سدھارتھ نگر 5نومبر( سلمان ہندی) ضلع کے ڈومریاگنج قصبہ واقع خیر ٹیکنیکل انٹر کالج کے گرلز سیکشن میں طالبات کی تخلیقی اور ذہنی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کے لئے یک روزہ بین الکلاس مقابلوں کا انعقاد کیا گیا۔ ان مقابلوں میں آرٹ (مصوری)، مہندی ڈیزائننگ اور بیت بازی کے مقابلے شامل تھے۔ طالبات نے مہندی کے خوبصورت اور جدید ڈیزائن بناکر اپنی روایتی اور تخلیقی مہارت کا مظاہرہ کیا۔ دوسری طرف آرٹ مقابلے میں طالبات نے داستان شجاعت اور حب الوطنی کے عنوان پر دلکش خاکے اور پینٹنگز بنائیں۔ بیت بازی کا سنسنی خیز مقابلہ ہوا، جہاں طالبات نے اردو کے بہترین اشعار پیش کرکے حاضرین سےخوب داد و تحسین وصول کی۔ اس موقع پر کالج کے ڈائریکٹر انجینئر ارشاد احمد خان نے کہا کہ تعلیم صرف کتابوں تک محدود نہیں ہے بلکہ اس طرح کی ہم نصابی سرگرمیاں طالبات کی شخصیت کو نکھارنے اور ان میں خود اعتمادی پیدا کرنے کے لئے انتہائی ضروری ہیں۔ ہم مستقبل میں بھی ایسی مثبت سرگرمیاں جاری رکھیں گے۔ مقابلے کے اختتام پر ججز کے پینل نے بہترین کارکردگی دکھانے والی طالبات کے ناموں کا اعلان کیا۔ مہندی کے مقابلے میں وظیفہ خاتون درجہ دہم (10) نے پہلا، منتشا خاتون درجہ نہم (9) نے دوسرا اور رونق فاطمہ درجہ نہم (9) نے تیسرا مقام حاصل کیا، آرٹ (مصوری) میں سارا خاتون درجہ دہم نے پہلا، رمشہ چودھری درجہ دہم نے دوسرا اور بشری درجہ نہم نے تیسرا مقام حاصل کیا۔ بیت بازی کے مقابلے میں درجہ دہم (10) کی ٹیم نے پہلی پوزیشن حاصل کرنے میں کامیاب ہوئی جبکہ درجہ نہم (9) کی ٹیم نے دوسری پوزیشن حاصل کی۔ مہمان خصوصی اور مہمان اعزازی کے بدست کامیاب طالبات کو ٹرافی، مڈل اور سرٹیفیکیٹ سے نوازا گیا اور مقابلے میں شرکت کرنے والی جملہ طالبات کو مڈل اور سرٹیفیکیٹ دے کر حوصلہ افزائی کی گئی۔ نکہت پروین ڈائریکٹر خیر ٹیکنیکل پبلک پرائمری اسکول، نازیہ فاروقی،صبا خان، محمد سلفی اور سید علی رضوی نے حکم کے فرائض انجام دئے۔اس موقع پر فیاض احمد پرنسپل، ارشاد احمد انچارج گرلز سیکشن، مینا بانو، محمد عمران بیگ،عظمت علی انصاری، عبدالسلام، سرویش شرما، وویک شریواستو، آفتاب عالم، گریجندر مشرا، راجیش کمار پانڈے، عبدالحمید، محمد عرفان و دیگر اساتذہ کرام موجود رہے۔ پروگرام کے کنوینر جمال احمد خان نے سبھی کا شکریہ ادا کیا۔
شائع شدہ: جمعرات, 5 نومبر، 2026 | 9:12 PM IST

