ممکنہ معاہدہ: حماس نے 34 یرغمالیوں کی اسرائیلی فہرست سے اتفاق کرلیا
غزہ،06 جنوری (ایجنسیاں)غزہ میں گزشتہ 3 دن میں اسرائیلی فورسز کی بم باری کے نتیجے میں تقریباً 200 فلسطینی شہید ہو چکے ہیں۔عرب میڈیا کے مطابق اسرائیلی فورسز نے رفح اور بریج میں فضائی حملے کیے جن میں 7 فلسطینی شہید ہوئے۔غزہ کے شمال میں الشیخ رضوان پول کے قریب ایک عمارت پر اسرائیلی حملے میں 4 فلسطینی شہید ہو گئے۔بے گھر فلسطینی خون جماتی ٹھنڈ میں خیموں میں رہنے پر مجبور ہیں، ہائپوتھرمیا کے باعث اب تک 8 بچے جاں بحق ہو چکے ہیں۔دوسری جانب قطر میں غزہ جنگ بندی معاہدے کے مذاکرات میں اسرائیل کی دی گئی 34 یرغمالیوں کی فہرست کی حماس کی طرف سے منظوری دے دی گئی ہے۔حماس کا کہنا ہے کوئی بھی معاہدہ اسرائیلی فوج کے انخلاء اور جنگ بندی پر منحصر ہو گا۔دوسری جانب امریکی اور عرب ثالث اس وقت غزہ میں جنگ بندی کے معاہدے تک پہنچنے کے لیے اپنی کوششیں تیز کر رہے ہیں۔ اس تناظر میں حماس کے ایک عہدیدار نے رائٹرز کو بتایا کہ حماس نے اسرائیل کی طرف سے پیش کی گئی 34 یرغمالیوں کی ایک فہرست پر اتفاق کرلیا ہے تاکہ ممکنہ جنگ بندی معاہدے کے حصے کے طور پر ان یر غمالیوں کا فلسطینی قیدیوں کے بدلے تبادلہ کیا جا سکے۔ حماس کے عہدیدار نے معاملے کی حساسیت کے پیش نظر نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر یہ بھی بتایا کہ کوئی بھی معاہدہ غزہ سے اسرائیلی انخلا اور مستقل جنگ بندی کے معاہدے پر پہنچنے سے مشروط ہے۔ دوسری طرف اسرائیلی مذاکراتی وفد کے ذرائع نے بتایا ہے کہ غزہ معاہدے کے حوالے سے تمام بقایا نکات کے حل موجود ہیں۔ سیاسی سطح سے فیصلے کا انتظار ہے۔ ایسا ظاہر ہوتا ہے کہ معاہدہ عبوری ہوگا اور تقریباً دو سے تین ماہ تک جاری رہے گا۔ اسرائیلی وفد کے ذرائع نے اطلاع دی ہے کہ اس معاہدے میں حماس کے رہنماؤں کو اندرون اور بیرون ملک نشانہ بنانے سے استثنیٰ دینے کی شرط رکھی گئی ہے جس کے بدلے میں وہ رہنما غزہ کی پٹی چھوڑ دیں گے۔ اس کے بعد عرب اور بیرونی ممالک کے ساتھ مل کر ایک آزاد فلسطینی ادارے کو اقتدار سونپ دیا جائے گا۔