30 جمادی الاول، 1448 ہجری

گاؤں بینسی میں مرکز اہلِ حدیث نوح کا دینی پروگرام: مولانا حکیم الدین سنابلی کا اہم خطاب

معاشرتی اصلاح اور اخلاقی اقدار پر زور، گالی گلوچ سے اجتناب کی تلقین

ایک داڑھی والا شخص مائیکروفون پر بات کر رہا ہے، جبکہ دیگر لوگ فرش پر بیٹھے سن رہے ہیں۔
گاؤں بینسی میں منعقدہ دینی و اصلاحی پروگرام میں علماء کرام کے خطابات۔
اہم نکات

گاؤں بینسی میں مرکز اہلِ حدیث نوح نے 09 نومبر کو ایک دینی، اصلاحی اور دعوتی پروگرام منعقد کیا، جس میں مولانا حکیم الدین صدیق سنابلی اور مولانا عمران سنابلی نے معاشرتی اصلاح اور اخلاقیات پر خطاب کیا۔

  • پروگرام 09 نومبر کو گاؤں بینسی میں مرکز اہلِ حدیث نوح کے زیرِ اہتمام منعقد ہوا۔
  • مولانا حکیم الدین صدیق سنابلی نے رسول اللہ ﷺ کے عملی کردار پر خطاب کیا۔
  • مولانا عمران سنابلی نے گالی گلوچ کو ایک سنگین جرم قرار دیا۔
  • پروگرام میں جماعتی اتحاد اور تنظیمی استحکام پر تبادلۂ خیال ہوا۔
  • خان محمد ربانی نے پروگرام کی صدارت کی، حافظ سہیل نے نظامت کے فرائض انجام دیے۔

(نوح09نومبر(پریس ریلیز ) مرکز اہلِ حدیث نوح کے زیرِ اہتمام گاؤں بینسی میں بروز ہفتہ بعد نماز عشاء ایک دینی، اصلاحی اور دعوتی پروگرام منعقد ہوا، جس میں علماء کرام، مقامی معززین اور جماعتی احباب نے شرکت کی۔ پروگرام کے خصوصی مقرر فضیلۃ الشیخ حکیم الدین صدیق سنابلی حفظہ اللہ نے ’’معاشرے کی تشکیل میں رسول اللہ ﷺ کا عملی کردار‘‘ کے عنوان سے خطاب کرتے ہوئے سیرتِ نبوی ﷺ کی روشنی میں معاشرتی اصلاح، حسنِ اخلاق، باہمی حقوق، اخوت و محبت اور انسانی ہمدردی کے اہم پہلوؤں پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے کہا کہ ایک صالح اور مثالی معاشرے کی تشکیل کے لیے رسول اللہ ﷺ کے اسوۂ حسنہ کو انفرادی و اجتماعی زندگی میں اختیار کرنا ضروری ہے۔ معاشرتی اصلاح محض زبانی دعووں سے نہیں بلکہ عملی کردار، اخلاقی بلندی اور اسلامی تعلیمات کی پیروی سے ممکن ہے۔

مولانا عمران سنابلی حفظہ اللہ نے ’’گالی دینا ایک سنگین جرم ہے‘‘ کے موضوع پر خطاب کرتے ہوئے قرآن و سنت کی روشنی میں زبان کی حفاظت اور باہمی احترام کی اہمیت بیان کی۔ انہوں نے خصوصاً مذاق کے نام پر دوستوں اور ساتھیوں کے درمیان گالی گلوچ کو ایک قابلِ اصلاح معاشرتی برائی قرار دیا۔ پروگرام کے بعد علماء کرام، مقامی معززین اور جماعتی احباب کے درمیان جماعتی اتحاد و اتفاق، تنظیمی استحکام اور مرکز اہلِ حدیث نوح کی ترقی کے حوالے سے اہم تبادلۂ خیال ہوا۔ شرکاء نے باہمی اعتماد، اجتماعی مشاورت اور مشترکہ جدوجہد کو جماعت کی مضبوطی کے لیے ناگزیر قرار دیا، نیز مختلف علاقوں میں دعوتی و اصلاحی سرگرمیوں کو وسعت دینے اور جماعتی روابط مستحکم کرنے پر بھی غور کیا گیا۔

پروگرام کی صدارت محترم خان محمد ربانی صاحب نے کی، جبکہ مولانا نسیم محمدی صاحب کی عدم موجودگی میں حافظ سہیل نے نظامت کے فرائض انجام دیے۔ اس موقع پر مولانا عمر سنابلی، مولانا دلشاد سنابلی، میاں جی موسی ،سرپنچ سنجے خان اور گاؤں بینسی کے متعدد معززین و جماعتی احباب بھی موجود تھے۔

آخر میں مرکز اہلِ حدیث نوح کی جانب سے تمام علماء، شرکاء، منتظمین اور معاونین کا شکریہ ادا کیا گیا اور جماعتی اتحاد، دینی و دعوتی سرگرمیوں کے فروغ اور مرکز کی ترقی و استحکام کے لیے دعائیں کی گئیں۔

شائع شدہ: پیر, 9 نومبر، 2026 | 12:31 AM IST

یہ خبر شیئر کریں

واٹس ایپفیس بکایکسٹیلیگرام