انجمن خطاطان ہند کے صدر انیس صدیقی نے ایرانی کلچرل کاؤنسلر ڈاکٹر فریدالدین فرید عصرسے کی ملاقات
نئی دہلی ،25 ا پریل ۔بلا شبہ فن خطاطی ایک بہترین اور بلند ترین فن ہے ۔اس فن کے ماہرین کی دنیا نے بڑی قدر واہمیت کی ہے اور فن خطاطی اسلامی تہذیب کا ایسا آئینہ ہے ،جو ثقافت سے لے کر ہر شعبۂ حیات پر اثر انداز رہاہے۔ہاتھ کی عمدہ تحریراور زبان سے نکلے ہوئے الفاظ کا صحیح نطق اور تلفظ انسان کے فطری عنصر کا عکاس ومظہر ہوتاہے۔ ان خیالات کا اظہار انجمن خطاطان ہند کے صدر انیس صدیقی نے ایرانی کلچرل کاؤنسلر ڈاکٹر فرید الدین صاحب سے ملاقات کرتےہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ایران میں فن خطاطی آج بھی اسی عروج پرہے جو پچاس سال پہلے تھی۔اس موقع پر کلچرل کاؤنسلر ڈاکٹر فریدالدین فرید عصر نے خوشی کا اظہارکرتے ہوئے ان کا استقبال کیا اور آئندہ ربیع الاول کے موقع پر مسابقات خطاطی کو ایک بڑے پیمانے پرانجمن کے باہمی اشتراک سے کرنے کا عزم دہرایا۔انہوں نے کہا کہ ہم ایران سے بھی نامور اور مشہور خطاط حضرات کو دعوت دیں گےساتھ ہی ہندوستان کے تمام خطاط حضرات کو بھی دعوت دی جائے گی۔ صدر انجمن انیس صدیقی نے خطاطی مسابقہ کوباہمی اشتراک سے انعقاد کرنے پرکلچرل کاؤنسلر کا شکریہ اداکیا۔انہوں نے کہا کہ ہندوستان میں دوبارہ فن خطاطی کو جلابخشنے کے لئے ہم ایران کلچرہاؤس کاشکریہ اداکرتے ہیں۔واضح رہے انجمن خطاطان ہند کے جنرل سکریٹری قاری یاسین نے اطلاع دیتے ہوئے کہا کہ گذشتہ سالوں میں بھی ہم نے ایران کے مشہور ومعروف خطاط حضرات کو دعوت دی اور دہلی کے علاوہ دیگر شہروں میں بھی ایرانی خطاط کے ذریعے ورکشاپ اور نمائش خطاطی کا انعقاد کیا جاتارہاہے۔ اسی طرح آئندہ بھی ہم ایران کلچرہاؤس کے باہمی اشتراک سے آنے والے ماہ ربیع الاول میں فن خطاطی پر ہفتہ ٔ ہنر ہائے قرآنی کے عنوان سے کل ہند پیمانے پر مسابقہ خطاطی کا انعقاد کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔جس میں ہم اسلامی ہنر کو پورے طور پر روشن دیکھتے ہیں ۔ تاج محل کے میناروں سے لے کر لال قلعہ ،قطب مینار،موتی مسجد اور دنیا کی معروف عمارتوں میں فن خطاطی آج بھی اسلامی تہذیب وتشخص کا جلوہ بکھیر رہا ہے۔ہمیں امید ہے ہندوستان کے تمام خطاط حضرات آئندہ ہونے والے اس خطاطی مسابقہ میں شریک ہوکر استفادہ کریں گے۔