5 جمادی الثانی، 1448 ہجری

”اپنائیت: محبت کا ایک سفر“ سونیا گاندھی کی خود نوشت سوانح عمر

انجینئر محمود اقبال

”اپنائیت: محبت کا ایک سفر“ سونیا گاندھی کی خود نوشت سوانح عمر
”اپنائیت: محبت کا ایک سفر“ سونیا گاندھی کی خود نوشت سوانح عمر
اہم نکات

انجینئر محمود اقبال 10نومبر2026 ء کومسز سونیا گاندھی کی خود نوشت سو انح عمری منظرِ عام پر آنے جارہی ہے۔

  • انجینئر محمود اقبال
  • 10نومبر2026 ء کومسز سونیا گاندھی کی خود نوشت سو انح عمری منظرِ عام پر آنے جارہی ہے۔
  • نام ہے”اپنائیت: محبت کا ایک سفر“یعنی، (Belonging: A Journey of Love)۔

انجینئر محمود اقبال

10نومبر2026 ء کومسز سونیا گاندھی کی خود نوشت سو انح عمری منظرِ عام پر آنے جارہی ہے۔ نام ہے”اپنائیت: محبت کا ایک سفر“یعنی، (Belonging: A Journey of Love)۔ابتداء میں خود نوشت سوانح حیات کی اشاعت”پینگوین رانڈم ہاؤس انڈیا“ (Penguin Random House India)کے ذریعہ ہونی تھی، لیکن مسودے میں بعض تبدیلیوں اور حذف و ترمیم کے معاملہ پر مصنفہ اور ناشر میں اتفاق نہ ہو سکا۔ امریکی ناشر”الفریڈ اے نوف“(Alfred A. Knopf)نے حامی بھری اورشروعات میں ایک لاکھ نسخوں کی طباعت کا اعلان کیا۔اس کے بعد ”ہارپر کولنز انڈیا“ (HarperCollins India) بھی ہندوستان بھر میں یہ کتاب شائع کرے گا۔متوقع طور پر کتاب کافی ضخیم لگتی ہے اور قریب 544 صفحات پر پھیلی ہوئی ہے۔سونیا گاندھی, 22اکٹوبر2026 ء کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم”اِنسٹا گرام“ پر پہلی مرتبہ آئیں، اور اسی دن اپنی آنے والی کتاب کی بڑے پر جوش انداز میں ویڈیو کے ذریعہ پہلی جھلک دنیا کے سامنے پیش کی۔ان کے ساتھ ان کی ہو نہار بیٹی پرینکا گاندھی بھی ویڈیو میں نظر آرہی تھیں۔ اس کتاب کی خاص اہمیت ہے کہ یہ، سونیا گاندھی کی اپنی تحریر کردہ یادداشتیں ہیں، محض کسی دوسرے مصنف کی لکھی ہوئی سوانح عمری نہیں۔ اس لئے قارئین کو ان کی ذاتی زندگی، غم و غصّہ، صدمہ، سیاسی فیصلوں اور ہندوستان میں چھ دہائیوں کے ان کے کچھ شیریں اور کچھ تلخ تجربات کے بارے میں ان کا اپنا نقطہ نظر جاننے اور سمجھنے کا موقع ملے گا۔

”دھماکہ“ یا ”تہلکہ“؟ناشر،کی تبدیلی سے عوام میں متوقعہ کتاب کو لیکرتجسّس بڑھ چکا ہے، اور عوام10 نومبر 202ء کا بے چینی سے انتظار کر رہے ہیں کہ آخر اس میں ایسا ہے کیا؟خبروں کے مطابق اختلافات میں وزیرِ اعظم نریندرمودی، آر ایس ایس اور ہندوستان کے بعض معاصر سیاسی و سماجی معاملات سے متعلق حصے بھی زیرِ بحث آئے ہوئے ہیں۔ناشر کے ایک بیان کے مطاق ابتداء میں قریب ایک لاکھ انگریزی نسخے شائع ہونے جارہے ہیں۔یقینا آگے چل کر اس کتاب کے اردو سمیت دیگر زبانوں میں بھی تراجم شائع ہوں گے۔ سونیا گاندھی اپنی زندگی کے ان واقعات اور راجیو گاندھی کے ساتھ اپنی محبت کی داستان کو اپنی نئی کتاب،”اپنائیت: محبت کا ایک سفر“ میں بیان کر رہی ہیں۔ سونیا گاندھی کی زندگی کا سب سے غیر معمولی پہلو یہ ہے کہ وہ ابتدا میں سیاست سے دور رہنے والی ایک گھریلو خاتون تھیں، لیکن نا مساعدحالات نے انہیں ہندوستان کی سیاست کے مرکز تک پہنچا دیا۔سونیا گاندھی ہندوستانی سیاست کی ایک اہم شخصیت، سابق وزیرِ اعظم راجیو گاندھی کی اہلیہ، اور انڈین نیشنل کانگریس کی سابق صدر ہیں اور موجودہ راجیہ سبھا کی معزز رکن بھی ہیں۔اس سے پہلے وہ لوک سبھا کی 2006 ء سے2024 ء تک رکن بھی رہیں۔

مستند خبروں کے مطابق ان کی سوانح عمری میں، عموماً اٹلی میں ان کا بچپن، راجیو گاندھی سے ملاقات اور شادی، ہندوستان آمد،مسز اندرا گاندھی کے ساتھ تعلقات، راجیو گاندھی کے قتل کے بعد کی زندگی اور کانگریس کی قیادت جیسے اہم موضوعات شامل ہیں۔کتاب کے منظرِ عام پر آنے کے بعد ہی ہم کچھ تبصرہ کر سکتے ہیں،ابھی قاصر ہیں۔ لیکن، اس سے پہلے سونیا جی اور نہرو۔گاندھی۔واڈرا، خاندان کا تعارف ہم مختصر الفاظ میں حاصل کرلیتے ہیں۔ سونیا جی کی ابتدائی زندگی اٹلی میں گزری، جہاں سے ان کا سفر ہندوستان تک دراز ہوا۔سونیا گاندھی کا اصل پیدائشی نام ”ایڈویج انٹونیا البینا ماینو“ (Edvige Antonia Albina Maino) ہے۔ان کی تاریخِ پیدائش9 ڈسمبر، 1946ء کی ہے۔ان کی مقامِ پیدائش،ایک دیہات”لوسیانا“(Lusiana)،”وینیتو“(Vicenza)، اٹلی ہے۔ان کے والد محترم کا نام ”اسٹیفانو ماینو“(Stefano Maino)اور والدہ ”پاؤلا ماینو“ (Paola Maino)ہیں۔سونیا جی کی دو بہنیں ہیں،جو اٹلی ہی میں مقیم ہیں۔بڑی بہن’انوشکا مائینو‘(Anushka Maino) اور چھوٹی بہن ’نادیا مائینو‘(Nadia Maino) ہیں۔کوئی بھائی نہیں ہے۔سونیا گاندھی ایک اطالوی خاندان میں پیدا ہوئیں۔ ان کے والد تعمیراتی شعبہ سے وابستہ تھے۔ ان کا بچپن اٹلی کے شہر”ٹورینو“ (Turin)کے آس پاس کے علاقوں میں گزرا۔ ان کی پرورش ایک روایتی یورپی خاندانی ماحول میں ہوئی، جہاں خاندان، تعلیم اور نظم و ضبط کو بہت اہمیت حاصل تھی۔

سونیا جی نے اپنی ابتدائی تعلیم اٹلی ہی میں حاصل کی۔ وہ ایک محنتی طالبہ سمجھی جاتی تھیں اور ان کی تعلیم میں زبانوں کو خاص اہمیت حاصل تھی۔ انہوں نے انگریزی، فرانسیسی اور روسی زبانوں کا مطالعہ کیا ہوا تھا۔ بعد ازاں 1964ء میں وہ انگریزی زبان سیکھنے کے لئے انگلستان کے شہر کیمبرج پہنچیں۔کیمبرج میں قیام کے دوران سونیا کی ملاقات راجیو گاندھی سے ہوئی، جو اس وقت وہاں تعلیم حاصل کر رہے تھے۔ راجیو، ہندوستان کی سابق وزیرِ اعظم اندرا گاندھی کے بڑے بیٹے ہیں۔دونوں کے درمیان قربت بڑھی اور انہوں نے شادی کا فیصلہ کیا۔ 25 فروری، 1968ء کو نئی دہلی میں ان کی شادی ہوئی۔ اس طرح اٹلی میں پرورش پانے والی ایک نوجوان خاتون ہندوستان کے معروف نہرو۔ گاندھی سیاسی خاندان کا حصہ بن گئیں۔شادی کے بعد سونیا گاندھی ہندوستان میں مستقل طور پر رہائش پزیر ہو گئیں۔ انہیں ایک نئی زبان، مختلف تہذیب اور بالکل مختلف معاشرتی ماحول سے ہم آہنگ ہونا پڑا۔ ابتدا میں انہوں نے زیادہ تر اپنی گھریلو زندگی پر توجہ دی اور عوامی سیاست سے دور دور رہیں۔ان کے دو بچے ہوئے،راہول گاندھی،پیدائش 1970ء اورپرینکا گاندھی واڈرا، پیدائش 1972 ء۔

سونیا گاندھی کی سیاسی زندگی کا باقاعدہ آغاز بہت بعد میں ہوا۔ 1991ء میں راجیو گاندھی کے قتل کے بعد وہ کچھ عرصہ عوامی زندگی سے دور رہیں۔ لیکن بالآخر وہ کانگریس کی قیادت سنبھالی۔ 2004ء کے عام انتخابات کے بعد وزیرِ اعظم کا عہدہ قبول نہ کیا، لیکن، ”متحدہ ترقی پسند اتحاد“ (UPA) کی قیادت کی۔سونیا گاندھی کی زندگی کئی دلچسپ، غیر معمولی اور تاریخی واقعات سے عبارت ہے۔ ایک اطالوی نوجوان لڑکی کا ہندوستان آنا، راجیو گاندھی سے محبت اور شادی، نہرو خاندان کا حصہ بننا، ذاتی صدمات کا سامنا کرنا اور پھر ہندوستانی سیاست میں ایک اہم مقام حاصل کرنا، ان کی زندگی کے نمایاں پہلو ہیں۔

آئیے،اب ہم ان کی زندگی کے چند دلچسپ واقعات پر تفصیل سے نظر ڈالتے ہیں۔1960ء کی دہائی میں سونیا مائینو، انگریزی زبان سیکھنے کے لئے انگلینڈ کے شہر کیمبرج پہنچی تھیں۔وہاں ایک یونانی ریسٹورنٹ میں ان کی ملاقات راجیو گاندھی سے ہوئی، جو اس وقت”کیمبرج یونیورسٹی“میں تعلیم حاصل کر رہے تھے۔سونیا نے اپنی پہلی ملاقات کے بارے میں بتایا تھا کہ راجیو،بہت اسمارٹ اور نرم مزاج شخصیت کے مالک تھے۔ ایک مشترکہ دوست نے دونوں کا تعارف کرایا تھا اور پھر دوستی، محبت میں بدل گئی۔یہ دلچسپ بات ہے کہ سونیا کو اٹلی کے کھانے پسند تھے اور وہ کیمبرج میں ایسے ریسٹورنٹ کی تلاش میں تھیں، جہاں انہیں اپنے پسندیدہ کھانے مل سکیں۔ اسی تلاش نے انہیں راجیو گاندھی سے ملوا دیا۔ 1966ء میں راجیو گاندھی سونیا کے آبائی شہر”اورباسانو“، اٹلی پہنچے۔وہ سونیا کے والد”اسٹیفانو مائینو“ سے ملے اور واضح الفاظ میں کہا کہ وہ ان کی بیٹی سے شادی کرنا چاہتے ہیں۔ابتدا میں سونیا کے والد اس رشتہ کے بارے میں کچھ تردد میں تھے، لیکن راجیو کے خلوص اور سنجیدگی نے انہیں متاثر کیا،اور وہ راجیو کو اپنی بیٹی سونپنے پر تیار ہوگئے۔بالآخر 25 فروری، 1968ء کو دونوں کی شادی نئی دہلی میں ہندو رسم و رواج کے مطابق ہوئی۔شادی کے بعد سونیا گاندھی نے ہندوستانی معاشرت اور تہذیب کو اپنانے کی کوشش کی۔ انہوں نے آہستہ آہستہ ہندی زبان سیکھی۔انہوں نے مغربی لباس کو ترک کیا اور ساڑھی پہننا شروع کردی۔ اپنی ساس، اندرا گاندھی کے ساتھ قریبی تعلق قائم کیا۔انکی دو اولادیں ہیں۔ را ہول گاندھی کی پیدائش 19جون1970 ء کی ہے۔جبکہ پرینکا گاندھی کی پیدائش 12 جنوری 1972ء کی ہے۔یہ دونوں بہن بھائی آج کل ہندوستانی سیاست میں بہت سرگرم ہیں۔راہول گاندھی،موجودہ لوک سبھا میں لیڈر آف اپوزیشن ہیں تو پرینکا، کانگریس کی جنرل سکریٹری کے فرائض سنبھالے ہوئے ہے۔راہول جی ابھی تک غیر شادی شدہ ہیں۔ لیکن، ان کی بہن پرینکا گاندھی نے18 فروری1997 ء کو بزنس مین”رابرٹ واڈرا“سے شادی کی تھی۔یہ شادی سونیا جی کی رہائش گاہ 10جن پتھ روڈ،نئی دہلی میں ہندو رسم و رواج کے مطابق انجام پائی تھی۔ دونوں کے ابھی تک دو بچّے ہیں۔ بیٹا، ”ریحان واڈرا“ اور ایک بیٹی”مِرایا واڈرا“۔

سونیا جی، پہلے زیادہ تر گھریلو زندگی پسند کرتی تھیں اور سیاست سے دور رہنا چاہتی تھیں۔ 1980ء میں سنجے گاندھی کی ہوائی حادثہ میں ناگہانی ہلاکت کے بعد راجیو گاندھی پر سیاست میں آنے کے لئے دباؤ بڑھتا چلا گیا تھا۔سونیا جی نہیں چاہتی تھیں کہ ان کے شوہر سیاست میں قدم رکھیں۔ ان کی خواہش تھی کہ راجیو اپنی پائلٹ کی ملازمت جاری رکھیں اور خاندان کو وقت دیں۔کئی برسوں تک راجیو گاندھی، حیدرآباد میں مقیم رہے جہاں کے ائیر فورس بیس سے وہ وابستہ تھے۔ لیکن حالات نے انہیں سیاست میں آنے پر مجبور کردیا تھا۔ 1984ء میں اندرا گاندھی کے قتل کے بعد راجیو گاندھی وزیراعظم بن گئے۔ 31 اکٹوبر،1984ء کو اندرا گاندھی اپنے ہی دو محافظوں کی گولیوں کا شکار ہوگئی تھیں۔سونیا گاندھی ان لوگوں میں شامل تھیں جو انہیں فوری طور پر اسپتال لے گئے تھے۔ رپورٹس کے مطابق اسپتال جاتے وقت اندرا گاندھی کا سر، سونیا کی گود میں تھا۔یہ واقعہ سونیا کی زندگی کا ایک انتہائی دردناک لمحہ تھا۔21مئی1991ء کے سانحہ نے سونیا گاندھی کی زندگی بدل کر رکھ دی۔راجیو گاندھی، ٹامل ناڈ کے شہر ”سری پیرمبدور“‘میں ایک انتخابی ریلی کے دوران سری لنکا کی عسکری تنظیم ”ایل ٹی ٹی ای“کی ایک دہشت گردانہ کاروائی میں خود کش حملہ وار خاتون ”دھانو“کے ذریعہ قتل کردئے گئے تھے۔نہ صرف راجیو گاندھی ہلاک ہوئے،بلکہ انکے ساتھ17 اور معصوم جانوں کا بھی خون بہا تھاور کئی دیگر افراد زخمی ہوئے تھے۔راجیو گاندھی ہندوستان کے چھٹے وزیر اعظم تھے اور انہوں نے31 اکٹوبر1984 ء سے 2 ڈسمبر1989 ء تک وزارت عظمی کے فرائض انجام دئے تھے۔

راجیو گاندھی کی آخری رسومات 24مئی،1991 ء کو نئی دہلی میں ادا کی گئی تھیں۔ان کی یاد میں دہلی میں ”ویر بھومی“ یادگار قا ئم ہے۔راجیو گاندھی اس وقت صرف46 سال کے تھے۔راجیو گاندھی کی موت کے بعد سونیا نے خود کو سیاست سے دور رکھا ہوا تھااور کئی سال تک کانگریس کی قیادت قبول کرنے سے انکار کرتی رہیں۔ راجیو گاندھی کے قتل کے بعد کانگریس کے متعدد رہنماؤں نے سونیا سے پارٹی کی قیادت سنبھالنے کی درخواست کی، لیکن وہ مسلسل انکار کرتی رہی تھیں۔بالآخر، 1997ء میں انہوں نے کانگریس کی بنیادی رکنیت حاصل کی اور اپریل، 1998ء میں پارٹی کی صدر منتخب ہوئیں۔یہ ان کی زندگی کا ایک بڑا موڑ تھا۔ 1999ء کے عام انتخابات میں سونیا گاندھی نے دو انتخابی حلقوں سے مقابلہ کیا تھا۔امیٹھی، اتر پردیش اور بیلاری، کرناٹک۔انہوں نے دونوں حلقوں سے کامیابی حاصل کی۔ بیلاری، میں انہوں نے بی جے پی کی سینئر رہنما سشما سوراج کو شکست دی تھی۔یہ ان کے سیاسی سفر کا ایک قابل ذکر واقعہ ہے۔

18 مئی 2004ء کا واقعہ ہندوستانی سیاست کی تاریخ میں خاص اہمیت رکھتا ہے۔2004ء کے عام انتخابات میں کانگریس کی کامیابی کے بعد سونیا گاندھی وزیراعظم بننے کی مضبوط امیدوار تھیں۔ کانگریس پارلیمانی پارٹی نے انہیں اپنا لیڈر بھی منتخب کر لیا تھا۔لیکن انہوں نے وزیراعظم کا عہدہ قبول کرنے سے صریح انکار کر دیا اور ڈاکٹر منموہن سنگھ کو وزیراعظم نامزد کردیا۔انہوں نے اپنے فیصلہ کی وضاحت کرتے ہوئے کہا تھا کہ”ان کی اندرونی آواز انہیں یہ عہدہ قبول کرنے کی اجازت نہیں دیتی“۔ ایک اور دلچسپ پہلو یہ بھی ہے کہ سونیا گاندھی کو ہندوستانی فن، کلاسیکی موسیقی، لوک موسیقی، دست کاری اور روایتی کپڑوں میں خصوصی دلچسپی تھی اورہے۔انہوں نے نئی دہلی کے نیشنل میوزیم سے”آئل پینٹنگز کے تحفظ“ میں ڈپلومہ بھی حاصل کیا ہوا ہے۔

ہمیں لگتا ہے کہ ”اپنائیت: محبت کا ایک سفر“کا سفر در سفر ابھی ختم نہیں ہوا ہے۔سونیا جی79سال کی ہوچکی ہیں۔اوپر والے کے کرم سے جسمانی اور دماغی طور ر چاق و چوبند بھی نظر آتی ہیں۔ لیکن پھر بھی ہندوستانی سیاست میں بہت فعّال ہیں،ساتھ ساتھ اپنے گھر کے بچے کچے کنبے کو بھی سنبھالے ہوئے ہے۔سونیا گاندھی نے ایک اچھی بہو کی طرح، ہندوستان کی زرخیز نم مٹّی کا حقِ نمک ادا کیا ہے۔راجیو گاندھی سے شادی کے بعد وہ ایک پرسکون گھریلو زندگی گزار رہی تھیں اور سال بہ سال،گاہے بہ گاہے راجیو کے ساتھ اٹلی کا سفر بھی کرتی رہتی تھیں۔ایک فرماں بر دار بیٹی کے طور پر انہوں نے اپنے والد کی موت پر1988 ء میں اٹلی کا سفر کیا تھا۔لیکن،دھیرے دھیرے حالات کو دیکھتے ہوئے انہوں نے کئی سال سے اٹلی کا سفر بھی ترک کردیا ہے۔

یہ ہمار ے ”ٹی وی سیریلز“والے طرح طرح کے ڈرامے جیسے”ساس،بہو ااور سازش“اور ”ساس بہو اوروہ“یا کچھ اور نہیں تو، ”ساس بہو اور پنگا“،جیسے بیہودہ ٹی وی سیریلز بناکر روایتی ہندوستانی گھروں کا ماحول خراب کرنے پر کیوں تْلے ہوئے ہیں؟آخر کیوں نہیں،”ساس، اور بہو ہو تو سونیا جیسی“؟ بناتے ہیں؟تاکہ کچھ عبرت حاصل ہو؟لیکن نہیں بنائینگے۔بقول مرزا غالب!

جب توقع ہی اٹھ گئی غالب

کیوں کسی کا گِلہ کرے کوئ

شائع شدہ: ہفتہ, 14 نومبر، 2026 | 10:46 PM IST

یہ خبر شیئر کریں

واٹس ایپفیس بکایکسٹیلیگرام