2 جمادی الثانی، 1448 ہجری

نیپال-سکم خطہ میں 4.9 شدت کا زلزلہ، صبح سویرے لوگ خوفزدہ

جمعرات کی صبح آئے زلزلے سے لوگ بیدار ہوئے، فی الحال کوئی جانی نقصان نہیں.

ایک سیسموگراف پر زلزلے کی لہروں کا گراف دکھایا گیا ہے۔
نیپال-سکم خطہ میں صبح سویرے آئے زلزلے نے لوگوں کو نیند سے بیدار کر دیا۔
اہم نکات

نیپال-سکم خطہ میں جمعرات کی صبح تقریباً 4.30 بجے 4.9 شدت کا زلزلہ آیا، جس کی گہرائی زمین سے 73 کلومیٹر نیچے تھی۔ اس زلزلے کا مرکز نیپال میں 27.671 شمالی عرض البلد اور 87.987 مشرقی طول البلد پر واقع تھا۔

  • نیپال-سکم خطہ میں جمعرات کی صبح 4.30 بجے زلزلہ آیا۔
  • زلزلے کی شدت ریکٹر اسکیل پر 4.9 درج کی گئی۔
  • اس کی گہرائی زمین سے 73 کلومیٹر نیچے تھی۔
  • زلزلے کا مرکز نیپال میں 27.671 شمالی عرض البلد اور 87.987 مشرقی طول البلد پر تھا۔
  • فی الحال زلزلے سے جان و مال کے نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔
  • بدھ کی رات ہماچل پردیش کے شملہ ضلع میں بھی 3.9 شدت کا زلزلہ آیا تھا۔

نیپال-سکم خطہ میں آج صبح زلزلہ کے جھٹکوں نے سوتے ہوئے لوگوں کو نیند سے بیدار کر دیا۔ ریکٹر اسکیل پر اس زلزلہ کی شدت 4.9 درج کی گئی ہے۔ زلزلہ جمعرات کی صبح تقریباً 4.30 بجے آیا۔ اس کی گہرائی زمین سے 73 کلومیٹر نیچے بتائی جا رہی ہے۔ اس زلزلہ کا مرکز نیپال میں 27.671 شمالی عرض البلد اور 87.987 مشرقی طول البلد پر واقع تھا۔ فی الحال زلزلے سے جان و مال کے نقصان کے بارے میں کوئی واضح اطلاع سامنے نہیں آئی ہے۔

کچھ میڈیا رپورٹس میں بتایا جا رہا ہے کہ زلزلہ کا اثر مغربی سکم میں خاص طور سے دیکھنے کو ملا ہے، حالانکہ راجدھانی گنگٹوک میں یہ جھٹکے ہلکے تھے۔ نیپال-سکم خطہ میں آئے اس زلزلہ نے لوگوں میں گھبراہٹ پیدا کر دی اور کئی لوگ گھروں سے نکل کر باہر آ گئے۔

قابل ذکر ہے کہ بدھ کی رات ہماچل پردیش کے شملہ ضلع میں بھی 3.9 شدت کا زلزلہ آیا تھا، جس کے جھٹکے جوبل اور روہڑو علاقوں میں محسوس کیے گئے تھے۔ مختلف مقامات پر مسلسل زلزلوں کے سبب لوگوں میں ایک الگ طرح کا خوف دیکھنے کو مل رہا ہے۔ قومی مرکز برائے علم زلزلہ کے مطابق شملہ میں بدھ کی رات تقریباً 9.50 بجے زمین سے 10 کلومیٹر کی گہرائی میں زلزلہ آیا تھا۔ اطلاعات کے مطابق ریاستی راجدھانی سے تقریباً 90 سے 110 کلومیٹر دور واقع جوبل اور روہڑو میں چند سیکنڈ تک زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے تھے۔

زمین کی بالائی سطح کئی بڑی اور چھوٹی پلیٹوں میں تقسیم ہے۔ یہ پلیٹیں مسلسل حرکت کرتی رہتی ہیں، لیکن ان کی رفتار بہت سست ہوتی ہے۔ جب یہ پلیٹیں آپس میں ٹکراتی ہیں یا ایک دوسرے سے رگڑ کھاتی ہیں تو ان میں زبردست دباؤ اور توانائی پیدا ہوتی ہے۔ جب یہ توانائی اچانک خارج ہوتی ہے تو زمین ہلنے لگتی ہے۔ واضح رہے کہ زلزلے کی شدت ریکٹر اسکیل پر ناپی جاتی ہے۔ عام طور پر 7.0 یا اس سے زیادہ شدت کے زلزلے کو انتہائی خطرناک تصور کیا جاتا ہے، جبکہ 4.5 یا اس سے زیادہ شدت کا زلزلہ عمارتوں اور گھروں کو نقصان پہنچانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ دوسری جانب 2.0 یا اس سے کم شدت کے زلزلے کو مائیکرو زلزلہ کہا جاتا ہے، جسے بہت سے لوگ محسوس بھی نہیں کر پاتے۔

شائع شدہ: جمعرات, 12 نومبر، 2026 | 11:20 AM IST

یہ خبر شیئر کریں

واٹس ایپفیس بکایکسٹیلیگرام