نئی دہلی: 14 نومبر (سیا سی منظر ) ملک کے پہلے وزیر اعظم پنڈت جواہر لعل نہرو کی 126ویں یوم پیدائش کے موقع پر دہلی پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر دیویندر یادو نے ریاستی دفتر راجیو بھون میں پنڈت نہرو کی تصویر پر گلپوشی کرکے انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔ دیویندر یادو نے صبح شانتی ون پہنچ کر بھی پنڈت جواہر لعل نہرو کی سمادھی پر پھول چڑھائے۔ پنڈت نہرو کو بچوں سے بے حد لگاؤ تھا، اسی وجہ سے 14 نومبر کو یوم اطفال (بال دیوس) کے طور پر بھی منایا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم مکمل کرنے کے بعد ہندوستان واپس آنے والے پنڈت نہرو کی 1916 میں مہاتما گاندھی جی سے ملاقات ہوئی، جس کے بعد وہ تحریک آزادی میں شامل ہوگئے اور انہیں 9 مرتبہ جیل بھی جانا پڑا۔پنڈت نہرو کو گلپوشی کرکے خراج عقیدت پیش کرنے والوں میں دیویندر یادو کے ساتھ آل انڈیا کانگریس کمیٹی کے دہلی انچارج قاضی نظام الدین، سکریٹری انچارج دانش ابرار، پردیش جنرل سکریٹری دھرم پال چندیلا، پرمود جینت، جے پرکاش، دہلی پردیش مہیلا کانگریس کی صدر پشپا سنگھ، ضلع صدور راجیش یادو اور مہندر منگلا، سابق ضلع صدر ستبیر شرما، ایس سی ڈپارٹمنٹ کے چیئرمین سنجے نیرج، نریش شرما نیتو، پنکج گپتا اور یوگیش جین خاص طور پر موجود تھے۔دیویندر یادو نے کہا کہ پنڈت نہرو نے آزادی کے بعد جس طرح ملک میں جمہوری نظام کو مستحکم کیا اور دوراندیشی کے ساتھ ہر طبقے کی ترقی، فلاح و بہبود اور مساوات کو یقینی بنانے کے لیے کام کیا، وہ قابل ذکر ہے۔ نوجوانوں کی تعلیم اور روزگار کے لیے انہوں نے جو راستے ہموار کیے، اسی کی بدولت ہندوستان دنیا میں مضبوط مقام حاصل کرسکا۔ اس کی مثال آج دنیا بھر میں ہندوستانی نوجوان اپنی تعلیمی صلاحیتوں کے بل بوتے پر اپنی قابلیت کا لوہا منوا رہے ہیں۔ آج نوجوانوں کی جو مضبوط قوت ملک اور دنیا کی ترقی میں ریڑھ کی ہڈی بنی ہوئی ہے، اس کی بنیاد پنڈت جواہر لعل نہرو نے ہندوستان کو ایک جمہوریہ ملک بناکر رکھی تھی۔دیویندر یادو نے کہا کہ پنڈت نہرو کے جمہوریت، سیکولرازم اور سائنسی سوچ کے نظریات نے ہندوستان کو ایک الگ شناخت عطا کی۔ آئین کی تشکیل کے بعد ہر شہری کو ووٹ دینے کا حق فراہم کرکے کروڑوں ملک کے باشندوں کو اپنی حکومت منتخب کرنے کا اختیار دیا گیا۔ لیکن بدقسمتی سے آج بی جے پی ووٹوں کی چوری کرکے مرکز اور ریاستوں میں بار بار اقتدار حاصل کر رہی ہے اور ووٹوں کی چوری کرنے والوں کو بچانے کے لیے چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار ہر ممکن کوشش کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے پہلے وزیر اعظم پنڈت نہرو نے پارلیمانی نظام کو مضبوط بنایا، سائنسی اداروں کی بنیاد رکھی، صنعتوں کو فروغ دیا اور تعلیم، تحقیق اور ترقی کو ترجیح دیتے ہوئے کام کیا۔
شائع شدہ: ہفتہ, 14 نومبر، 2026 | 8:21 PM IST

