورسٹی سے ’’ایران میں ما بعد الطبیعیات کا ارتقا‘‘ کے موضوع پر ڈاکٹریٹ حاصل کی۔ مغرب میں قیام نے انھیں جدید فلسفے، سیاسی نظریات اور مغربی تہذیب کے مختلف پہلوؤں کو قریب سے سمجھنے کا موقع فراہم کیا۔ تاہم وہ مغرب کی ظاہری ترقی سے مرعوب ہونے کے بجائے اس کے فکری تضادات کا بھی گہرا مطالعہ کرتے رہے۔

وطن واپسی کے بعد ان کی شاعری میں ایک نیا فکری آہنگ نمایاں ہوا۔ ’’بانگِ درا‘‘، ’’بالِ جبریل‘‘ اور ’’ضربِ کلیم‘‘ جیسی اردو تصانیف نے اردو شاعری کو فلسفیانہ گہرائی، ملی شعور اور روحانی توانائی عطا کی۔ دوسری طرف ’’اسرارِ خودی‘‘، ’’رموزِ بے خودی‘‘ اور ’’پیامِ مشرق‘‘ جیسی فارسی تصانیف نے ان کے فکری نظام کو عالمی سطح پر متعارف کرایا۔ اقبال سے پہلے بھی اردو شاعری میں فکر و فلسفے کے عناصر موجود تھے، لیکن ان کے ہاں فلسفیانہ تصورات، اسلامی فکر اور شعری لطافت کا جو مربوط امتزاج ملتا ہے، وہ ان کی انفرادی شناخت بن گیا۔

اقبال کے فکری نظام کا مرکزی تصور ’’خودی‘‘ ہے۔ ان کے نزدیک خودی محض انا یا خود پسندی کا نام نہیں، بلکہ اپنی حقیقت کو پہچاننے، اپنی صلاحیتوں کو بیدار کرنے، اپنے کردار کو مضبوط بنانے اور اپنی زندگی کو ایک بلند مقصد سے وابستہ کرنے کا نام ہے۔ وہ انسان کو بے عملی، مایوسی اور احساسِ کمتری سے نکال کر حرکت، جدوجہد اور تخلیقی عمل کی طرف بلاتے ہیں۔ اسی پیغام کو انھوں نے اپنے مشہور شعر میں یوں سمویا

خودی کو کر بلند اتنا کہ ہر تقدیر سے پہلے

خدا بندے سے خود پوچھے بتا تیری رضا کیا ہے

اقبال عقل کے منکر نہیں تھے، بلکہ اسے انسانی شعور کا ایک اہم وسیلہ سمجھتے تھے۔ تاہم ان کے نزدیک محض عقل انسان کو زندگی کی تمام حقیقتوں تک نہیں پہنچا سکتی؛ عشق، وجدان اور روحانی تجربہ بھی انسانی معرفت کے لازمی عناصر ہیں۔ وہ جمود، بے عملی اور اندھی تقلید کے مخالف تھے اور اجتہاد کے ذریعے اسلامی فکر کو زندہ اور متحرک رکھنے کے حامی تھے۔ ان کا معروف مصرع ’’ستاروں سے آگے جہاں اور بھی ہیں‘‘ دراصل انسانی امکانات، مسلسل جستجو اور لامحدود ترقی کے اسی تصور کا ترجمان ہے۔

ان کے انگریزی خطبات ’’اسلام میں مذہبی افکار کی تشکیلِ نو‘‘ نے مذہب، فلسفے اور جدید علم کے درمیان تعلق پر سنجیدہ بحث کا دروازہ کھولا۔ ان خطبات میں اقبال نے اسلامی فکر کو جدید فلسفیانہ سوالات کے تناظر میں سمجھنے اور اس کی تعبیرِ نو کی ضرورت پر زور دیا۔

اقبال کی سیاسی بصیرت کا ایک اہم مظہر 1930ء کا خطبۂ الٰہ آباد ہے، جس میں انھوں نے برصغیر کے شمال مغربی مسلم اکثریتی علاقوں کو ایک سیاسی وحدت کی صورت دینے کا تصور پیش کیا۔ یہ خطاب بعد کی سیاسی تاریخ میں پاکستان کے تصور کی فکری تشکیل کے اہم مراحل میں شمار کیا جاتا ہے۔

21 اپریل 1938ء کو لاہور میں ان کا انتقال ہوا اور انھیں بادشاہی مسجد کے پہلو میں سپردِ خاک کیا گیا۔ ان کی شاعری اور فکر آج بھی مختلف زبانوں میں پڑھی، سمجھی اور ترجمہ کی جاتی ہے۔ یہی کسی عظیم مفکر کی اصل کامیابی ہے کہ اس کا کلام اپنے عہد کی سرحدوں سے آگے نکل کر آنے والی نسلوں کے لیے بھی فکر و عمل کا سرچشمہ بن جائے۔

آج کی اردو اور ہماری ذمہ داری

آج اردو ایک ایسے دور سے گزر رہی ہے جہاں اس کے سامنے امکانات بھی ہیں اور چیلنجز بھی۔ ہندوستان کے آئین کی آٹھویں فہرست میں اردو شامل ہے اور مختلف ریاستوں میں اسے سرکاری یا دوسری سرکاری زبان کا درجہ حاصل ہے، جب کہ پاکستان میں یہ قومی زبان ہے۔ دنیا کے مختلف خطوں میں اردو بولنے اور سمجھنے والی بڑی آبادیاں موجود ہیں۔ ادبی تقریبات، مشاعرے، اخبارات، رسائل، کتابیں اور ڈیجیٹل پلیٹ فارم اس کی مسلسل زندگی کی علامت ہیں۔

اس کے باوجود یہ حقیقت نظر انداز نہیں کی جا سکتی کہ ہندوستان میں اردو کو مادری زبان کے طور پر درج کرانے والوں کی تعداد اور قومی آبادی میں ان کا تناسب دونوں کم ہوئے ہیں۔ مردم شماری 2001ء میں اردو کے مادری زبان بولنے والوں کی تعداد تقریباً پانچ کروڑ پندرہ لاکھ تھی، جو 2011ء میں گھٹ کر تقریباً پانچ کروڑ آٹھ لاکھ رہ گئی۔ اسی طرح قومی آبادی میں ان کا تناسب 5.01 فیصد سے کم ہو کر 4.19 فیصد ہو گیا۔ یہ اعداد و شمار ہمیں متوجہ کرتے ہیں کہ زبان کی بقا کے لیے محض جذباتی وابستگی کافی نہیں، بلکہ اس کے لیے عملی اقدامات بھی ناگزیر ہیں۔

نئی نسل میں اردو رسم الخط سے ناواقفیت، تعلیمی اداروں میں اردو کے محدود ہوتے مواقع اور مطالعے کی کم ہوتی عادت اس کے فروغ میں رکاوٹ بن رہی ہے۔ دوسری طرف یہ بھی حقیقت ہے کہ اردو بولنے اور سمجھنے والوں کی تعداد صرف ان افراد تک محدود نہیں جنھوں نے مردم شماری میں اسے اپنی مادری زبان درج کرایا ہو۔ اس لیے اعداد و شمار کو زبان کی مکمل سماجی موجودگی کا پیمانہ نہیں سمجھنا چاہیے۔جنوبی ہند، بالخصوص حیدرآباد دکن اور اس کے اطراف میں اردو کی مضبوط ادبی، تعلیمی اور معاشرتی روایت آج بھی اس کے روشن مستقبل کی امید دلاتی ہے۔ یہ مثال واضح کرتی ہے کہ جب کسی زبان کو گھر، خاندان، تعلیمی ادارے اور معاشرتی زندگی میں جگہ ملتی ہے تو وہ اپنی شناخت برقرار رکھ سکتی ہے۔

اردو کی بقا کا راستہ صرف ماضی کے کارناموں پر فخر کرنے سے نہیں نکلے گا۔ ہمیں اپنے بچوں کو اردو پڑھنا اور لکھنا سکھانا ہوگا، گھروں میں کتابوں اور رسائل کا ماحول پیدا کرنا ہوگا، اور اردو میں جدید علوم، سائنس، فلسفے، تاریخ اور سماجی مسائل پر معیاری کتابیں تیار کرنا ہوں گی۔ جامعہ عثمانیہ کا تجربہ ہمارے سامنے موجود ہے کہ جب کسی زبان کو علم و تحقیق کا ذریعہ بنایا جاتا ہے تو اس کی علمی حیثیت بھی مستحکم ہوتی ہے۔

ڈیجیٹل دنیا نے اردو کے لیے نئے امکانات پیدا کیے ہیں۔ یونیکوڈ، ای بکس، آن لائن کتب خانے، علمی ویب سائٹس اور سوشل میڈیا کے ذریعے اردو کو نئی نسل تک پہنچایا جا سکتا ہے۔ ضرورت اس بات کی ہے کہ ہم اس زبان میں محض تفریحی مواد ہی نہیں بلکہ علمی، تحقیقی اور فکری مواد بھی تخلیق کریں۔ یہ بھی یاد رکھنا ضروری ہے کہ اردو کسی ایک مذہب، طبقے یا قوم کی جاگیر نہیں۔ پنڈت برج نارائن چکبست، فراق گورکھپوری، پریم چند، کرشن چندر، راجندر سنگھ بیدی اور دیگر غیر مسلم اہلِ قلم کی خدمات اس حقیقت کی روشن دلیل ہیں کہ اردو مختلف تہذیبوں اور معاشرتی تجربات کو اپنے دامن میں سمیٹنے والی مشترکہ زبان ہے۔ اس کی اصل خوب صورتی بھی اسی ہمہ گیری میں پوشیدہ ہے۔اردو کی داستانِ عروج دراصل ان بے شمار انسانوں کی داستان ہے جنھوں نے اپنے لفظوں، خیالوں اور تخلیقی صلاحیتوں سے اس زبان کو زندگی بخشی۔ اس میں میر کی دردمندی، غالب کی فکری گہرائی، سرسید کی اصلاحی بصیرت، حالی کی مقصدیت، شبلی کی علمی جستجو، مولوی عبدالحق کی بے لوث خدمت اور اقبال کی بلند پروازی یکجا ہو گئی ہے۔

لشکر کے پڑاؤ سے دلوں کی سلطنت تک پہنچنے والا اردو کا یہ سفر کئی صدیوں پر محیط ہے۔ اس سفر میں اس نے زمانے کے نشیب و فراز دیکھے، سیاسی کشمکش کا سامنا کیا، علمی میدانوں میں اپنی صلاحیت منوائی اور ادب کے آسمان پر ایسے نقوش چھوڑے جو کبھی مٹ نہیں سکتے۔

نو نومبر ہمیں صرف اقبال کو یاد کرنے کا موقع نہیں دیتا، بلکہ یہ دن ہمیں اپنی زبان، اپنے ادبی ورثے اور اپنی تہذیبی ذمہ داریوں پر بھی غور کرنے کی دعوت دیتا ہے۔ سوال یہ نہیں کہ اردو نے ماضی میں کیا کچھ حاصل کیا، بلکہ اصل سوال یہ ہے کہ ہم اس کے مستقبل کے لیے کیا کر رہے ہیں۔ اگر ہم واقعی اردو سے محبت کرتے ہیں تو ہمیں اسے صرف تقریروں، مشاعروں اور یادگاری دنوں تک محدود نہیں رکھنا چاہیے، بلکہ اسے اپنی روزمرہ زندگی، تعلیم، تحقیق اور تخلیقی سرگرمیوں کا حصہ بنانا ہوگا۔

آئیے، اس یومِ اردو پر عہد کریں کہ ہم اردو کو صرف ماضی کی عظمت کا حوالہ نہیں، بلکہ مستقبل کی علمی، ادبی اور تہذیبی تعمیر کا وسیلہ بنائیں گے؛ کیونکہ زبانیں صرف یاد رکھنے

شائع شدہ: پیر, 9 نومبر، 2026 | 1:38 AM IST

یہ خبر شیئر کریں

واٹس ایپفیس بکایکسٹیلیگرام