21 جمادی الاول، 1448 ہجری

یوپی میں بی جے پی کی تیسری حکومت، یکساں سول کوڈ نافذ ہوگا: امت شاہ

مرکزی وزیر داخلہ نے لکھنؤ میں پارٹی میٹنگ کے دوران اہم اعلان کیا۔

ایک شخص مائیکروفون کے سامنے کھڑا ہے، اس نے سفید قمیض اور نارنجی شال پہنی ہے، اور اس کا ہاتھ ہوا میں اٹھا ہوا ہے۔
مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے یوپی میں یکساں سول کوڈ کے نفاذ کا اعلان کیا۔
اہم نکات

مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے اعلان کیا ہے کہ اگر اتر پردیش میں بی جے پی مسلسل تیسری بار حکومت بنانے میں کامیاب ہوتی ہے تو ریاست میں یکساں سول کوڈ (یو سی سی) نافذ کیا جائے گا۔

  • امت شاہ نے 30 اکتوبر کو لکھنؤ میں بی جے پی کی ریاستی ورکنگ کمیٹی کی میٹنگ سے خطاب کیا۔
  • انہوں نے کہا کہ ملک کی کئی ریاستوں میں یکساں سول کوڈ نافذ ہو چکا ہے۔
  • سماجوادی پارٹی کے سربراہ اکھلیش یادو نے اس اعلان پر طنزیہ ردعمل دیا۔
  • کانگریس بھی یکساں سول کوڈ کے معاملے پر بی جے پی کو تنقید کا نشانہ بناتی رہی ہے۔
  • یکساں سول کوڈ کا مقصد شادی، طلاق، وراثت اور گود لینے جیسے معاملات میں یکساں قانونی ضابطے نافذ کرنا ہے۔

لکھنؤ:30اکتوبر،مرکزی وزیر داخلہ اور بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے سینئر رہنما امت شاہ نے اعلان کیا ہے کہ اتر پردیش میں اگر بی جے پی مسلسل تیسری بار حکومت بنانے میں کامیاب ہوتی ہے تو ریاست میں یکساں سول کوڈ (یو سی سی) نافذ کیا جائے گا۔ ان کے اس اعلان پر سماجوادی پارٹی کے سربراہ اکھلیش یادو نے طنزیہ ردعمل ظاہر کیا ہے، جب کہ کانگریس بھی یو سی سی کے معاملے پر بی جے پی کو نشانہ بناتی رہی ہے۔امت شاہ نے جمعہ کو لکھنؤ میں بی جے پی کی دو روزہ ریاستی ورکنگ کمیٹی کی میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک کی کئی ریاستوں میں یکساں سول کوڈ نافذ ہو چکا ہے اور اتر پردیش میں بھی بی جے پی کی تیسری بار حکومت بننے پر اسے نافذ کیا جائے گا۔ اس میٹنگ میں وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ، دونوں نائب وزرائے اعلیٰ کیشو پرساد موریہ اور برجیش پاٹھک، ریاستی بی جے پی صدر پنکج چودھری سمیت پارٹی کے کئی سینئر رہنما موجود تھے۔امت شاہ نے اپنے خطاب میں بی جے پی کے انتخابی وعدوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی نے جو عزم کیا ہے اسے پورا کرکے دکھایا ہے۔ انہوں نے جموں و کشمیر سے آئین کی دفعہ 370 ہٹائے جانے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ بی جے پی نے اپنے وعدے کو عملی جامہ پہنایا ہے۔ اسی طرح اتر پردیش میں بھی تیسری بار حکومت بننے پر یکساں سول کوڈ نافذ کیا جائے گا۔امت شاہ کے اس اعلان پر سماجوادی پارٹی کے سربراہ اکھلیش یادو نے طنزیہ انداز میں کہا، ’’بڑی دیر کر دی مہرباں آتے آتے۔‘‘ دوسری جانب کانگریس بھی یکساں سول کوڈ کے معاملے پر بی جے پی کو تنقید کا نشانہ بناتی رہی ہے۔ کانگریس کے جنرل سکریٹری جے رام رمیش نے گزشتہ ماہ الزام لگایا تھا کہ مودی حکومت یکساں سول کوڈ کو قانونی اصلاحات کے بجائے سماج میں تقسیم اور سیاسی توجہ ہٹانے کے لیے استعمال کر رہی ہے۔ انہوں نے یہ سوال بھی اٹھایا تھا کہ کیا دستور ساز اسمبلی نے کبھی یہ تصور کیا تھا کہ ملک کی ہر ریاست اپنا الگ یکساں سول کوڈ بنائے گی؟واضح رہے کہ یکساں سول کوڈ کا مقصد شادی، طلاق، وراثت اور گود لینے جیسے معاملات میں تمام شہریوں کے لیے یکساں قانونی ضابطے نافذ کرنا ہے۔ فی الحال ان معاملات میں مختلف مذہبی برادریوں کے پرسنل لاز بھی نافذ ہیں۔ امت شاہ کا یہ اعلان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب اتر پردیش میں 2027 کے اسمبلی انتخابات کے لیے بی جے پی نے اپنی تنظیمی سرگرمیاں تیز کر دی ہیں۔ اس اعلان کے بعد ریاست میں یکساں سول کوڈ ایک بار پھر سیاسی بحث کا اہم موضوع بن گیا ہے۔

شائع شدہ: ہفتہ, 31 اکتوبر، 2026 | 8:00 PM IST

یہ خبر شیئر کریں

واٹس ایپفیس بکایکسٹیلیگرام