Priyanka Gandhi:نئی دہلی، کانگریس کی جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی واڈرا نے ماہر تعلیم اور ماحولیاتی کارکن سونم وانگچک کے لداخ کو مکمل ریاست کا درجہ دینے کے مطالبے کو درست قرار دیتے ہوئے بدھ کے روز کہا کہ حکومت کو حساسیت کو مدنظر رکھتے ہوئے لداخ کے عوام کے اس جائز مطالبہ کو پورا کرنا چاہئے ۔محترمہ واڈرا نے کہا کہ ماہر تعلیم اور ماحولیاتی کارکن سونم وانگچک گزشتہ آٹھ دنوں سے بھوک ہڑتال پر ہیں اور جس جگہ ان کی بھوک ہڑتال ہے وہاں کا درجہ حرارت صفر سے 15 ڈگری نیچے ہے ۔ کانگریس کی جنرل سکریٹری نے کہا کہ حکومت کو خطے میں بڑھتی ہوئی چینی سرگرمیوں کو مدنظر رکھتے ہوئے لداخ کے عوام کو دھوکہ دیئے بغیر ان کے مطالبات کو فوری طور پر پورا کرنا چاہیے ۔محترمہ واڈرا نے کہا ” بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی ) نے لداخ کے لوگوں سے مکمل ریاست کا وعدہ کیا تھا لیکن اسے پورا نہیں کیا۔ ایک طرف چین کا بڑھتا ہوا قبضہ اور دوسری طرف بی جے پی حکومت کی خاموشی، عدم وعدہ اور خیانت ہے ، جس سے لداخ کے لوگوں کا اعتماد ٹوٹ رہا ہے ۔” کانگریس کی جنرل سکریٹری نے کہا "بار بار کے احتجاج کے درمیان لداخ کی ماہر تعلیم اور ماحولیاتی کارکن سونم وانگچک جی درجنوں لوگوں کے ساتھ منفی 15 ڈگری درجہ حرارت میں آٹھ دن سے بھوک ہڑتال پر بیٹھے ہیں۔ آج لداخ کے لوگ مکمل ریاست کا مطالبہ کر رہے ہیں اور 6 ویں شیڈول کے تحت سیکورٹی کا مطالبہ کر رہے ہیں جسے پورا کرنا حکومت کا فرض ہے ، حکومت اپنی ہٹ دھرمی چھوڑ کر لداخ کے لوگوں کی آواز سننی چاہئے ۔