محمد شہزاد کی تکمیلِ قرآن کریم پر پُروقار محفل کا انعقاد،مہتمم مولانا اویس احمد رشیدی نے استاد اور شاگرد کو دی مبارک باد
نئی دہلی:12اکتوبر (سیاسی منظر نیوز) مدرسہ باب العلوم جعفرآباد دہلی کے ایک 12 سالہ طالب علم محمد شہزاد حفظ قرآن کریم مکمل کرکے مدرسہ کا نام روشن کیا۔اس موقع پر محمد شہزاد کی تکمیلِ قرآن کریم کی مناسبت سے ایک پُروقار اور روحانی محفل کا انعقاد کیا گیا۔ جس کی صدارت مدرسہ باب العلوم جعفرآباد کے مہتمم حضرت مولانا اویس احمد رشیدی صاحب نے فرمائی۔ مولانا اویس احمد نے استاد قاری محمد اسعد کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ ہمارے اور مدرسہ کے قابل فخر لمحہ اور مجھے کہتے ہوئے بہت خوشی ہو رہی ہے کہ اس پر وقار تقریب میں اس بچہ اور انکے والدین سمیت خاص طور انکے استاد کی محنت رنگ لائی۔دعا گو ہوں کہ اللہ تعالٰی مزید کامیابیوں سے ہمکنار کرے۔اس موقع پر مہمان خصوصی مفتی ممتاز احمد قاسمی صاحب نے قرآن کریم کی فضیلت، عظمت اور مسلمانوں کی زندگی میں اس کی اہمیت پر مؤثر خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ قرآن کریم اللہ تعالیٰ کی آخری کتاب اور انسانیت کے لیے مکمل ضابطۂ حیات ہے، اس کی تلاوت، تعلیم اور اس کے احکام پر عمل دنیا و آخرت کی کامیابی کا ذریعہ ہے۔انہوں نے اللہ تعالیٰ سے قرآن کریم کو سمجھنے، اس پر عمل کرنے اور اسے اپنی زندگی کا حصہ بنانے کی توفیق عطا فرمانے کی دعا کی۔محفل میں بطورِ خاص مفتی کفیل جھارکھنڈی، مفتی توحید قاسمی، مفتی محمد صادق قاسمی، مولانا محمد عاقل قاسمی، قاری محمد فاروق قاسمی، مولانا شمس القمر امینی، قاری محمد اسعد، قاری محمد ارشاد صدیقی، قاری محمد اشتہار، قاری محمد ثناء اللہ اور دیگر علماء و معززین نے شرکت کی۔اس موقع پر تکمیلِ قرآن کریم کرنے والے محمد شہزاد کو علماء کرام اور حاضرین کی جانب سے مبارک باد پیش کی گئی اور ان کے روشن مستقبل، دینی و علمی ترقی کے لیے دعائیں کی گئیں۔محفل کے اختتام پر مولانا اخلاق احمد قاسمی صاحب نے خصوصی دعا کرائی۔محفل نہایت پُرسوز، روحانی اور ایمان افروز ماحول میں اختتام پذیر ہوئی۔قابل ذکر ہے محفل حافظ محمد شہزاد کے والد محمد جنید اور ان کے چچا حافظ محمد الیاس پالکی سمیت دیگر علمائے کرام،حفاظ،قراء، اساتذہ، طلبہ اور اہلِ علاقہ نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔



