مولانا ابوالکلام آزاد کے یومِ پیدائش پر بزمِ خواتین کا ادبی و فکری پروگرام منعقد
لکھنؤ۔(سعید ہاشمی) ہندوستان کے عظیم مجاہدِ آزادی، ممتاز ماہرِ تعلیم، دانشور اور ملک کے پہلے وزیرِ تعلیم مولانا ابوالکلام آزاد کے یومِ پیدائش کے موقع پر 15 نومبر 2026 کو زنانہ پارک، امین آباد، لکھنؤ میں بزمِ خواتین کی جانب سے ایک ادبی و فکری پروگرام کا انعقاد کیا گیا۔ پروگرام کی صدارت بزمِ خواتین کی صدر بیگم شہناز سدرَت نے کی۔
پروگرام کے دوران بیگم شہناز سدرَت کی تصانیف 'خیالات کی سیر'، 'مشکاة الاسلام' اور 'نشاط الاسلام' پر بھی گفتگو ہوئی۔ مقررین نے ان کتابوں میں پیش کیے گئے خیالات، اسلامی تعلیمات، سماجی بیداری، اخلاقی اقدار اور تعلیم کی اہمیت پر اپنے خیالات کا اظہار کیا۔
اس موقع پر مہمانِ خصوصی وشنومتی سین نے مولانا ابوالکلام آزاد کی زندگی، ان کی بے مثال شخصیت، تحریکِ آزادی میں ان کی خدمات اور تعلیمی میدان میں ان کے تاریخی کارناموں کو یاد کیا۔
آفرین صدیقی نے مولانا آزاد کی زندگی سے وابستہ کئی سبق آموز واقعات کا ذکر کیا۔ انہوں نے بتایا کہ مولانا آزاد نے بہت کم عمری میں ہی صحافت کے میدان میں اپنی شناخت قائم کر لی تھی اور اپنے اخبار 'الہلال' کے ذریعے انگریز حکومت کی پالیسیوں کے خلاف بے باکی سے آواز بلند کی۔ ان کی تحریروں میں نہ صرف آزادی کا جذبہ بلکہ ہندو مسلم اتحاد اور قومی یکجہتی کا پیغام بھی نمایاں تھا۔
انور جہاں نے مولانا آزاد کی زندگی کے اس اہم پہلو کو اجاگر کیا کہ آزاد ہندوستان کے پہلے وزیرِ تعلیم کی حیثیت سے انہوں نے تعلیم کو قوم کی تعمیر و ترقی کی بنیاد قرار دیا۔ آئی آئی ٹی اور یونیورسٹیوں میں اعلیٰ تعلیم کے فروغ کے ساتھ ساتھ سائنسی اور تکنیکی تعلیم کو آگے بڑھانے میں ان کی خدمات کو خصوصی طور پر یاد کیا گیا۔
ڈاکٹر زمانیہ نے اس بات پر زور دیا کہ مولانا آزاد کی زندگی ہمیں یہ سبق دیتی ہے کہ علم کسی ایک طبقے یا برادری کی جاگیر نہیں بلکہ پوری انسانیت کی مشترکہ میراث ہے۔ انہوں نے اپنے افکار و اعمال سے یہ پیغام دیا کہ تعلیم، باہمی بھائی چارہ، مذہبی ہم آہنگی اور انسانیت ہی ایک مضبوط قوم کی پہچان ہیں۔
پروگرام میں موجود ڈاکٹر حفصہ، شین علوی، نصرت علی جاہ، مہرالنساء اور دیگر مقررین نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے مولانا آزاد کے اصولوں اور افکار کو موجودہ سماجی حالات میں اپنانے کی ضرورت پر زور دیا۔ اس کے ساتھ ہی خواتین میں تعلیم، ادبی ذوق، فکری بیداری اور سماجی ذمہ داری کے احساس کو فروغ دینے کی اہمیت پر بھی گفتگو کی گئی۔
آخر میں صدرِ محفل بیگم شہناز سدرَت نے تمام مقررین اور شرکاء کا شکریہ ادا کیا اور تعلیم، ادب اور سماجی بیداری کے ذریعے معاشرے میں مثبت تبدیلی لانے کا پیغام دیا۔پروگرام کی نظامت نشاط حیات اللہ نے انجام دی۔
شائع شدہ: اتوار, 15 نومبر، 2026 | 9:48 PM IST

