نواب خاندان سے دل برداشتہ کانگریس پارٹی کو مشن 2024 کے لئے رامپور پارلیمانی نشست پر نئے چہرے کی تلاش
رامپور 27نومبر (ایس ایم نیوز)ملک میں پارلیمنٹ کے عام انتخابات اگلے برس مارچ اور اپریل میں متوقع ہیں لیکن اترپردیش میں آزادی کے بعد سے اپنے بد ترین دور سے گزر رہی کانگریس پارٹی نے مشن 2024 کی تیاریاں شروع کر دی ہیں ۔
اترپردیش کانگریس کمیٹی کی تشکیلِ نو میں رامپور کے کسی کانگریسی کو شامل نہیں کیا گیا ہے ۔ جس کی وجہ ضلع میں کانگریس کے علم بردار نور محل کے مکین نواب خاندان اور ان سے منسلک کانگریس کارکنان کے ذریعہ گشتہ سال ہوئے پارلیمنٹ اور اسمبلی کے ضمنی انتخابات میں کھل کر بی جے پی امیدواروں کی حمایت کرنا مانا جا رہا ہے ۔ گزشتہ دنوں کانگریس پارٹی کے قومی ترجمان ایڈوکیٹ سلیمان محمد خاں نے بھی پریس کانفرنس کے دوران مقامی کانگریسوں پر بی جے پی کی گود میں بیٹھنے کا الزام عائد کیا تھا ۔
معتبر ذرائع سے موصولہ خبروں کے مطابق کانگریس پارٹی نے رامپور پارلیمانی نشست پر امیدوار بنانے کیلئے کسی نئے چہرے کی تلاش شروع کر دی ہے ۔ جس کے بعد رامپور کے کانگریسیوں میں بے چینی پا جا رہی ہے ۔
رامپور کی سیاست جس پر کانگریس پارٹی کا دبدبہ رہا کرتا تھا اب ایک طویل عرصے سے سماجوادی پارٹی کے قدآور لیڈر محمد اعظم خاں کے زیر اثر رہی ہے ۔ بی جے پی کے اترپردیش میں بر سرِ اقتدار آنے کے بعد اعظم خاں کے خلاف تقریباً ایک سو سے زائد مقدمات قائم کیے گئے اور اس وقت وہ سیتاپور جیل میں قید و بند کی صعوبتیں برداشت کر رہے ہیں ۔ کانگریس موجودہ صورتحال کا فائدہ اٹھانے کے لئے بے تاب نظر آ رہی ہے ۔ گزشتہ دو سال سے ضلع کے سیاسی افق پر ایک نوجوان چہرہ نمودار ہوا ہے ۔ کانگریس کے قومی ترجمان ایڈوکیٹ سلیمان محمد خاں رامپور کی سیاسی فضا میں کافی متحرک نظر ہیں ۔ انہوں نے گزشتہ سال شہر اسمبلی کے ضمنی انتخاب میں ووٹنگ کے دوران انتظامیہ پر شہر کی اکثریتی آبادی کو ووٹ ڈالنے سے جبراً روکنے کا الزام عائد کرتے ہوئے سپریم کورٹ میں اس انتخاب کو چیلنج بھی کیا تھا ۔ اس کے علاوہ بھی وہ ضلع کی سیاسی و سماجی سرگرمیوں میں پیش پیش نظر آ رہے ہیں ۔
دہلی سے موصولہ خبروں پر اعتبار کیا جائے تو کانگریس پارٹی نے رامپور پارلیمانی نشست پر اپنے وقار کی بحالی کے لئے ایک نئے نوجوان چہرے پر داؤ لگانے کا فیصلہ کر لیا ہے ۔ معتبر ذرائع کے مطابق کانگریس پارٹی علیگڑھ مسلم یونیورسٹی طلباء یونین کے سابق سیکریٹری و سپریم کورٹ کے وکیل ایڈوکیٹ سلیمان محمد خاں کو رامپور پارلیمانی نشست پر امیدوار بنا سکتی ہے ۔ وہ راہل گاندھی کے قریبی لوگوں میں شمار ہوتے ہیں اور اس وقت کانگریس پارٹی کے میڈیا پینل کے بھی اہم رکن ہیں ۔
ایڈوکیٹ سلیمان محمد خاں رامپور کے ایک باوقار زمیندار گھرانے کے چشم و چراغ ہیں ۔ ان کے دادا مرحوم کرنل امتیاز علی خاں ریاست رامپور کی فوج میں باوقار عہدوں پر فائز رہے ہیں اور والد ممتاز محمد خاں فارمر کی پہچان ایک پرانے کانگریسی اور معروف سیاسی و سماجی شخصیت کی ہے ۔ اترپردیش کانگریس کے سابق جنرل سیکریٹری ارشد علی خاں گڈو ایڈوکیٹ ان کے حقیقی ماموں ہیں۔ ایڈوکیٹ سلیمان محمد خاں علیگڑھ مسلم یونیورسٹی سے لاء گریجویٹ ہیں اور یونیورسٹی طلباء یونین کے جنرل سیکریٹری کے فرائض بھی انجام دے چکے ہیں۔ اس وقت سپریم کورٹ میں وکالت کر رہے ہیں۔ سیاسی مبصرین کا خیال ہے کہ سلیمان محمد خاں مقامی باشندہ ہونے کے ساتھ ہی ان کی شہر کے معروف باوقار گھرانے سے وابستگی اور نوجوان چہرہ ہونے کے سبب عوام کا اعتماد حاصل کرنے میں کامیاب ہو سکتے ہیں ۔ اور رامپور میں کانگریس پارٹی کے سابقہ وقار کی بحالی میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں ۔