غازی آباد ، 12 نومبر(ایس ایم نیوز)سماجوادی پارٹی کے سینئرلیڈر شیوپال سنگھ یادو نے 2027 کے یوپی اسمبلی انتخاب کے حوالے سے ایک بڑا بیان دیا ہے۔ غازی آباد کی ڈاسنا جیل میں اعظم خان سے ملاقات کے بعد شیوپال یادو نے بتایا کہ اعظم خان نے ان سے کہا کہ ’حکومت بنائیے‘۔ شیوپال یادو کے مطابق اترپردیش میں ماحول مکمل طور سے بی جے پی کے خلاف ہے۔ اس ملاقات کے بعد انہوں نے اعظم خان کے ساتھ جیل میں ہو رہے سلوک پر بھی سوال اٹھایا۔ شیوپال یادو دہلی واقع ’یوپی سدن‘ سے روانہ ہو کر ڈاسنا جل پہنچے تھے، یہاں انہوں نے اعظم خان سے ملاقات کی۔
جیل سے باہر آنے کے بعد میڈیا کے سامنے شیوپال یادو نے اعظم خان کی حالت، ان کے مقدموں اور ملاقات کے نظام کے حوالے سے اپنی بات رکھی۔ انہوں نے بتایا کہ اعظم خان سے جالی لگا کر ملاقات کرائی گئی۔ ان کے مطابق یہ جیل کے پروٹوکول کی خلاف ورزی ہے۔ اعظم خان 4 بار وزیر اور 2 بار رکن پارلیمنٹ رہ چکے ہیں، اس کے باوجود ان کے ساتھ ایسا سلوک کیا جا رہا ہے۔ حکومت اعظم خان کو مسلسل ہراساں کر رہی ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ریاست میں سماجوادی پارٹی کی حکومت بنتی ہے تو جیل میں جالی لگار ملاقات کرنے کے نظام کو مکمل طور پر ختم کر دیا جائے گا۔
شیوپال یادو نے کہا کہ اعظم خان مضبوطی سے کھڑے ہیں اور ہمیشہ سماجوادی پارٹی میں ہی رہیں گے۔ ان کے مطابق اعظم خان نے ان سے کہا کہ ’2027 میں حکومت بنائیے‘۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ اعظم خان جیل سے باہر آنے کے بعد پورے جوش و خروش کے ساتھ سماجوادی پارٹی کے لیے انتخابی مہم چلائیں گے۔ انہیں یقین ہے کہ عدالت سے اعظم خان کو انصاف ملے گا۔ اعظم خان کے خلاف چل رہے مقدموں پر بات کرتے ہوئے شیوپال یادو نے کہا کہ ان کے کئی معاملے ختم ہو چکے ہیں۔ بقیہ معاملے میں کارروائی میں تاخیر ہو رہی ہے۔
شائع شدہ: جمعرات, 12 نومبر، 2026 | 6:05 PM IST

