26 جمادی الاول، 1448 ہجری

چاوڑی بازار عمارت حادثہ: دیویندر یادو کا متاثرین کے لیے معاوضے اور روزگار کا مطالبہ

دہلی کانگریس صدر نے چاوڑی بازار میں عمارت گرنے کے مقام کا دورہ کیا، 2 اموات پر اظہارِ افسوس۔

ایک تنگ گلی میں بہت سے لوگ چل رہے ہیں، جن میں ایک خاتون رپورٹر مائیک پکڑے ہوئے ہے۔
دہلی پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر دیویندر یادو نے چاوڑی بازار میں عمارت گرنے کے حادثے کے بعد متاثرین کے لیے معاوضے اور روزگار کا مطالبہ کیا ہے۔
اہم نکات

دہلی پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر دیویندر یادو نے چاوڑی بازار میں عمارت گرنے کے حادثے کے بعد مہلوکین کے اہل خانہ کو روزگار اور مناسب معاوضہ دینے کا مطالبہ کیا ہے، جبکہ زخمیوں کو بھی معاوضہ فراہم کرنے پر زور دیا ہے۔

  • دیویندر یادو نے چاوڑی بازار میٹرو اسٹیشن کے سامنے گلی شہتارہ والی میں منہدم عمارت کا دورہ کیا۔
  • حادثے میں 2 افراد ہلاک اور 1 زخمی ہوا۔
  • یادو نے مہلوکین کے اہل خانہ کے لیے روزگار اور مناسب معاوضے کا مطالبہ کیا۔
  • انہوں نے زخمیوں کو بھی معاوضہ فراہم کرنے کا مطالبہ کیا۔
  • دیویندر یادو نے حادثے کی غیر جانبدارانہ تحقیقات اور ذمہ داروں کے احتساب کا مطالبہ کیا۔
  • انہوں نے غیر قانونی تعمیرات میں ملوث لینٹر مافیا کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا۔

نئی دہلی:5نومبر (ایس ایم نیوز) دہلی پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر دیویندر یادو نے کہا کہ دہلی حکومت اور دہلی میونسپل کارپوریشن میں بی جے پی کے برسراقتدار آنے کے بعد راجدھانی میں ہر ماہ زیرِ تعمیر اور پرانی عمارتوں کے منہدم ہونے کے بڑھتے ہوئے واقعات بی جے پی میں پھیلی بدعنوانی کی انتہا کو بے نقاب کررہے ہیں۔دیویندر یادو نے آج چاوڑی بازار میٹرو اسٹیشن کے سامنے گلی شہتارہ والی میں تین منزلہ زیرِ تعمیر عمارت کے منہدم ہونے کے مقام کا دورہ کیا اور اس حادثے کو دل دہلا دینے والا قرار دیا۔ انہوں نے دو افراد کی موت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا، جبکہ ایک زخمی شخص کو بحفاظت باہر نکالنے اور ملبے میں دبے دیگر لوگوں کو نکالنے کے لیے این ڈی آر ایف کی ٹیم سے جلد از جلد ملبہ ہٹانے کی اپیل کی۔جائے حادثہ کے دورے کے دوران پردیش کانگریس صدر دیویندر یادو کے ساتھ ضلع صدر محمد عثمان، پردیش جنرل سکریٹری پرمود جینت، سابق ضلع صدر مرزا جاوید علی، سیما عابد، سنجے یادو، بلاک صدر منظور ملک، سیوا دل کے یوگیش جین سمیت علاقے کے کانگریسی کارکنان اور مقامی باشندے بھی موجود تھے۔دیویندر یادو نے مطالبہ کیا کہ مہلوکین کے اہل خانہ کی معاشی سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے انہیں روزگار اور مناسب معاوضہ دیا جائے، جبکہ زخمیوں کو بھی معاوضہ فراہم کیا جائے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ عمارتیں منہدم ہونے کے سابقہ واقعات میں ہلاک اور زخمی ہونے والوں کے لیے حکومت کی جانب سے اعلان کردہ معاوضے کی رقم اگر ادا کی گئی ہے تو اسے عوام کے سامنے پیش کیا جائے، کیونکہ بی جے پی صرف کارروائی کو سرکاری دستاویزات تک محدود رکھتی ہے۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ اس حادثے کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کرائی جائیں اور ذمہ داروں کی جوابدہی طے کی جائے، تاکہ مستقبل میں اس طرح کے بڑے حادثات کو روکا جاسکے۔دیویندر یادو نے جائے حادثہ کا دورہ کرنے پر وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا سے سوال کیا کہ کیا دہلی میں ہر ماہ دو سے تین عمارتیں منہدم ہونے کا سلسلہ اسی طرح جاری رہے گا؟ حکومت کی جانب سے عمارت گرنے کے بعد جونیئر انجینئر، اسسٹنٹ انجینئر یا متعلقہ افسران کو معطل کردینے سے کیا لوگوں کی اموات کا سلسلہ روکا جاسکتا ہے؟انہوں نے کہا کہ اگر وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا دہلی کے لوگوں کی جان بچانا چاہتی ہیں تو انہیں غیر قانونی تعمیرات میں سرگرم لینٹر مافیا کے خلاف کارروائی کرنی چاہیے۔

شائع شدہ: جمعہ, 6 نومبر، 2026 | 12:06 AM IST

یہ خبر شیئر کریں

واٹس ایپفیس بکایکسٹیلیگرام