Siyasi Manzar
Top News قومی خبریں

حرمین شریفین کی شایان شان تعمیر وتوسیع سعودی حکومت کا قابل فخر کارنامہ:عبدالحکیم مدنی

زیارت حرمین شریفین کے موقع پر مکہ ومدینہ کا خوشگوارمنظر نامہ ہمیشہ یاد رہیگا

کاندیولی/ممبئی 24مئی حرمین شریفین کی زیارت اور مکہ ومدینہ میں نماز پڑھنے اور عبادت کرنے کی سعادت ایک مسلمان کے لیے انتہائی عظیم نعمت ہے۔ الحمدللہ اللہ رب العالمین نے اپنی توفیق سے ماہ رواں میں یہ سعادت ہمارے حصے میں بھی عطا کی اور اس طریقے سے ہم بتوفیق الہی ممبئی سے جدہ اورپھر مدینہ منورہ پہنچے اور اس کے بعد مکہ مکرمہ پہنچ کر عمرہ اور زیارت کی سعادت حاصل کی۔ بڑی خوش نصیبی اور سعادت یہ رہی کہ بالکل یکسوئی کے ساتھ دونوں جگہوں پر اللہ رب العالمین کی توفیق سے عبادت کرنے کا موقع ملا۔ میرا یہ سفر کم و بیش 24 سال کے بعد ہوا تھا۔24 سال پہلے کا مدینہ منورہ اورمکۃ المکرمہ اب اپنی فلک بوس عمارتوں اور حرم نبوی اور حرم مکی کی شاہکار تعمیر اور شایان شان تطویروتوسیع سے پہچانا جاتاہے۔ جس جگہ پر 24 سال پہلے مارکیٹ ہوا کرتی تھی اور وہاں حرم کے اطراف و جوانب میں بازار سجتے تھےآج وہ جگہہیں حرمین شریفین کا حصہ ہیں اور وہاں اللہ رب العالمین کی عبادت اور اس کی بندگی کی جا رہی ہے۔ مسجد نبوی کی تعمیر و توسیع ہو یا مکۃ المکرمہ میں حرم شریف کی تعمیر و ترقی اور اس کی توسیع کا معاملہ ہو یہ دیکھ کر آنکھیں مبہوت اور حیران و ششدر رہ گئیں کہ جدید طرز تعمیراور بالکل حرمین شریفین کی شایان شان وہاں کے فرمانرواؤں نے ملک عبدالعزیز و شاہ فہد وشاہ عبداللہ رحمھم اللہ سے لے کر حالیہ حکمران شاہ سلمان حفظہ اللہ تک سب لوگوں نے اپنے خزانوں سے ایک بڑی رقم ادا کر کے اس کارخیر کو انجام دیا ہے ۔فی الوقت جو توسیع مکہ میں جاری ہے اور جسکا سلسلہ جبل عمر تک پھونچ رہا ہے، اسکے مکمل ہونے پر حرم شریف میں 25لاکھ نمازیوں کی بیک وقت عبادت کرنے کی سھولت ہوجائیگی ۔اسی طرح مدینہ منورہ میں بھی ہے،دونوں جگہوں پرشاندار عمارت ،اسلامی فن‌تعمیر کا معیاری نمونہ ،جدید طرز کی کولنگ اور دنیا کا سب سے بڑاایرکنڈیشن نظام،دنیا کاہائی پروفائل اعلی ٹیکنالوجی سے لیس مائک وساونڈ سسٹم،خوبصورت برقی جھومر اور لائٹ و روشنی کا ایسا انتظام جیسا پورا مکہ مدینہ نور میں نہایا ہواہو،زمزم کےمبارک پانی کی دونوں جگہوں پر فراہمی ،صاف صفائی کے لیے ہر پوائنٹ پر آدمی تعیینات ،بالکل چمچماتی قالینیں،فرش مخملیں اورتمام راہگذاریاں جیسے کہ ابھی ابھی فیکٹری سے لاکر لگائے گیے ہوں ۔

ہر طرف ہر میدان میں اعلی ومعیاری انتظامات وتسھیلات ،اگر سچ میں دیکھا جائے تو تاریخ میں حرمین شریفین‌کی اتنی عظیم ومہتم بالشان تعمیر وتوسیع اس سے پہلے کبھی نہ ہوئی اور یہ سلسلہ بدستور حسب ضرورت جاری وساری ہے۔ہمارا یہ سفر بالکل حج سیزن سے متصل تھا ایسا محسوس ہوا کہ اب پوری حکومتی مشنری حج کی تیاری اور دنیا کے کونے کونے سے آنے والے اللہ کے مہمانوں کی خدمت کے لئےبالکل بےتاب ہے۔چاروں طرف حرمین شریفین ،مشاعر مقدسہ میں تیاریاں پورے شباب پر ہیں ۔ اللہ تعالی سعودی گورنمنٹ کو جزائے خیرعطافرمایےجس نے حرمین‌کی خدمت میں کوئی کسر باقی نہ چھوڑی بلکہ حجاج اور زائرین کے لیے ہر طرح کی سہولیات اور تمام تر انتظامات کی فراہمی کو اپنی ذمہ داری سمجھنے کے ساتھ ا سے باعث شرف اورکارخیر سمجھتے ہوئے اللہ کی رضا اور خوشنودی کے لئے پورے دل و جان سے انجام دے رہے ہیں۔ اور اس عمل میں وہاں کے علماء ،عوام الناس، سعودی فورسز،سرکاری اور غیر سرکاری محکمے اور تمام تر ادارے پوری جدوجہد اور لگن کے ساتھ رضائے الہی کی خاطر لگے ہوئے ہیں ۔ اسی لیے ہمیشہ حکومتی اداروں کی اس بات پر توجہ ہوتی ہے کہ سعودی قیادت کی منشا کے مطابق تمام اعلی ٹیکنالوجی اور جدید وسائل اور ذرائع کو بھی استعمال میں لاتے ہوئے حجاج کرام کے لیے ہر طرح کی سہولیات فراہم کی جائیں ۔

اس حج سیزن کی کامیابی کے لئے الحمدللہ ابھی سے کام کو رفتاردےدی گئی ہے ۔اور پوری مشنری حرکت میں ہے ،حجاج کرام‌کی چاروں طرف سے آمد آمد ہے،تکبیر اور لبیک کی صدائیں ہیں اوریوں پورامکہ حج کے لیے تیار ہے ۔اور وہاں کی گورنمنٹ ہرمحاذ پر پوری ایمانداری اور تمام تر ٹیکنالوجی کے ساتھ لگی ہوئی ہے۔اللہ کرے یہ حج سیزن مکمل کامیابی سے ہمکنار ہو۔اور دنیاسے آنے والے زائرین حج کے ارکان بآسانی مکمل کریں اور وہاں نازل ہونے والی اللہ کی رحمتوں وبرکتوں سے مالامال ہوں۔بہر حال آنکھوں نے حرمین شریفین کی تعمیر وتوسیع کا قریب سے جو مشاہدہ کیااوربغوردیکھا تواب یہ کہنا بے جانہ ہوگاکہ یہ دراصل وہاں کے مخلص وبے لوث سعودی حکمرانوں کا ایک عظیم الشان قابل فخر کارنامہ ہے جسے دنیا تاقیامت یادرکھے گی۔اللہ اسے ہمیشہ شادآبادرکھے۔ زیارت حرمین کے اس عظیم موقع پر ہم سعودی وزارت برائے اسلامی امور اور ہندو ستان میں سعودی ایمبیسی کے عہدیداران بالخصوص اسکے نمائندے شیخ بدر بن ناصر عنزی کے تہ دل سے شکرگزار ہیں جنھوں نے قدم بقدم ہماری سفری کاروائیوں کو آسان بنانے میں مکمل تعاون فرمایا۔
یہ باتیں ممبئی کے معروف عالم دین شیخ الحدیث جامعہ رحمانیہ کاندیولی مولانا عبدالحکیم عبدالمعبود مدنی نے پریس ریلیز کے طور پر جاری کیں اور اللہ سے دعا کی کہ اللہ تعالی حج کے اس سیزن کو پرامن اور کامیاب ترین بنائے اور دنیا سے آنے والے تمام حجاج وزائرین کو مناسک اور ارکان حج کو امن وسکون کے ساتھ ادا کرنے کی توفیق عطا فرمائے اور حکومت سعودی عرب کی سرکاری اور غیر سرکاری عملے اورحج سے جڑےتمام اداروں کو ان کی عظیم خدمت کا دنیا اور آخرت میں بہترین بدلہ عطا فرمائے ۔آمین

Related posts

ہندوستان ایک ایسا عالمی نظام چاہتا ہے جو سب کی شمولیتی ترقی کو یقینی بنائے۔ مودی

Siyasi Manzar

دیو بیچ گیمز کے کامیاب اہتمام نے ساحل سمندر پر کھیل کود کے پرجوش مقابلوں کا سنگ بنیاد رکھا ہے: انوراگ ٹھاکر

Siyasi Manzar

مودی کے دور اقتدار میں ہندوستان نے 18 فیصد زیادہ شرح نمو کا تجربہ کیا۔ سٹڈی

Siyasi Manzar