2 جمادی الثانی، 1448 ہجری

جموں و کشمیر: کشتواڑ میں لاپتہ 2 پولیس اہلکاروں کی گولیوں سے چھلنی لاشیں برآمد، اسلحہ غائب

کشتواڑ ضلع میں بدھ سے لاپتہ 2 ایس پی او کی لاشیں ملنے سے سیکیورٹی ایجنسیوں میں ہلچل۔

دو مردوں کی تصویر، بائیں جانب ایک مونچھوں والا شخص اور دائیں جانب ایک ہوڈی پہنے نوجوان۔
جموں و کشمیر کے کشتواڑ ضلع میں لاپتہ ہونے والے 2 خصوصی پولیس افسران کی لاشیں برآمد ہونے کے بعد سیکیورٹی ایجنسیوں میں تشویش بڑھ گئی ہے۔
اہم نکات

جموں و کشمیر کے کشتواڑ ضلع میں 2 خصوصی پولیس افسران (ایس پی او) کی لاشیں ملی ہیں، جن کے سرکاری اسلحے جائے وقوعہ سے غائب ہیں۔ اس واقعے میں دہشت گردوں کے ملوث ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے، تاہم حکام نے ابھی تک تصدیق نہیں کی ہے۔

  • جموں و کشمیر کے کشتواڑ ضلع میں 2 خصوصی پولیس افسران کی لاشیں ملی ہیں۔
  • ہلاک ہونے والوں کی شناخت بابی چند (57) اور رشپال کمار (45) کے طور پر ہوئی ہے۔
  • دونوں ایس پی او مقامی پولیس کے اسپیشل آپریشنز گروپ (ایس او جی) میں تعینات تھے۔
  • ان کے سرکاری اسلحے جائے وقوعہ سے غائب ہیں، جس سے دہشت گردوں کے ملوث ہونے کا خدشہ ہے۔
  • پولیس اور فوج نے لاپتہ ہونے کے بعد بڑے پیمانے پر تلاشی مہم شروع کی تھی۔
  • کشتواڑ ضلع میں دہشت گردوں کی موجودگی سیکیورٹی ایجنسیوں کے لیے ایک چیلنج رہی ہے۔

جموں و کشمیر،12 نومبر،جموں و کشمیر کے کشتواڑ ضلع میں بدھ سے لاپتہ 2 خصوصی پولیس افسران (ایس پی او) کی لاشیں ملنے کے بعد سیکورٹی ایجنسیوں میں ہلچل مچ گئی ہے۔ دونوں پولیس اہلکاروں کی لاشیں گولیوں سے چھلنی حالت میں برآمد ہوئی ہیں۔ خاص بات یہ ہے کہ ان کے سرکاری اسلحے جائے وقوع سے غائب ہیں۔ اس وجہ سے واقعہ میں دہشت گردوں کے ملوث ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ حالانکہ حکام نے ابھی تک کسی دہشت گردانہ حملے کی تصدیق نہیں کی ہے۔

خبر رساں ایجنسی پی ٹی آئی کے مطابق ہلاک ہونے والوں کی شناخت 57 سالہ بابی چند اور 45 سالہ رشپال کمار کے طور پر ہوئی ہے۔ دونوں مقامی پولیس کے اسپیشل آپریشنز گروپ (ایس او جی) میں تعینات تھے۔ ان کے لاپتہ ہونے کے بعد سے ہی پولیس اور فوج نے بڑے پیمانے پر تلاشی مہم شروع کر دی تھی۔ حکام کے مطابق بابی چند اور رشپال کمار کشتواڑ کے کیار گاؤں میں مقامی پولیس کے ایس او جی کے ساتھ تعینات تھے۔ بدھ کے روز دونوں اپنے کیمپ سے دھرنا مروہ میں واقع فوج کی ایک چوکی کی طرف جا رہے تھے۔ اسی دوران وہ لاپتہ ہو گئے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ابتدا میں دونوں کے موبائل فون پر رابطہ ہو رہا تھا، لیکن کچھ وقت بعد ان کے فون بند ہو گئے۔ اس سے سیکورٹی ایجنسیوں کی تشویش بڑھ گئی اور ان کی تلاش کے لیے بڑے پیمانے پر مہم شروع کی گئی۔ تلاشی مہم کے دوران اضافی پولیس اہلکاروں اور فوجیوں کو بھی تعینات کیا گیا۔ کئی ٹیموں کو جنگلات اور دشوار گزار پہاڑی علاقوں میں بھیجا گیا۔ لاپتہ پولیس اہلکاروں کی تلاش کے لیے سیکورٹی فورسز نے کیار گاؤں کے آس پاس اور دھرنا مروہ جانے والے راستے کے ایک بڑے حصے کو تلاشی مہم کے دائرے میں شامل کیا۔ دشوار گزار جنگلات اور پہاڑی علاقوں کی نگرانی کے لیے ڈرون کی مدد لی گئی، جبکہ زمینی ٹیموں کے ساتھ کھوجی کتوں کو بھی تعینات کیا گیا۔

دونوں ایس پی او کی لاشیں ملنے کے بعد ان کے سرکاری اسلحے غائب ہونے کا معاملہ تحقیقات کا اہم حصہ بن گیا ہے۔ حکام نے بتایا کہ اسلحہ نہ ملنے سے دہشت گردوں کے ملوث ہونے کا خدشہ پیدا ہوا ہے۔ حالانکہ انہوں نے فی الحال اس واقعے کو دہشت گردانہ سرگرمی سے جوڑنے میں احتیاط برتنے کی بات کہی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ تحقیقات مکمل ہونے اور تمام حقائق سامنے آنے سے پہلے کسی نتیجے پر پہنچنا جلد بازی ہوگی۔

واضح رہے کہ کشتواڑ ضلع کے دور دراز اور گھنے جنگلات والے علاقوں میں دہشت گردوں کی موجودگی سیکورٹی ایجنسیوں کے لیے طویل عرصے سے ایک چیلنج بنی ہوئی ہے۔ یہاں سیکورٹی فورسز مسلسل دہشت گردی کے خلاف مہم چلا رہی ہیں۔ گزشتہ چند مہمات کے دوران کئی سرگرم دہشت گردوں کو ہلاک کیا جا چکا ہے، جس سے ضلع میں ان کی موجودگی کمزور ہوئی ہے۔

شائع شدہ: جمعرات, 12 نومبر، 2026 | 11:14 AM IST

یہ خبر شیئر کریں

واٹس ایپفیس بکایکسٹیلیگرام