Siyasi Manzar
Top News راجدھانی

عوام کی زندگی میں مسائل کا انبار ہے اور ان کے دکھوں کو سمجھنے کی کوشش کسی حکومت نے نہیں کی: پرینکا گاندھی

بی جے پی اور عام آدمی پارٹی صرف باتیں کرتے ہیںسیماپوری سے کانگریس امیدوار راجیش للوٹھیا کے حق میں تشہیر کرنے پہنچیں پرینکا گاندھی ، مہنگائی اور حکومت کی ناکامیوں پر سوال اٹھایا

نئی دہلی،02فروری(ایس ایم نیوز)کانگریس پارٹی کی قومی جنرل سکریٹری اور رکن پارلیمنٹ پرینکا گاندھی نے کہا کہ دہلی ملک کا مرکز رہی ہے اور یہاں مختلف ریاستوں سے لوگ روزگار اور بہتر زندگی کے خواب کے ساتھ آتے ہیں۔ دہلی میں رہنے والوں کی جدوجہد کا ذکر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہاں کی عوام کی زندگی میں مسائل کا انبار ہے اور ان کے دکھوں کو سمجھنے کی کوشش کسی حکومت نے نہیں کی۔ پرینکا نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ ملک کی راجدھانی میں ہر روز مختلف ریاستوں سے لوگ آتے ہیں، اپنے خوابوں کو حقیقت میں بدلنے کے لئے یہاں محنت کرتے ہیں لیکن ان کی جدوجہد کو نظر انداز کیا جا رہا ہے۔وہ آج دہلی اسمبلی انتخابات میں کانگریس امیدوار راجیش للوٹھیا کے حق میں تشہیر کرنے پہنچیں تھیں۔کانگریس لیڈر پرینکا گاندھی نے دہلی کے سیماپوری علاقے میں ایک انتخابی جلسے سے خطاب کیا۔ اس دوران انہوں نے بی جے پی اور وزیر اعظم نریندر مودی پر کڑی تنقید کی، ساتھ ہی آپ حکومت اور اروند کیجریوال کو بھی نشانہ بنایا۔پرینکا گاندھی نے کہا کہ ملک کی آزادی میں ہمارے اور آپ کے بزرگوں نے حصہ لیا تھا اور آج بھی اس ملک کو کسان چلاتے ہیں اور اس کی حفاظت بھی کسان کے بیٹے کرتے ہیں۔ اگر ملک کو آگے بڑھانا ہے تو عوام کے ہاتھوں کو مضبوط کرنا ہوگا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ بی جے پی اور آپ کے لیڈر اپنی باتیں تو کرتے ہیں لیکن آپ کی بات کون کرتا ہے؟ کوئی آپ کی بات نہیں کرتا۔انہوں نے دہلی کے علاقے میں کام کرنے والے لوگوں کی زندگی کو بیان کرتے ہوئے کہا کہ یہاں کے لوگ چھوٹے کاروبار کرتے ہیں، مزدوری کرتے ہیں، اوبر یا اولا چلانے والے ہیں، یا کسی کے گھر میں کام کرتے ہیں، ان سب کی زندگی میں مشکلات کا سامنا ہے، لیکن حکومت نے کبھی ان کی بات نہیں سنی۔ پرینکا گاندھی نے اس بات پر زور دیا کہ ہر چیز پر جی ایس ٹی عائد کی گئی ہے، جس کی وجہ سے مہنگائی میں بے پناہ اضافہ ہو چکا ہے۔ بچوں کی وردی، جوتے، صابن، کتابیں، پین—سب پر جی ایس ٹی عائد ہے اور ہر چیز مہنگی ہو چکی ہے۔پرینکا نے کہا کہ حالیہ بجٹ میں مہنگائی پر کوئی بات نہیں کی گئی اور حکومت نے اس بارے میں ایک لفظ بھی نہیں بولاکہ مہنگائی کس طرح کم ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کا فرض ہے کہ وہ عوام کے درمیان آئیں اور ان کی حالت کو بہتر بنانے کی کوشش کریں۔ پرینکا گاندھی نے وزیر اعظم کے سابقہ دور حکومت کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ جب راجیو گاندھی وزیر اعظم تھے، تو انہوں نے سیماپوری کا دودہ کیا تھا۔ وہ عوام سے بات کرتے تھے اور ان کی خدمت کے لئے ان کے درمیان آتے تھے۔پرینکا نے یوپی کی ایک حالیہ واقعہ کا ذکر کیا، جس میں کچھ خاتون شکشا متروں نے اپنی تنخواہوں کے لیے وزیر اعظم مودی کے قافلے کے سامنے احتجاج کیا تھا اور انہیں پولیس کے ذریعے زدوکوب کیا گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ یہ واقعہ اس بات کا ثبوت ہے کہ آج کے حکمران عوام کی حالت اور ان کی جدوجہد کو سمجھنے سے قاصر ہیں۔پرینکا گاندھی نے عوام کو یاد دلایا کہ ہندوستان کی آزادی کی تحریک میں سب نے حصہ لیا تھا، چاہے وہ ہندو، مسلمان، سکھ، عیسائی، مرد یا عورت ہو۔ ان سب نے مل کر اس ملک کی آزادی حاصل کی۔ انہوں نے وزیر اعظم مودی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ مودی جی کے نظریہ کے حامل لوگ اس وقت انگریزوں کے سامنے جھک کر جیل سے رہائی کے لئے درخواستیں لکھ رہے تھے۔پرینکا گاندھی نے آئین کے نسخے کو ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ یہ آئین نہیں، بلکہ آپ کی عزت ہے۔ آئین نے ہر شہری کو یکساں حقوق فراہم کیے ہیں اور اس کے تحت عوام کا ووٹ اور ان کی آواز برابر ہے۔ انہوں نے کہا کہ کوئی وزیر اعظم آپ کے گھر آ کر احسان نہیں کرتا، بلکہ عوام انہیں اس منصب تک پہنچاتی ہیں۔ اگر کوئی وزیر اعظم یا لیڈر عوام کی خدمت میں ناکام رہتا ہے، تو اس کا حساب عوام کو لینا چاہیے۔انہوں نے آخر میں کہا کہ یہ جمہوریت ہے اور عوام کا حق ہے کہ وہ اپنے حقوق کا دفاع کریں اور کسی بھی حکومت کو اس کی ذمہ داریوں کے بارے میں یاد دلا سکیں۔ ان کے خطاب میں عوامی جدوجہد کو تسلیم کرنے اور حکومت سے حساب لینے کا پیغام واضح طور پر سنایا گیا۔

Related posts

نئے سال پر سرکاری ملازمین کو نایب سنگھ سینی حکومت کا تحفہ

Siyasi Manzar

عدالت نے اروند کیجریوال کوچھ دنوں کے ریمانڈ پرای ڈی کی حراست میں بھیجا

Siyasi Manzar

تکریم انسانیت اورہماری ذمہ داریاں

Siyasi Manzar