اس موقع پر اروند کیجریوال اور وزیر اعلی آتشی نے دہلی سمیت پورے ملک میں بھائی چارے، امن ترقی وخوشحالی کیلئے دعا کی
محمدتسلیم
نئی دہلی: 7 جنوری، عام آدمی پارٹی کے قومی کنوینر اروند کیجریوال نے خواجہ معین الدین چشتی کے 813 ویں عرس کے موقع پر روایتی چادر روانہ کی ہے۔ یہ چادر اجمیر شریف درگاہ خواجہ معین الدین چشتی پر چڑھائی جائے گی۔ اس کے ساتھ ہی دہلی کے وزیر اعلیٰ آتشی اور کابینہ کے وزیر عمران حسین نے بھی حضرت خواجہ معین الدین چشتی کے عرس پر چادر بھیجی ہے۔ اروند کیجریوال اور وزیر اعلی آتشی نے اجمیر شریف سے دہلی سمیت پورے ملک میں بھائی چارے، امن اور ترقی کیلئے دعا بھی کی۔ یہ چادر وزیر عمران حسین نے دہلی اسٹیٹ عرس کمیٹی کے چیئرمین ایف آئی اسماعیلی کے ساتھ پرویز نور، محمد مصطفی، اسلام الدین قاسمی، ایس بی وقار بھوپالی، معروف رضا، منجیت سنگھ مونا عابد اور دیگر معززین کی موجودگی میں روانہ کی۔ اس موقع پر فوڈ سپلائی کے وزیر اور بلی ماران کے ایم ایل اے عمران حسین چادر پیش کرتے ہوئے حسین نے اروند کیجریوال کی جانب سے دہلی اور پورے ملک کے لوگوں کی ترقی و امن اور بھائی چارے کے لیے خصوصی دعا کی۔ وزیر اعلی آتشی نے اپنے پیغام میں کہا کہ خواجہ معین الدین چشتی آج بھی اہل وطن کے دل و دماغ میں ایک خاص مقام رکھتے ہیں۔ آج بھی ان کا فلسفہ اور افکار بڑی تعداد میں لوگوں کے لیے مشعل راہ ہیں۔ عمران حسین نے کہا کہ اجمیر شریف درگاہ ملک میں فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور بھائی چارے کی علامت ہے۔ حضرت خواجہ معین الدین چشتی ایک مشہور صوفی بزرگ تھے جن کے عقیدت مند اور چاہنے والے دنیا کے ہر ملک میں موجود ہیں۔ ہر سال عرس کے موقع پر تمام مذاہب اور فرقوں سے تعلق رکھنے والے لوگ بڑی تعداد میں نماز ادا کرنے اجمیر شریف جاتے ہیں۔ عمران حسین نے اعتراف کیا کہ صوفی بزرگوں کی خدمات نہ صرف ہمارے سماجی تانے بانے کو مضبوط کرتی ہیں بلکہ ان کے نظریات ہم اپنی زندگیوں میں اپناتے ہیں۔ عرس زائرین کی سہولت کے لیے عرس کمیٹی گزشتہ کئی سالوں سے دہلی حکومت خصوصی طور پر تیار کیے گئے عرس ٹرانزٹ کیمپ میں زائرین کے قیام کے لیے تمام انتظامات کر رہی ہے اور اس سال بھی برراڑی گراؤنڈ میں عرس کیمپ میں معمول کے مطابق اور بہترین سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں۔ عرس کمیٹی کے چیئر مین ایف آئی اسماعیلی نے بتایا کہ براڑی گراؤنڈ کے عرس کیمپ میں ملک کی مختلف ریاستوں سے تقریباً اسی ہزار سے ایک لاکھ زائرین آئیں گے۔ اجمیر میں خواجہ معین الدین چشتی کے سالانہ عرس میں شرکت کے لیے روانگی سے قبل زائرین دہلی میں کچھ دن قیام کرتے ہیں۔ عرس کیمپ میں دستیاب سہولیات میں قیام، پینے کے پانی، بجلی، عوامی سہولیات، ادویات، ایمبولینس، طبی سہولیات، مقامی خریداری کی سہولیات، کھانے پینے کے اسٹالز، بس پارکنگ اور ٹرانسپورٹ کی سہولیات کے لیے خصوصی طور انتظامات کئے ہوئے ہیں۔
عرس کیمپ میں زائرین کیلئے نماز اور دعاؤں کے لیے مناسب انتظامات کیے گئے ہیں۔ عرس ٹرانزٹ کیمپ میں بزرگ شہریوں کے لیے رہنے کے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔ سر دی کے موسم کو دیکھتے ہوئے بزرگوں کے لیے گرم پانی کا بھی پورا انتظام کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ اس کیمپ میں خواتین، بچوں اور معذور افراد کا خصوصی خیال رکھا جا رہا ہے تاکہ انہیں کسی قسم کی تکلیف کا سامنا نہ کرنا پڑے۔