نمازِ جنازہ صبح 10 بجے ادا کی جائے گی
لکھنؤ (ابو عبداللہ ہاشمی)
سماجی خدمت گار سعید ہاشمی (صحافی) کے بڑے بھائی محمد شفیق ہاشمی، ساکن شیروانی نگر، سیتاپور روڈ، نزد ایم ڈی اسکول، لکھنؤ کا مختصر علالت کے بعد ایک نجی اسپتال میں اچانک انتقال ہوگیا۔ ان کے انتقال کی خبر ملتے ہی خاندان اور سماجی حلقوں میں غم کی لہر دوڑ گئی۔
مرحوم کی عمر تقریباً 55 سال تھی اور وہ سات بہن بھائیوں میں سب سے بڑے تھے۔ بتایا جاتا ہے کہ مرحوم شفیق ہاشمی گزشتہ کئی برسوں سے کھانسی جیسی بیماری میں مبتلا تھے، تاہم بظاہر بیماری زیادہ سنگین محسوس نہیں ہو رہی تھی۔ طبیعت میں شکایت کے پیش نظر اہلِ خانہ نے تین روز قبل انہیں آئی آئی ایم روڈ پر واقع ایک معروف نجی اسپتال میں داخل کرایا تھا۔
اسپتال میں ان کی طبیعت میں بہتری تھی، لیکن اتوار کی صبح تقریباً 10 بجے انہیں سانس لینے میں دشواری پیش آئی اور طبیعت بگڑتی چلی گئی۔ بالآخر وہ داعیٔ اجل کو لبیک کہتے ہوئے اس دارِ فانی سے رخصت ہوگئے۔
مرحوم شفیق ہاشمی محنتی، خوش اخلاق اور بلند کردار کے مالک تھے۔ وہ رشتوں کو نبھانے پر یقین رکھتے تھے اور ہر شخص سے محبت و خلوص کے ساتھ پیش آتے تھے۔ خودداری اور ملنساری ان کی شخصیت کے نمایاں اوصاف تھے۔
مرحوم کے انتقال سے پورا خاندان غم زدہ ہے۔ ان کے پسماندگان میں بیوہ، پانچ بیٹے، تین بیٹیاں، پوتے، پوتیاں، نواسے اور دیگر اہلِ خانہ شامل ہیں۔
شیروانی نگر، سیتاپور روڈ، لکھنؤ میں واقع ان کی رہائش گاہ پر آخری دیدار اور تعزیت کے لیے لوگوں کی آمد کا سلسلہ جاری ہے۔
مرحوم کے بڑے بیٹے محمد رئیس نے بتایا کہ نمازِ جنازہ 19 اکتوبر 2026، بروز پیر، صبح 10 بجے ادا کی جائے گی، جس کے بعد انہیں نوبستہ، محب اللہ پور قبرستان میں سپردِ خاک کیا جائے گا۔
مرحوم کے چھوٹے بھائی سعید ہاشمی نے تمام احباب، رشتہ داروں اور متعلقین سے مرحوم کی مغفرت اور بلندیٔ درجات کے لیے خصوصی دعاؤں کی درخواست کی ہے۔
previous post



