Siyasi Manzar
کھیل

انڈیا نے جنوبی افریقہ کو 243 رنز سے ہرایا

انڈیانے وراٹ کوہلی کی 49ویں سنچری کی بدولت جنوبی افریقہ کے سامنے جیت کے لیے 326 رنوں کا ہدف رکھا تھا، لیکن افریقی ٹیم 27.1 اوورس میں محض 83 رن بنا کر آؤٹ ہو گئی

کولکاتا،05نومبر(ایس ایم نیوز) انڈیا نے وراٹ کوہلی کی 49ویں سنچری کی بدولت جنوبی افریقہ کے سامنے جیت کے لیے 326 رنوں کا ہدف رکھا، اور پھر افریقی ٹیم 27.1اوورس میں محض 83 رن بنا کر آؤٹ ہو گئی۔
ٹاس ہندوستانی کپتان روہت شرما نے جیتا تھا، اور جیسا کہ امید کی جا رہی تھی، پہلے بلے بازی کرنے کا فیصلہ کیا۔ ایک بار پھر ہندوستانی کپتان شروع سے ہی جارحانہ انداز اختیار کرتے ہوئے دکھائی دیے۔ انھوں نے جنوبی افریقہ کے تیز گیندبازوں پر کچھ اس انداز میں حملہ کیا کہ ہندوستانی ٹیم کا اسکور 5 اوورس میں ہی 60 رن کے پار کر گیا۔ پھر کگیسو رباڈا کی ایک گیند کو باؤنڈری پر پہنچانے کی کوشش میں کیچ تیندا بووما کو دے بیٹھے، جو کہ بہت آسان نہیں تھا لیکن جنوبی افریقی کپتان نے کوئی غلطی نہیں کی۔ روہت شرما نے محض 24 گیندوں پر 2 چھکوں اور 6 چوکوں کی مدد سے 40 رن بنائے۔ جب وہ آؤٹ ہوئے تو ٹیم کا اسکور 5.5 اوورس میں 62 رن تھا۔
روہت شرما کی بہترین شروعات کا نتیجہ یہ ہوا کہ پہلا پاور پلے یعنی 10 اوورس ختم ہونے کے بعد ہندوستانی ٹیم کا اسکور ایک وکٹ کے نقصان پر 91 رن تھا۔ شبھمن گل اور روہت شرما دونوں بہترین بلے بازی کر رہے تھے، لیکن کیشو مہاراج کی ایک بہترین گھومتی ہوئی گیند پر بولڈ ہو گئے۔ انھوں نے 24 گیندوں پر 23 رن بنائے۔ پھر کوہلی اور شریئس ایر کے درمیان 134 رنوں کی انتہائی اہم شراکت داری ہوئی۔ شریئس نے 87 گیندوں پر 77 رنوں کا تعاون کیا۔ کے ایل راہل (8 رن) آج کچھ خاص نہیں کر سکے لیکن آخر کے کچھ اوورس میں سوریہ کمار یادو (14 گیندوں پر 22 رن) اور رویندر جڈیجہ (15 گیندوں پر ناٹ آؤٹ 29 رن) کی طوفانی اننگ نے ٹیم کو 50 اوورس میں 5 وکٹ کے نقصان پر 326 رن تک پہنچا دیا۔ برتھ ڈے بوائے وراٹ کوہلی نے 121 گیندوں پر ناٹ آؤٹ 101 رنوں کی اننگ کھیلی۔ اس سنچری کے ذریعہ انھوں نے سچن تندولکر کے وَنڈے میں سب سے زیادہ 49 سنچری کے عالمی ریکارڈ کی برابری بھی کر لی ہے۔

جنوبی افریقہ کی طرف سے صرف 2 گیندبازوں نے ہندوستانی بلے بازوں کو پریشان کیا، اور وہ ہیں کگیسو رباڈا و کیشو مہاراج۔ رباڈا نے 10 اوورس میں 48 رن دے کر 2 وکٹ لیے، جبکہ کیشو مہاراج نے 10 اوورس میں محض 30 رن دے کر 1 وکٹ لیے۔ بقیہ گیندبازوں نے فی اوور 7 رن سے زیادہ کے ریٹ سے رن لٹائے۔ سب سے مہنگے مارکو جانسن رہے جنھوں نے 9.4 اوورس میں 94 رن دے کر 1 وکٹ لیا۔ لنگی اینگیڈی نے بھی 8.2 اوورس میں 63 رن لٹا دیے اور انھیں بھی 1 وکٹ ہی حاصل ہوا۔ 1 وکٹ تبریز شمسی کو بھی ملا جنھوں نے 10 اوورس میں 72 رن دیے۔ ایڈن مارکرم واحد گیندباز رہے جنھیں وکٹ نہیں ملا، لیکن انھوں نے محض 2 اوورس ہی کیے جس میں 17 رن دیے۔
جب جنوبی افریقہ کی بلے بازی شروع ہوئی تو سبھی کی نظریں شروعاتی 5 بلے بازوں پر تھی۔ ان چاروں بلے بازوں کی ہندوستانی گیندبازوں نے بخیہ ادھیڑ دی۔ شروعات محمد سراج نے کوئنٹن ڈیکوک (5 رن) کا وکٹ لینے کے ساتھ کیا، پھر تیمبا بووما (11 رن) جڈیجہ کی بہترین اسپن گیند پر بولڈ ہو گئے، اور پھر محمد سمیع نے ایڈن مارکرم (9 رن) کو وکٹ کیپر راہل کے ہاتھوں کیچ کرا دیا۔ چوتھے اہم بلے باز ہنرک کلاسین (1 رن) کو جڈیجہ نے اور پانچویں بلے باز راسی وَنڈر ڈوسین (13 رن) کو محمد سمیع نے پویلین بھیج دیا۔ اس طرح جنوبی افریقہ کا اسکور13.1اوورس میں 5 وکٹ کے نقصان پر 40 رن ہو گیا۔ یہ وہ موقع تھا جب میچ ایک طرح سے ہندوستان کی گرفت میں آ گیا تھا۔ واحد بھروسہ مند بلے باز ڈیوڈ ملر (11 رن) بچے تھے جنھیں میچ کو آگے بڑھانا تھا، لیکن وہ بھی جڈیجہ کی گیند پر بولڈ ہو گئے اور افریقی ٹیم بیک فٹ پر چلی گئی۔ پھر مارکو جانسن (14 رن)، کیشو مہاراج (7 رن) ، کگیسو رباڈا (6 رن) اور لنگی اینگیڈی (صفر) جلدی جلدی پویلین لوٹ گئے۔ تبریز شمسی 4 رن بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ پوری ٹیم 27.1 اوورس میں 83 رن بنا کر آؤٹ ہو گئی اور ہندوستان کو 243 رنوں کی بڑی جیت حاصل ہوئی۔ہندوستان کی طرف سے گیندبازی کی بات کی جائے تو رویندر جڈیجہ نے وکٹوں کا پنجہ مارا۔ انھوں نے 9 اوورس میں 33 رن دے کر 5 وکٹ لیے۔ محمد سمیع (4 اوورس میں 18 رن) اور کلدیپ یادو (5.1اوورس میں 7 رن) کو 2-2 وکٹ ملے۔ 1 وکٹ محمد سراج (4 اوورس میں 11 رن) کو ملا۔ جسپریت بمراہ وکٹ سے محروم ضرور رہے، لیکن انھوں نے 5 اوورس میں محض 14 رن دیے اور افریقی بلے بازوں کو رن بنانے کا آسان موقع نہیں دیا۔

Related posts

World Test Championship (2023-2025) – Points Table:بنگلہ دیش نے ہندوستان کو چھوڑا پیچھے، پاکستانی ٹیم ٹاپ پر قابض

Siyasi Manzar

کرکٹ ورلڈ کپ فائنل میچ آج دوپہر دو بجے سےہوگاشروع دو عالمی چیمپئن ٹیم کے درمیان IND vs AUS Final

Siyasi Manzar

آسٹریلیا 8ویں مرتبہ ورلڈ کپ کے فائنل میں،ایک بار پھر ٹوٹ گیا جنوبی افریقہ کا دِل، 19 نومبر کو انڈیا سے ہوگا مقابلہ

Siyasi Manzar

Leave a Comment