ہمیں نیک نیتی سے کام کرنا چاہئے تبھی ہم اپنا مقصد حاصل کر سکتے ہیں: ڈاکٹر سید احمد خاں
محمدتسلیم
نئی دہلی : 14 جنوری ، مسیح الملک حکیم اجمل خاں کا یوم پیدائش 12 فروری کو ہر سال عالمی یونانی میڈیسن ڈے کے طور پر منایا جاتا ہے ۔اس کی مناسبت سے ہر سال آل انڈیا یونانی طبی کانگریس کی جانب سے ایک پروقار تقریب منعقد کی جاتی ہے ۔ سالہائے گزشتہ کی طرح اس سال بھی تنظیم کی جانب سے 12 فروری 2025 کو کانسٹی ٹیوشن کلب نئی دہلی میں تقریب منعقد ہونی ہے جس کی تیاریاں زورو شورو سے چل رہی ہیں ۔اسی سلسلہ میں آج دریا گنج میں آل انڈیا یونانی طبی کانگریس فارمیسی ونگ کی جانب سے جائزہ میٹنگ کا انعقاد کیا گیا جس کی صدارت ونگ کے قومی صدر حکیم ارباب الدین ( ایم ڈی صدر دواخانہ اور صدر لیبار ٹریز نے کی ۔ میٹنگ کا آغاز طبی کانگریس فارمیسی ونگ کے قومی جنرل سکریٹری ڈاکٹر عزیر بقائی کی تلاوت قرآن کریم سے ہوا جبکہ نظامت کے فرائض ڈاکٹر شکیل احمد نے انجام دئے۔ تقریب کی تیاریوں پر روشنی ڈالتے ہوئے حکیم نعیم رضا نے کہا کہ مسیح الملک حافظ حکیم اجمل خان نہ صرف ایک ماہر طبیب تھے بلکہ ایک بلند پایہ سیاسی رہنما، مجاہد آزادی، ماہر تعلیم اور منکسر مزاج شخصیت کے مالک تھے۔ حکیم اجمل خاں کے مقصد کو آگے بڑھاتے ہوئے طبی کانگریس کا ایک ایک رکن اپنی ذمہ داری بحسن و خوبی انجام دے رہاہے اور 12 فروری کو ہونے والے پروگرام کی تیاریاں تقریبا مکمل ہوچکی ہیں ۔ تاہم جو کمی رہ گئیں ہیں ان کو پورا کیا جارہاہے۔ انہوں نے کہاکہ تقریب میں ملک بھر کے مشہور حکیم ، اپنے اپنے تجربات اور یونانی ادویات کے فوائد لوگوں تک پہنچانےکیلئے حاضرین کے سامنے پیش کریں گے تاکہ اس پیتھی سے ہرکس و ناکس فائدہ اٹھا سکے۔ اس موقع پر طبی کانگریس کے سکریٹری جنرل ڈاکٹر سید احمد خاں نے کہاکہ کوئی بھی تنظیم ترتیب وار کام کرنے کے مقصد سے تشکیل دی جاتی ہے اور سبھی لوگوں کو کام بانٹا جاتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں نیک نیتی سے کام کرنا چاہئے تبھی ہم اپنا مقصد حاصل کر سکتے ہیں ۔ ڈاکٹر سید احمد خاں نے کہا مجھے امید ہے کہ عالمی یونانی میڈیسن ڈے کو کامیاب بنانے کیلئے آج جن لوگوں کو جو بھی ذمہ داری دی گئی ہے وہ ہمیشہ کی طرح اس بار بھی اچھے ڈھنگ سے ادا کریں گے ۔ انہوں نے مثال دیتے ہوئے کہاکہ تنظیم کے سبھی لوگوں کی محنت کی بدولت بڑے پیمانے پر تسلسل کے ساتھ مفت یونانی میڈیکل کیمپ منعقد کر پائے ہیں اور یہ سلسلہ جاری رہے گا ۔ اس موقع پر یونانی کی خدمات کے اعتراف میں حکیم ایس پی بھٹنا گر کو مومنٹو اور سرٹیفکیٹ دے کر اعزاز سے نوازا گیا ۔ایس پی بھٹنا گر نے کہاکہ طب یونانی نے ہر دور میں لوگوں کو فائدہ پہنچانے کا کام کیا ہے لیکن موجودہ دور میں حکومت کو جس رفتار سے یونانی کو فروغ دینے کیلئے کام کرنا چاہئے تھا وہ نہیں ہو پارہاہے ، جس کے لئے آل انڈیا یونانی طبی کانگریس کے سبھی ساتھی مل کر بالخصوص ڈاکٹر سید احمد خاں وقتا فوقتا حکومت کو یونانی کے مسائل کی طرف توجہ دلاتے رہتے ہیں اور خوشی کی بات ہے کہ اس کا حل بھی نکلتا ہے ۔میٹنگ میں اپنی بات رکھتے ہوئے حکیم ارباب الدین نے کہاکہ 12 فروری کو ہونے والی تقریب کی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا ہے جس کیلئے میں ڈاکٹر عزیر بقائی اور سبھی ساتھیوں کا شکریہ ادا کرتا ہو کہ وہ ہر کام مشورے کے مطابق کرتے ہیں ۔
میٹنگ کا اختتام ڈاکٹر حکیم عزیر بقائی کے اظہار تشکر سے ہوا ۔ اہم شرکا میں حکیم ارباب الدین ، حکیم سید احمد خاں ، ڈاکٹر شکیل احمد ، ڈاکٹر عزیر بقائی ، ڈاکٹر احسان احمد صدیقی ، ڈاکٹر غیاث الدین صدیقی ، ڈاکٹر مرزاآصف بیگ ، ڈاکٹر اطہر محمود ، ڈاکٹر فہیم ملک ، حکیم ایس پی بھٹنا گر ، حکیم محمد مرتضی دہلوی ، حکیم آفتاب عالم ، محمد نوشاد (اولیا) کے نام قابل ذکر ہیں۔