پارلیمنٹ میں بھاری اکثریت حاصل کرکے ہندوستانی آئین کو پامال کرنے کے بی جے پی کے ایجنڈے کو سیاسی طور پر شکست دینے کی ضرورت ہے
کوچی:۔(پریس ریلیز)۔ سوشیل ڈیموکریٹک پارٹی آف انڈیا (SDPI) کیرلاکے ریاستی صدر اشرف مولوی نے یکم اپریل 2024کو ایرناکولم پریس کلب میں منعقد ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اعلان کیاکہ ایس ڈی پی آئی لوک سبھا انتخابات کے لیے کیرلا میں اپنے امیدوار نہیں کھڑاکرے گی بلکہ کیرلا میں کانگریس کی زیر قیادت یونائیٹیڈ ڈیموکریٹک فرنٹ (UDF) کی حمایت کرے گی۔ اشرف مولوی نے مزید کہا کہ پارٹی نے کانگریس کی حمایت کرنے کا فیصلہ کیا ہے کیونکہ وہ قومی سطح پر بی جے پی کے خلاف انڈیا اتحادکی رہنمائی کررہی ہے اور کانگریس نے اپنے انتخابی منشور میں اعلان کیا ہے کہ اگر وہ اقتدار میں آتی ہے تو ملک میں ذات پات پر مبنی مردم شماری کرائے گی اور ملک کی آئینی اقدار اور سیکولرازم کا تحفظ کرے گی۔ اشرف مولوی نے کہا کہ یہ الیکشن وہ الیکشن ہے جو ہندوستان کا مستقبل تعین کرے گا اور ہمارے سامنے جو اہم ایجنڈا ہے وہ ملک میں آئین کی بحالی ہے۔یہ الیکشن یہ فیصلہ کرنے کا الیکشن ہے کہ آیا ملک کو آئین کے مطابق چلے گا یا نہیں۔ بی جے پی کے دور حکومت میں آئینی اقدار کو سخت چیلنج کیا گیا تھا۔ سیکولرازم اور مساوات کو داغ لگا کر ملک کو مذہبی ریاست میں تبدیل کرنے کے لیے قانون سازی کی جارہی ہے۔ شہریوں کو مذہب کی بنیاد پر تقسیم کرنے کا رویہ اختیار کیا جارہا ہے۔ حالات اس حد تک ناانصافی پر پہنچ چکے ہیں کہ آئینی اداروں پر بھی سیاست کی جا رہی ہے۔ بی جے پی کے دور حکومت میں ملک کے عوامی قرض میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ 2014 میں جب نریندر مودی کی قیادت والی حکومت نے اقتدار سنبھالا تو ملک کا مجموعی سالانہ قرض 5.92 لاکھ کروڑ روپے تھا۔ 2024 میں 16 لاکھ کا ریکارڈ عبور کیا جا رہا ہے۔ بے روزگاری اور ملازمتیں منجمد ہیں۔ مرکزی حکومت کے مختلف محکموں میں لاکھوں اسامیاں پُر نہیں ہو رہی ہیں۔ سول سوسائٹی کو انفلیشن اور مہنگائی جیسے سنگین بحران کا سامنا ہے۔ معاشی عدم مساوات روز بروز بڑھ رہی ہے۔
بی جے پی اپوزیشن لیڈروں کو جیل میں ڈال کر اپوزیشن کی آواز کو ختم کرنے اور اور معاشی بحران پیدا کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔پارلیمنٹ میں بھاری اکثریت حاصل کرکے ہندوستانی آئین کو پامال کرنے اور مذہبی ریاست قائم کرنے کے بی جے پی کے ایجنڈے کو سیاسی طور پر شکست دینے کی ضرورت ہے۔اس صورتحال کو سنجیدگی سے لیتے ہوئے امید ہے کہ اپوزیشن پارٹیاں بشمول کانگریس اور سی پی ایم مل کر کام کرنے کی کوشش کریں گے۔ قومی سطح پر کانگریس اور سی پی ایم جو کہ بی جے پی مخالف محاذ کا حصہ ہیں لیکن کیرالہ میں ایک دوسرے سے مقابلہ کر رہے ہیں۔
ایس ڈی پی آئی پندرہ سال سے انتخابی سیاست میں سرگرم پارٹی رہی ہے۔ پچھلے لوک سبھا انتخابات میں، پارٹی نے کیرالہ کے 9لوک سبھا حلقوں سمیت ملک بھر میں کئی حلقوں سے مقابلہ کیا تھا۔ پارٹی کی ریاستی کمیٹی نے کیرالہ میں 2024کے لوک سبھا الیکشن میں حصہ نہ لینے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ فیصلہ موجودہ ہندوستانی صورتحال کی بنیاد پر کیا گیا ہے۔ کیرالہ کے تمام لوک سبھا حلقوں میں UDF امیدواروں کی حمایت کی جائے گی۔پارٹی کی پالیسی ملک میں ابھرنے والی فاشسٹ مخالف آبادیوں کے ساتھ تعاون کرنا ہے جبکہ پارٹی ناگزیر صورتحال میں ایک سیاسی متبادل کے طور پر ابھرتی ہے۔ کانگریس قومی سطح پر بی جے پی مخالف انڈیا محاذ کی قیادت کرنے والی پارٹی ہے۔ لہذا ایس ڈی پی آئی ریاست کیرلا کی ریاستی کمیٹی نے یو ڈی ایف(UDF) کو ترجیح اور حمایت دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ ملک بھر میں ایس ڈی پی آئی کے امیدوار تمل ناڈو، آندھرا پردیش، مہاراشٹرا، مغربی بنگال، جھارکھنڈ، اتر پردیش اور مدھیہ پردیش کے اٹھارہ(18) لوک سبھا حلقوں میں الیکشن لڑ رہے ہیں اور بقیہ حلقوں میں ہم بی جے پی کی مخالفت کرنے والی پارٹیوں کا ساتھ دے رہے ہیں۔اشرف مولوی نے اختتام میں کہا کہ پارٹی کے ہر سیاسی موقف کا حتمی مفاد قومی سطح پر طویل مدت میں سماجی انصاف پر مبنی سیاسی متبادل تیار کرنا ہے۔پریس کانفرنس میں ریاستی نائب صدر تلسی دھرن پالیکل اور جنرل سکریٹری رائے اراکل موجود تھے۔