1 جمادی الثانی، 1448 ہجری

پنجاب کا فریدکوٹ دنیا کا سب سے آلودہ شہر، عالمی فہرست میں ہندوستان کے 91 شہر شامل

ہندوستان کے کئی شہروں میں فضائی آلودگی خطرناک سطح پر، سردی کی آمد کے ساتھ صورتحال بدتر.

دھند میں لپٹا ہوا ایک منظر جس میں درخت اور عمارتیں نظر آ رہی ہیں۔
ملک میں سردی کی آمد کے ساتھ ہی فضائی آلودگی کی سطح میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔
اہم نکات

دنیا کے 100 سب سے زیادہ آلودہ شہروں کی فہرست میں ہندوستان کے 91 شہر شامل ہیں، جن میں پنجاب کا فریدکوٹ 605 اے کیو آئی کے ساتھ سب سے اوپر ہے۔ دیوالی کے بعد پٹاخوں کے دھویں اور پرالی جلانے کے واقعات فضائی آلودگی کی بڑی وجوہات ہیں۔

  • پنجاب کا فریدکوٹ 605 اے کیو آئی کے ساتھ دنیا کا سب سے زیادہ آلودہ شہر ہے۔
  • دنیا کے 100 سب سے زیادہ آلودہ شہروں میں ہندوستان کے 91 شہر شامل ہیں۔
  • دیوالی کے بعد پٹاخوں کا دھواں اور پرالی جلانا آلودگی کی اہم وجوہات ہیں۔
  • لدھیانہ میں 440 اور جالندھر میں 439 اے کیو آئی ریکارڈ کیا گیا۔
  • پنجاب میں 15 ستمبر سے 9 نومبر کے درمیان پرالی جلانے کے 4657 واقعات درج ہوئے۔
  • محکمہ صحت نے لوگوں کو ماسک پہننے کا مشورہ دیا ہے۔

نئی دہلی11نومبر(ایس ایم نیوز)ملک میں سردی کی آمد کے ساتھ ہی فضائی آلودگی کی سطح میں بھی مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ ہندوستان کے کئی شہر آلودگی کی شدید زد میں ہیں۔ صورت حال یہ ہے کہ دنیا کے 100 سب سے زیادہ آلودہ شہروں کی فہرست میں ہندوستان کے 91 شہر شامل ہو گئے ہیں، جہاں کی ہوا سانس لینے کے قابل نہیں رہ گئی ہے۔ اس دوران پنجاب کا فریدکوٹ دنیا کا سب سے زیادہ آلودہ شہر درج کیا گیا ہے۔ہوا کے معیار اور فضائی آلودگی سے متعلق معلومات فراہم کرنے والی ویب سائٹ ’اے کیو آئی ڈاٹ کام‘ کے مطابق، منگل کی شام جاری کردہ اعداد و شمار میں پنجاب کے فریدکوٹ کا اے کیو آئی 605 ریکارڈ کیا گیا۔ یہ انتہائی خطرناک زمرے میں آتا ہے۔ اس فہرست میں ہندوستان کے علاوہ پاکستان کے 3 اور چین کے 6 شہر بھی شامل ہیں۔

یہ اعداد و شمار ہندوستان کے لیے تشویش ناک ہیں۔ دیوالی کے بعد سے ملک کے کئی شہروں میں آلودگی کی سطح میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے۔ تین دن گزرنے کے باوجود ہوا میں موجود زہر کم ہونے کا نام نہیں لے رہا ہے۔ فضائی آلودگی کی بڑی وجوہات میں پٹاخوں کا دھواں اور پرالی جلانے کے واقعات کو شمار کیا جا رہا ہے، جس کے باعث پنجاب کے کئی شہروں میں بھی آلودگی بڑھ گئی ہے۔گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران لدھیانہ میں زیادہ سے زیادہ اے کیو آئی 440 اور جالندھر میں 439 ریکارڈ کیا گیا۔ وہیں منڈی گوبند گڑھ میں اے کیو آئی 392، کھنہ میں 367، پٹیالہ میں 318 اور امرتسر میں 313 درج کیا گیا۔ آلودگی کی یہ سطح صحت کے لیے انتہائی نقصان دہ سمجھی جاتی ہے۔

ملک کے پانچ سب سے زیادہ آلودہ شہروں میں فریدکوٹ 605 اے کیو آئی کے ساتھ سر فہرست رہا۔ اس کے بعد بھٹنڈہ میں 540، شری گنگا نگر میں 535، سرسا میں 526 اور حصار میں 514 اے کیو آئی ریکارڈ کیا گیا۔فضائی آلودگی میں اضافے کے باعث بزرگوں اور بچوں کو خاصی پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ محکمہ صحت نے لوگوں کو موجودہ صورت حال میں ماسک پہننے کا مشورہ دیا ہے۔ ہوا کا معیار خراب ہونے سے سانس اور دل کے مریضوں کے لیے خطرات بڑھ جاتے ہیں۔

واضح رہے کہ پنجاب میں 15 ستمبر سے 9 نومبر کے درمیان پرالی جلانے کے 4657 واقعات درج کیے گئے ہیں۔ ان میں سب سے زیادہ 659 واقعات ترن تارن میں سامنے آئے۔ اس کے بعد فیروزپور میں 621، سنگرور میں 508، بھٹنڈہ میں 412، پٹیالہ میں 299 اور لدھیانہ میں 226 واقعات ریکارڈ کیے گئے۔پرالی جلانے کے مسلسل واقعات اور دیگر ذرائع سے پیدا ہونے والی آلودگی کے باعث پنجاب سمیت ملک کے کئی علاقوں میں فضائی معیار مسلسل خراب ہو رہا ہے۔ لوگوں کو احتیاط برتنے اور خاص طور پر بچوں، بزرگوں اور سانس و دل کے مریضوں کو آلودہ ہوا سے بچانے کی ضرورت ہے۔ پنجاب کے فریدکوٹ میں فضائی الودگی نے پار کی خطرنا ک حدیں ، دنیا کے 100 سب سے زیادہ آلودہ شہروں کی فہرست میں ہندوستان کے 91 شہر شامل

شائع شدہ: بدھ, 11 نومبر، 2026 | 11:36 AM IST

یہ خبر شیئر کریں

واٹس ایپفیس بکایکسٹیلیگرام