نئی دہلی:3 نومبر(ایس ایم نیوز )اُردو اکادمی دہلی میں تعلیمی و ثقافتی مقابے جاری ہیں ۔آج صبح دس بجے بیت بازی مقابلہ برائے سیکنڈری و سینئر سیکنڈری زمرہ (نویں تا بارہویں جماعت) کے طلبہ و طالبات کے درمیان منعقد ہوا جس میں جج کی حیثیت سے معروف شاعر جناب اعجاز انصاری اور جناب احمد علوی نے شرکت کی۔مقابلے کے اختتام پر معزز جج صاحبان نے طلبہ و طالبات سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بیت بازی جیسے ادبی مقابلے بچوں میں شعر و ادب سے دلچسپی پیدا کرنے اور اردو زبان سے ان کی وابستگی مضبوط کرنے کا بہترین ذریعہ ہیں۔ انھوں نے طلبہ کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا کہ اشعار کے انتخاب اور ان کی ادائیگی میں مزید محنت کی ضرورت ہے۔ بالخصوص الفاظ کے درست تلفظ، مخارج کی ادائیگی، شعر کی روانی، لہجے کے اتار چڑھاؤ اور مناسب اندازِ قرأت پر خصوصی توجہ دی جانی چاہیے۔ انھوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ محض شعر یاد کرلینا کافی نہیں بلکہ اس کے مفہوم اور جذبے کو سمجھ کر پیش کرنا بھی ضروری ہے۔آخر میں انھوں نے تمام شرکاء کی کوششوں کو سراہا اورانھیں مطالعۂ شعر و ادب جاری رکھنے کی تلقین کی۔ ساتھ ہی اردو اکادمی، دہلی کی اس کاوش کو بھی قابلِ تحسین قرار دیا کہ اکادمی طلبہ و طالبات کو اپنی صلاحیتوں اور ادبی ذوق کے اظہار کے لیے ایک مناسب پلیٹ فارم فراہم کر رہی ہے، جس کے ذریعے وہ اپنے فن کو مزید نکھار سکتے ہیں۔جج صاحبان کے فیصلے کے مطابق اینگلو عربک سینئر سیکنڈری اسکول، اجمیری گیٹ کی ٹیم نے پہلی، سید عابد حسین سینئر سیکنڈری اسکول، جامعہ ملیہ اسلامیہ کی ٹیم نے دوسری، جب کہ ہمدرد پبلک اسکول، سنگم وہار اور شفیق میموریل سینئر سیکنڈری اسکول، باڑا ہندو راؤ کی ٹیموں نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ اس کے علاوہ رابعہ گرلز پبلک اسکول، گلی قاسم جان کی ٹیم کو حوصلہ افزائی انعام کے لیے منتخب کیا گیا۔
واضح رہے کہ اردو اکادمی، دہلی کے زیرِ اہتمام منعقد ہونے والا امنگ پینٹنگ مقابلہ جو پہلے یکم نومبر کو منعقد ہونا طے پایا تھا، اب نئی تاریخ کے مطابق 15 نومبر کو منعقد ہوگا۔
شائع شدہ: بدھ, 4 نومبر، 2026 | 10:21 AM IST

