حج2024ءکی تیاریاں پورے شباب پر
ممبئی /کاندیولی 2 مئی ( پریس ریلیز)حج2024ء کا سیزن بالکل قریب تر آتا جا رہا ہے،پوری دنیا سے حجاج کرام اپنی روانگی کے لیے آمادہ اور تیار ہیں اور جلد ہی حجاج کرام کے قافلے ان شاءاللہ کشاں کشاں سوئے حرم روانہ ہوں گے اور ان کو حج بیت اللہ کی زیارت اور حج کے ارکان کی ادائیگی اور حرمین شریفین میں نمازوں کی ادائیگی ،اس کا ثواب اور دیگر تاریخی مقامات کی زیارت کی سعادت اور توفیق حاصل ہوگی۔ امسال رمضان المبارک میں عمرہ زائرین کی بڑھتی بھیڑکو دیکھتے ہوئے حکومت سعودی عرب نے حج کی تیاریوں پر مکمل طریقے سے اپنی توجہ مرکوز کر دی ہے اوراسکی تیاریاں پورے شباب پرہیں اورپوری آب و تاب کے ساتھ جاری و ساری ہیں اور یہ سعودی حکومت کی دیرینہ روایت رہی ہے کہ وہ حجاج کرام کی خاطر تمام تر تسھیلات اور انتظامات میں کسی قسم کی کوتاہی کو روا نہیں رکھتی ہے بلکہ ہر طرح کے اعلی اور عمدہ ترین انتظامات کو اپنی ذمہداری اور شرف وسعادت سمجھتی ہے اورہمہ وقت حاجیوں کو تمام تر سہولیات بہم پہنچا کر وہ اللہ کے ان مہمانوں کی خدمت سے رضائے الہی کی طلبگاررہتی ہے۔ سعودی روزنامہ "اخبار الوطن” کے مطابق امسال حج سیزن کے لئے تمام سعودی سرکاری اداروں اور نجی شعبوں نے اللہ کےان معزز مہمانوں کے استقبال کی خاطر اپنے آپریشنل پلان کی پوری تیاریاں شروع کر دی ہیں، جس کے لئے28 سرکاری ادارے ان مہمانوں کی آمد سے پہلے مکمل سہولیات اور خدمات فراہمی اور تمام ترتیاریوں کو یقینی اور حتمی بنانے پرپوری تندہی سے کام پر جٹ گئےہیں۔ گزشتہ رمضان کو عمرہ اور زائرین کی کثیر تعداد اور جم غفیر کو دیکھتے ہوئے وزارت حج کے 3500 افراد صرف ان کی آمد و رفت اور سفر کی خدمات کی پیروی کے لئے مامور کر دئے گئے ہیں، چونکہ رمضان میں معتمرین اور زائرین کی ایک بہت بڑی تعداد مکہ اور مدینہ میں حاضر ہوئی تھی اور حرمین کی زیارت سے وہ شرفیاب ہوئے اوریہ تعداد عام سالوں کے مقابلے میں کافی حد تک زیادہ تھی۔رپورٹ ہے کہ گذشتہ سال 30ملین سے زائد مصلیان نے صرف مسجد نبوی میں نماز ادا کی اور19 ملین سے زائد لوگوں نے پچھلے دو سالوں میں ریاض الجنہ میں داخلے کی سعادت حاصل کی۔ اس لئے پچھلے ریکارڈ کو دیکھتے ہوئے امسال حج سیزن میں حجاج کی ایک بڑی تعداد کی توقع ہے جس کی بنیاد پر سعودی وزارت حج ،منسٹری آف اسلامک افیئرز اور سعودی فورسز، پولیس اہلکاران، وزارت صحت کے مختلف عمال اور موظفین، ٹریفک اور دیگر سہولتوں کے لیے دیگر پولیس اہلکاران اور ذمہ داران اور اس کے علاوہ قدم قدم پر حجاج کی نگرانی اور ان کو تمام تر سہولیات بہم پہنچانے کے لیے مختلف رضاکاران افراد کی ٹیم مکمل طریقے سے تیاری میں جٹ چکی ہیں اور یہ لوگ پہلے سے ہی ہر طرح کے انتظامات اور سہولیات اور تمام تر حجاج کرام کی آمد و رفت اور نقل و حمل کی تیاریوں کو مدنظر رکھتے ہوئے ہر طرح سے جنگی پیمانے پرکام کی تکمیل اور انتظامات مکمل کرنے پر لگے ہوئے ہیں۔
چونکہ اندرون ملک اور بیرون ملک ہر طرف سے حجاج وزائرین کی آمد ہوتی ہے اس لیے جو میقات مقرر ہیں اور جہاں سے حاجیوں کا گزر ہوتا ہے ان تمام جگہوں پر بھی تیاریاں مکمل طریقے سے چل رہی ہیں۔ سعودی روزنامے” الوطن” کے مطابق مکہ اور مدینہ میں مختلف مراکز صحت اور ہسپتالوں کو تیاری کا حکم دیا جا چکا ہے اور حج ہاؤسنگ اور ہوٹلز وغیرہ کی ترتیبات مکمل طریقے سے چل رہی ہیں. اسی طریقے سے ایئرپورٹ، کنٹرول روم، ایمرجنسی سروسز،موٹر سروسز اور دیگر تمام تر سروسز کو مکمل طریقے سے بحال کرنے کے انتظامات کیے جا رہے ہیں تاکہ حجاج وزائرین کی آمد سے پہلے مکہ ومدینہ کی مبارک سرزمین میں انکے لیے پوری سہولیات کے ساتھ سب تیاریاں مکمل ہوں ۔حجاج کرام اوراللہ کے ان مہمانوں کے لئے اسقدربے لوث خدمات اور ہرطرح کے انتظامات تسھیلات پر سعودی حکومت ، اسکے سربراہ اعلی شاہ سلمان/ حفظہ الله اورانکے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان آل سعود/ایدہ الله اور وزارت حج ،وزارت برایے اسلامی امور اوردیگر تمام تر محکمہ جات اورسرکاری ونجی ادارے قابل ستائش اورلائق تعریف ہیں ۔الله کرے انکی روشن خدمات کا یہ سلسلہ ہمیشہ جاری وساری رہے کیونکہ اس طرح کے انتظامات تاریخ میں کبھی حاجیوں کے لیے کسی بھی دور میں ممکن نہ ہوسکیں اوریہ سب اللہ کے فضل کے بعد سعودی حکومت اور اسکے سربراہان کا خلوص اور انکی فکرمندی کانتیجہ ہے جسکی جتنی ستائش کی جائے کم ہے۔یہ باتیں ممبئی کے معروف عالم دین اور جامعہ رحمانیہ کاندیولی کے شیخ الحدیث مولانا عبدالحکیم عبدالمعبودصاحب مدنی نے پریس ریلیز کےطور جاری کیں اور اللہ سے دعا کی کہ حج کا یہ آنے والاسیزن پوری دنیا سے آنے والے تمام حجاج کے لیے قابل آسائش اور باعث سعادت ہو اور پوری سہولیات اور آسانیوں کا فائدہ اٹھاتے ہوئے تمام حجاج اور زائرین اپنے ارکان کو مکمل کریں اور اپنے اپنے وطن بخیروخوبی، امن اور اطمینان کے ساتھ واپس پہنچیں۔اورتمام تر انتظامات اورتسھیلات پراللہ رب العالمین سعودی حکومت کو ان کی خدمات کا بہترین صلہ عطا فرمائے اور انہیں بہتر سے بہتر انتظامات کی سعادت اور توفیق بخشے اور حج کا یہ سیزن پوری کامیابی اور مکمل طریقے سے بآسانی امن اور امان کی حالت میں اختتام پذیر ہو۔۔آمین یارب العالمین ۔