ہندوستان کو جیت کے لیے دوسری اننگ میں 192 رن بنانے تھے، ایک وقت ہندوستان کا اسکور 5 وکٹ پر 120 رن ہو گیا تھا اور ٹیم مشکل میں تھی، لیکن گل-جوریل کی ناٹ آؤٹ 72 رنوں کی شراکت داری سے جیت مل گئی۔
نئی دہلی : ہندوستانی کرکٹ ٹیم نے انگلینڈ کے خلاف کھیلی جا رہی 5 میچوں کی ٹیسٹ سیریز جیت لی ہے۔ حیدرآباد میں کھیلے گئے پہلے میچ میں شکست کے بعد ٹیم انڈیا نے لگاتار تین میچ جیت کر سیریز میں 3-1 کی ناقابل تسخیر برتری حاصل کر لی ہے۔ رانچی میں کھیلے گئے چوتھے ٹیسٹ میچ میں ہندوستان نے 191 رنز کے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے 5 وکٹوں کے نقصان پر کامیابی حاصل کرلی۔
ہندوستان اور انگلینڈ کے درمیان کھیلی جا رہی ٹیسٹ سیریز کا فیصلہ آچکا ہے۔ مہمان ٹیم کے خلاف پہلا میچ ہارنے کے بعد ہندوستانی ٹیم نے زبردست واپسی کرتے ہوئے سیریز جیت لی ہے۔ رانچی میں کھیلے گئے چوتھے ٹیسٹ میں انگلینڈ کے کپتان بین اسٹوکس نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کرنے کا فیصلہ کیا۔ جو روٹ کی سنچری اور اولی رابنسن کی نصف سنچری کی بدولت ٹیم نے پہلی اننگز میں 353 رنز بنائے۔
ہندوستانی ٹیم پہلی اننگز میں صرف 177 رنز کے اسکور پر 7 وکٹیں گنوا چکی تھی۔ انگلینڈ کی ٹیم بڑی برتری حاصل کرنے کی طرف بڑھ رہی تھی لیکن دھرو جریل نے ایک اینڈ پر ڈٹ کر پورا کھیل ہی بگاڑ دیا۔ 149 گیندوں کا سامنا کرنے کے بعد انہوں نے 6 چوکوں اور 4 چھکوں کی مدد سے 90 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر ٹیم کو 307 رنز تک پہنچا دیا۔ یشسوی جیسوال نے بھی اس اننگز میں 73 رنز بنائے۔ انگلینڈ کو پہلی اننگز کی بنیاد پر ہندوستان کے خلاف 46 رنز کی برتری حاصل ہے۔
اس کے بعد آر اشون اور کلدیپ یادو کی اسپن جوڑی نے دوسری اننگز میں بلے بازی کرنے اتری انگلینڈ کی ٹیم پر قہر ڈھا دیا ۔ دونوں نے مل کر 9 وکٹیں حاصل کیں اور پوری ٹیم صرف 145 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ اشون کے کھاتے میں 5 وکٹیں تھیں جب کہ کلدیپ نے 4 اور رویندر جڈیجہ نے 1 بلے باز کو آؤٹ کیا۔
ہندوستانی ٹیم 191 رنز کے ہدف کا تعاقب کرنے اتری تو یشسوی جیسوال نے کپتان روہت شرما کے ساتھ مل کر اچھی شروعات دلائی۔ 84 رنز پر ہندوستان کو پہلا دھچکا یشسوی کی شکل میں لگا اور پھر دیکھتے ہی دیکھتے 5 وکٹیں گر گئیں۔ روہت شرما نصف سنچری بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے جبکہ رجت پاٹیدار کھاتہ کھولے بغیر ہی لوٹ گئے۔ رویندر جڈیجہ اور سرفراز خان بھی کچھ خاص نہ کر سکے۔ دھرو جریل نے شبھمن گل کے ساتھ مل کر ہندوستان کو جیت تک پہنچایا۔