5 جمادی الثانی، 1448 ہجری

نہرو کے یوم پیدائش پر کانگریس رہنماؤں کا خراج عقیدت

ملکارجن کھڑگے، سونیا گاندھی اور اشوک گہلوت نے شانتی ون میں پھول چڑھائے۔

ایک گروپ کے لوگ باہر کھڑے ہیں، ایک آدمی اپنے ہاتھوں کو جوڑ کر دعا کر رہا ہے۔
جواہر لال نہرو کے یوم پیدائش پر کانگریس کے سرکردہ رہنماؤں نے خراج عقیدت پیش کیا۔
اہم نکات

ہندوستان کے پہلے وزیر اعظم جواہر لال نہرو کے یوم پیدائش پر، کانگریس کے سرکردہ رہنماؤں بشمول ملکارجن کھڑگے، سونیا گاندھی، اور اشوک گہلوت نے دہلی میں ان کی یادگار شانتی ون پر پھول چڑھا کر خراج عقیدت پیش کیا۔

  • ملکارجن کھڑگے، سونیا گاندھی، اور اشوک گہلوت نے شانتی ون میں نہرو کو خراج عقیدت پیش کیا۔
  • کانگریس پارٹی نے اپنے آفیشل ’ایکس‘ ہینڈل پر پیغامات اور ویڈیوز جاری کیں۔
  • ملکارجن کھڑگے نے نہرو کی تقریر کی ویڈیو شیئر کی اور ان کے کردار کو سراہا۔
  • راہل گاندھی نے بچوں کے ساتھ نہرو کی تصویر شیئر کی اور ان کے وژن کو یاد کیا۔
  • پرینکا گاندھی نے نہرو کو ایک انقلابی اور دوراندیش مفکر قرار دیا۔

نئی دہلی،آج ہندوستان کے پہلے وزیر اعظم جواہر لال نہرو کا یوم پیدائش ہے۔ اس موقع پر ملک بھر میں ’یوم اطفال‘ بھی منایا جاتا ہے۔ پارلیمانی پارٹی کی چیئرپرسن سونیا گاندھی، کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے اور راجستھان کے سابق وزیر اعلیٰ اشوک گہلوت سمیت پارٹی کے کئی سرکردہ رہنماؤں نے جواہر لال نہرو کے یوم پیدائش پر ان کی یادگار ’شانتی ون‘ پر پھول چڑھا کر خراج عقیدت پیش کیا۔ کانگریس پارٹی کے آفیشل ’ایکس‘ ہینڈل پر سونیا گاندھی اور ملکارجن کھڑگے کی ویڈیوز کے ساتھ الگ الگ پیغامات جاری کیے گئے۔

پارٹی نے ملکارجن کھڑگے کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’’ملک کے پہلے وزیر اعظم پنڈت جواہر لال نہرو کے یوم پیدائش پر کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے نے ’شانتی ون‘ پہنچ کر انہیں پھولوں کا نذرانہ پیش کیا۔ آج پورا ملک جدید ہندوستان کے معمار پنڈت نہرو کو یاد کر رہا ہے۔‘‘ سونیا گاندھی کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے کانگریس نے لکھا کہ ’’ہندوستان کے پہلے وزیر اعظم پنڈت جواہر لال نہرو کے یوم پیدائش پر کانگریس پارلیمانی پارٹی کی چیئرپرسن سونیا گاندھی نے ’شانتی ون‘ پہنچ کر انہیں خراج عقیدت پیش کیا۔ اپنی دوراندیشی اور بہترین قیادت سے ملک کی ترقی میں غیر معمولی تعاون دینے والے نہرو جی ہم سب کے لیے مشعل راہ ہیں۔‘‘

کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے نے ’ایکس‘ پر جواہر لا نہرو کی تقریر کی ایک ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’’ہندوستان کی آزادی سے لے کر ایک مضبوط، جدید، جمہوری اور ترقی پسند ملک کی بنیاد رکھنے میں تاریخی کردار ادا کرنے والے ملک کے پہلے وزیر اعظم پنڈت جواہر لال نہرو کو ان کے یوم پیدائش پر خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔‘‘ ساتھ ہی انہوں نے لکھا کہ ’’آزادی کے بعد متعدد چیلنجز کے درمیان انہوں نے اپنی دوراندیش سوچ، مضبوط قیادت اور غیر متزلزل عزم کے ساتھ ہندوستان کی سماجی، سیاسی اور معاشی ترقی کو نئی سمت دی۔ جمہوریت، مساوات، سیکولرزم اور سائنسی فکر پر ان کا گہرا یقین تھا۔ انہوں نے ہمیشہ ایسے ہندوستان کا خواب دیکھا جہاں ہر شہری کو بغیر کسی امتیاز کے یکساں مواقع حاصل ہوں اور سبھی اتحاد، بھائی چارے اور قومی مفاد کے جذبے کے ساتھ آگے بڑھیں۔‘‘

اپنی ’ایکس‘ پوسٹ میں کانگریس صدر نے جواہر لال نہرو کے متعلق یہ بھی لکھا کہ ’’بچوں سے ان کی خصوصی محبت اور ان کی تعلیم و روشن مستقبل کے تئیں لگن ہمیں یاد دلاتی ہے کہ ملک کا مستقبل ہماری آنے والی نسلوں کے ہاتھوں میں ہے۔‘‘ یوم اطفال کے متعلق انہوں نے لکھا کہ ’’یوم اطفال کے موقع پر تمام بچوں کو دلی مبارکباد۔ آئیے، ہر بچے کو معیاری تعلیم، یکساں مواقع اور اپنے خوابوں کو پورا کرنے کا حق دلانے کے عزم کو مزید مضبوط کریں۔ نہرو جی کے خیالات اور اصول آج بھی ہماری رہنمائی کرتے ہیں۔‘‘

لوک سبھا میں حزب اختلاف کے قائد اور کانگریس رہنما راہل گاندھی نے ’ایکس‘ پر جواہر لال نہرو کی ایک تصویر شیئر کی جس میں وہ بچوں کے ساتھ نظر آ رہے ہیں۔ اپنی پوسٹ میں راہل گاندھی لکھتے ہیں کہ ’’ہند کے جواہر، ہندوستان کے پہلے وزیر اعظم پنڈت جواہر لال نہرو جی کے یوم پیدائش پر انہیں تہہ دل سے خراج عقیدت۔ آزادی ان کی منزل نہیں بلکہ ملک کے ایک نئے سفر کا آغاز تھی۔ سوراج ان کے نزدیک محض اقتدار نہیں، بلکہ ہر شہری کی شمولیت اور ملک کے مستقبل کی ذمہ داری تھی۔ ہندوستان ان کے لیے ایک تلاش اور ایک نظریہ تھا، جس کی طاقت تنوع، جس کا یقین جمہوریت اور جس کی بنیاد مساوات ہو۔‘‘ ساتھ ہی انہوں نے لکھا کہ ’’ایک جدید، سائنسی، ترقی پسند اور خود اعتماد ہندوستان کا ان کا خواب آج بھی ہمارے لیے مشعل راہ ہے۔ اس خواب کے ہندوستان کی تعمیر کے لیے ہماری کوشش ہی انہیں سچا خراج عقیدت ہے۔‘‘

کانگریس رکن پارلیمنٹ پرینکا گاندھی ’ایکس‘ پر لکھتی ہیں کہ ’’جواہر لال نہرو ایک منفرد شخصیت کے مالک تھے، وہ ایک انقلابی، دوراندیش مفکر اور معمار تھے۔ ان کی وفات کے 60 سال سے زائد عرصہ گزر جانے کے باوجود آج بھی وہ لوگ ان پر تنقید کرتے ہیں جو ہمارے آئین اور جمہوریت کو تباہ کرنا چاہتے ہیں۔ یہ اس بات کا ثبوت ہے کہ وہ ہندوستان سے اپنی وابستگی پر کس قدر ثابت قدم تھے۔ ہمارے ملک سے ان کی محبت ہمیشہ ہماری رہنمائی کرتی رہے۔‘‘

شائع شدہ: ہفتہ, 14 نومبر، 2026 | 11:15 AM IST

یہ خبر شیئر کریں

واٹس ایپفیس بکایکسٹیلیگرام