نئی دہلی: بین الاقوامی کرکٹ میں ہندوستانی اثر و رسوخ برقرار رکھتے ہوئے جے شاہ کو ایک بار پھر انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کا چیئرمین منتخب کر لیا گیا ہے۔ وہ دوسری مدت کے لیے بلامقابلہ اس عہدے پر فائز ہوں گے۔ آئی سی سی نے پیر، 16 نومبر 2026 کو اس فیصلے کا باضابطہ اعلان کیا۔
آئی سی سی کے مطابق جے شاہ کی دوبارہ تقرری کی تجویز بورڈ کے ڈائریکٹرز کی جانب سے پیش کی گئی، جس کے بعد بالی میں منعقدہ بورڈ اجلاس میں ان کے نام پر اتفاق کیا گیا۔ اس فیصلے کو عالمی کرکٹ میں قیادت کے تسلسل اور کھیل کی ترقی کے لیے اہم قرار دیا جا رہا ہے۔
جے شاہ نے دوبارہ انتخاب پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے آئی سی سی بورڈ کے تمام اراکین کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ آئی سی سی کی سربراہی ان کے لیے اعزاز کے ساتھ ایک بڑی ذمہ داری بھی ہے۔ وہ دنیا بھر کے رکن ممالک کے ساتھ مل کر کرکٹ کے فروغ اور مستقبل کو مزید مستحکم بنانے کے لیے کام کرتے رہیں گے۔
انہوں نے کہا کہ کرکٹ کے لیے آنے والا وقت انتہائی اہم ہے۔ خاص طور پر 2028 میں لاس اینجلس اولمپکس میں کرکٹ کی واپسی کھیل کو نئے شائقین تک پہنچانے اور نوجوان نسل کو اس سے جوڑنے کا ایک بڑا موقع فراہم کرے گی۔
جے شاہ کی دوسری مدت ایسے وقت میں شروع ہو رہی ہے جب آئی سی سی عالمی سطح پر کرکٹ کے دائرہ کار کو وسعت دینے، خواتین کی کرکٹ کو فروغ دینے، ایسوسی ایٹ ممالک کو زیادہ مواقع فراہم کرنے اور بین الاقوامی مقابلوں کو مزید مضبوط بنانے کی حکمت عملی پر کام کر رہی ہے۔
واضح رہے کہ جے شاہ نے دسمبر 2024 میں آئی سی سی چیئرمین کا عہدہ سنبھالا تھا۔ اس سے قبل وہ ہندوستانی کرکٹ کنٹرول بورڈ (بی سی سی آئی) کے سکریٹری اور ایشین کرکٹ کونسل کے صدر بھی رہ چکے ہیں۔
ان کی دوبارہ تقرری پر انگلینڈ، نیوزی لینڈ اور زمبابوے کرکٹ بورڈ کے نمائندوں نے بھی خیرمقدم کیا ہے۔
عالمی کرکٹ کی نگاہیں اب جے شاہ کی دوسری مدت پر مرکوز ہیں، جس میں اولمپکس 2028 اور کرکٹ کی عالمی توسیع بڑے چیلنجز اور اہم ترجیحات ہوں گے۔
خبر: سیاسی منظر | اسپورٹس ڈیسک
شائع شدہ: پیر, 16 نومبر، 2026 | 12:47 PM IST

