لیہہ: لداخ کے معروف ماحولیاتی کارکن سونم وانگچک کو 60 روزہ نقل و حرکت کی پابندیوں کا سامنا ہے۔ وانگچک نے دعویٰ کیا ہے کہ انہیں عملاً گھر میں نظر بند کردیا گیا ہے اور ان کی رہائش گاہ کے اطراف مسلح پولیس اہلکار تعینات ہیں۔ اس معاملے پر کاکروچ جنتا پارٹی (CJP) کے بانی ابھجیت دیپکے نے وانگچک کی حمایت کرتے ہوئے حکومت پر سخت تنقید کی ہے۔
ابھجیت دیپکے کا حکومت پر طنزیہ حملہ
ابھجیت دیپکے نے سونم وانگچک کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کرتے ہوئے کہا کہ ایسا لگتا ہے کہ 2029 کے انتخابات سے پہلے حکومت ہر کسی کو نظر بند کرنے، حراست میں لینے، گرفتار کرنے یا سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر پابندیاں لگانے کی تیاری کررہی ہے۔
انہوں نے وانگچک کی جدوجہد کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ وہ جنتر منتر پر احتجاج کے دوران مبینہ آمریت کے خلاف ملک کو بیدار کرنے کے لیے اپنی جان تک داؤ پر لگا چکے ہیں۔
کیا ہے پورا معاملہ؟
سونم وانگچک نے الزام لگایا ہے کہ لداخ انتظامیہ نے 11 نومبر کو بھارتیہ ناگرک سرکشا سنہتا (BNSS) کی دفعہ 163 کے تحت ان کی نقل و حرکت پر 60 روزہ پابندی عائد کی ہے۔ وانگچک کا کہنا ہے کہ پولیس کی موجودگی اور پابندیوں کے باعث انہیں عملاً گھر تک محدود کردیا گیا ہے۔
دوسری جانب انتظامیہ کا موقف ہے کہ انہیں گھر پر رہنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔ اس معاملے نے قانونی اختیارات، شہری آزادیوں اور پرامن احتجاج کے حق پر نئی بحث چھیڑ دی ہے۔
لداخ میں احتجاج، انتخابات کے انعقاد پر تنازع
لداخ میں 4 دسمبر کو ہونے والے لیہہ خودمختار پہاڑی ترقیاتی کونسل کے انتخابات کے انعقاد اور وقت کو لے کر احتجاج جاری ہے۔ مقامی رہنماؤں اور تنظیموں کا کہنا ہے کہ سخت سردی اور لوگوں کی موسمی نقل مکانی کے دوران انتخابات کرانے سے ووٹنگ متاثر ہوسکتی ہے۔
سونم وانگچک نے گزشتہ سال لیہہ میں پیش آنے والے تشدد کے واقعات کی عدالتی تحقیقاتی رپورٹ جاری کرنے میں تاخیر پر بھی سوال اٹھائے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ لداخ کے عوام کے مطالبات کو نظرانداز کیا جارہا ہے۔
شائع شدہ: پیر, 16 نومبر، 2026 | 9:43 AM IST

