آٹھ سالوں بعد مقامی پولس اسٹیشن کی حاضری سے نجات
ممبئی 8/ ستمبرمالیگاؤں شہر سے تعلق رکھنے والے اورنگ آباد اسلحہ ضبطی معاملے کے ملزمین محمد جاوید اور مشتاق احمد محمد اسحق کو بامبے ہائی کورٹ نے راحت دیتے ہوئے مقامی پولس اسٹیشن میں ہر پندرہ دن میں حاضری دینے کی شرائط کو ختم کردیا، اسی طرح اے ٹی ایس ممبئی آفس میں تین مہینہ میں ایک مرتبہ حاضری لگانے کی شرائط میں ترمیم کرتے ہوئے چھ مہینہ میں ایک مرتبہ حاضری لگانے کا ملزمین کو حکم دیا۔
ملزمین کی جانب سے ضمانت شرائط میں ترمیم کی عرضداشت جمعیۃ علماء مہاراشٹر(ارشد مدنی) قانونی امداد کمیٹی کی جانب سے ایڈوکیٹ متین شیخ نے بامبے ہائی کورٹ میں داخل کی تھی۔ عرضداشت پر سماعت ہائی کورٹ کی دو رکنی بینچ کے جسٹس ریوتی موہتے ڈیرے اور جسٹس پرتھوی راج چوہان نے کی جس کے دوران ایڈوکیٹ متین شیخ نے عدالت کو بتایا کہ جیل سے رہا ہونے کے بعد سے ابتک آٹھ سالوں کا طویل عرصہ گذر چکا ہے اور اس دوران ملزمین بغیر ناغہ کیئے ہوئے ہائی کورٹ کے حکم کی تکمیل کی ہے اور مقامی پولس اسٹیشن اور ممبئی اے ٹی ایس پولس اسٹیشن میں حاضری لگائی ہے۔
ایڈوکیٹ متین شیخ نے عدالت سے درخواست کی کہ انسانی بنیادوں پر مقامی پولس اسٹیشن کی حاضری کو ختم کرے اور ممبئی اے ٹی ایس پولس اسٹیشن کی حاضری کی شرائط میں ترمیم کرے۔ انہوں نے عدالت کو مزید اے ٹی ایس پولس اسٹیشن میں حاضری لگانے کے لیئے ملزمین کو مالیگاؤں سے ممبئی کا سفر کرنا پڑتا ہے اور سفر کی صعوبتیں برداشت کرنا پڑتی ہیں۔
ملزمین کی ضمانت شرائط میں ترمیم کی عرضداشت کی سرکاری وکیل وی این ساگرے نے مخالفت کی اور عدالت کو بتایا کہ ملزمین ایک سنگین مقدمہ کا سامنا کررہے ہیں لہذا انہیں کسی بھی طرح کی رعایت نہیں دی جانی چاہئے۔ مقامی پولس اسٹیشن کی ہر پندرہ دن کی حاضری نہایت ضروری ہے۔فریقین کے دلائل کی سماعت کے بعد دو رکنی بینچ نے ملزمین کی ضمانت شرائط میں ترمیم کیئے جانے کا حکم جاری کیا۔
واضح رہے کہ 7/ اکتوبر 2016 کو بامبے ہائی کورٹ نے ملزمین کو مشروط ضمانت پر رہا کیئے جانے کا حکم جاری کیا تھا، جیل سے رہائی کے بعد سے ملزمین نے بلا ناغہ مقامی مالیگاؤں پولس اسٹیشن اور اے ٹی ایس پولس اسٹیشن (کالا چوکی) میں حاضری لگائی۔ آٹھ سالوں کے بعد ملزمین بامبے ہائی کورٹ سے ضمانت شرائط میں ترمیم کی گذارش کی جسے عدالت نے منظور کرتے ہوئے انہیں راحت دی۔ملزمین کی اپیلیں بامبے ہائی کورٹ میں زیر سماعت ہے۔