دہلی کے تاریخی رام لیلا میدان سے امام حرم مسجد نبوی ڈاکٹر عبداللہ بن عبدالرحمن البعیجان کا خطاب
ایاز احمد خان
نئی دہلی:9 نومبر (ایس ایم نیوز) امام حرم مسجد نبوی ڈاکٹر عبداللہ بن عبدالرحمن البعیجان خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج ہندوستان کو پوری دنیاحسرت بھری نگاہوں سے دیکھ رہی ہے۔انہوں نے کہاکہ ہندوستانی مسلمان اسلام کی حفاظت اور اس کو پھیلانے کے لیے آگے بڑھیں۔وہ مرکزی جمعیت اہل حدیث ہند کے زیر اہتمام ’احترام انسانیت اور مذاہب عالم‘ کے عنوان پر منعقد ہ دو روزہ اہل حدیث کانفرنس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کررہے تھے۔انہوں نے کہا کہ پوری دنیا کو انسانیت کے تحفظ کی فکر لاحق ہے۔ اسلام نے روز اول سے ہی انسانیت کے تحفظ کے لیے بہت کام کیے ہیں۔ اسلام میں ہمیشہ انسانیت کی حفاظت کی کوشش کی ہے۔ اس موضوع پر پیارے نبیؐسے متعلق بہت سی احادیث ہمارے سامنے موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب اور اس کے فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز ہمیشہ انسانیت کی فلاح و بہبود، ترقی اور تحفظ کے لیے کوشاں رہتے ہیں اور پوری دنیا میں اس کے لیے ہر ممکن کوشش کرتے ہیں۔اس موقع پر رابطہ عالم اسلامی کے ڈپٹی جنرل سکریٹری عبدالرحمن بن عبداللہ الزید نے انسانیت کو درپیش چیلنج پر گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ آج اس پلیٹ فارم سے انسانیت کی سلامتی اور احترام کے لیے جو بات چیت کی جارہی ہے وہ قابل تعریف ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج پوری دنیا میں افراتفری کا ماحول ہے اور اسلام کے پیغام کو پوری دنیا میں پھیلانے کی ضرورت ہے۔مولانا ارشد مدنی نے کہا ہم دعاء گو ہیں کہ اللہ تعالی اس اجتماع کو کامیاب فرمائے اور اس کے پیغام کو عام کرے،تاکہ ہماری پرانی تاریخ زندہ رہ سکے اورجو لوگ دنیا کے اندر نفرت کے بازار کو گرم کئے ہوئے ہیں وہ ناکام ہوجائیں۔ مرکزی جمعیت اہل حدیث ہند کے امیر مولانا اصغر علی امام مہدی سلفی نے اپنے خطاب میں اسلام کی روشنی میں انسانیت کے تحفظ اور خواتین بالخصوص بہنوں کے حقوق پر روشنی ڈالتے ہوئے کہاکہ موجودہ دور میں بہنوں کو ان کا حق دلانے کے معاملے پر بھائیوں کے ذریعے رشتہ توڑا جا رہا ہے۔
ایسے ماحول میں ہماری حکومت یونیفارم سول کوڈ لا کر خواتین کو برابری کا درجہ دینے کی بات کر رہی ہے۔کانفرنس میں علمائے کرام اور دانشوروں کی بڑی تعداد موجود تھی۔ مسجد نبوی کے امام خصوصی طور پر اس کانفرنس میں شرکت کے لیے ہندوستان آئے ہیں۔ کل وہ یہاں مغرب اور عشاء نمازکی امامت بھی کریں گے۔کانفرنس کے افتتاحی اجلاس کی نظامت مولانا عبدلاحکیم عبدالمعبود مدنی شیخ الحدیث جامعہ رحمانیہ کاندیولی ممبئی نے کی۔بعد ازاں امام حرم مسجد نبوی نے مرکز جمعیت علماء ہندمیں واقع تاریخی مسجد عدالنبی میں مغرب اور تاریخی جامع مسجد میں عشاء کی نماز بھی پڑھائی جس میں ہزاروں کی تعداد میں لوگ شامل ہوئے۔دریں اثنا مولانا عبدلاحکیم عبدالمعبود مدنی شیخ الحدیث جامعہ رحمانیہ کاندیولی ممبئی نے پروگرام اور امام حرم مسجد نبوی ڈاکٹر عبداللہ بن عبدالرحمن البعیجان کی شخصیات پر تفصیلی روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ مسجد نبوی کے مشہور و معروف امام پروفیسر ڈاکٹر عبداللہ بن عبدالرحمن البعیجان حفظہ اللہ کی ہندوستان تشریف آوری اور مرکزی جمعیت اہل حدیث کی طرف سے منعقدہ 35ویں آل انڈیا اہل حدیث کانفرنس میں شرکت اور دیگر ملی تنظیموں اور اداروں کی زیارت ہم سب مسلمانان ہند کے لیے باعث شرف ہے،سعودی ایمبیسی دہلی کے سفیر اوراسکے علاوہ شیخ کے رفیق کار شیخ بدر العنزی حفظہ اللہ کے تعاون سے مختلف اداروں میں امام محترم مختلف نمازوں کی امامت بھی فرمارہےہیں اور خاص طور پرگذشتہ کل رام لیلا میدان میں 35 ویں آل انڈیا اہل حدیث کانفرنس کے افتتاحی اجلاس میں خصوصی طور پر آپ نے اپنے قیمتی اور گراں قدر خطاب سے ملک کے کونے کونے سے تشریف لائے ہوئے علماء ائمہ دعاۃ اور تمام سامعین و حاضرین کو بلا تفریق مسلک و ملت محظوظ فرمایا۔اور مملکت سعودی عرب کے امن و انسانیت کے پیغام کو دین اسلام کی اصل بنیادوں یعنی کتاب و سنت کی روشنی میں واضح فرمایا.اور اپنی خوبصورت آواز میں قرآنی آیات کی تلاوت فرماکر مجمع عام کو مسحورفرمادیا ۔انشاءاللہ آپ اتوار کو جامعہ اسلامیہ سنابل دہلی کی جامع مسجد میں ظہر کی امامت فرمائیں گے اور پھر واپس رام لیلا میدان میں مغرب اور عشاء کی نماز میں امامت فرمائیں گے گے۔رب العالمین آپ کے اس دورے کو کامیابی سے ہمکنار فرمائے اور وطن عزیز میں ہم سب کو اسلام کے امن و انسانیت کے پیغام کو سمجھنے اور برتنے کی سعادت اور توفیق عطا فرمائے۔