حج سیزن 2024 کی حسن تکمیل کے لیے حرمین شریفین کی ذمہ دار اتھارٹی کی جائزہ میٹنگ اختتام پذیر :عبدالحکیم مدنی
کاندیولی ، ممبئی ، حرمین شریفین کے امور کی ذمہ دار اتھارٹی ریاست الحرمین کے صدر اعلی، امام کعبہ شیخ عبدالرحمن السدیس/حفظہ اللہ کی صدارت میں دینی امور کے اہم ذمہ داران کے ساتھ امسال حج سيزن کو بحسن وخوبی پایۂ تکمیل تک پہنچانے کے لئے ایک اہم جائزہ میٹنگ 6 /مئی کو منعقد ہوئی جس میں حکومت سعودی عرب کی اعلی قیادت کی منشا کے مطابق گزشتہ تجربات کی روشنی میں حجاج کرام کے لیے تمام ترمعیاری سہولیات فراہم کرنے اور جدید اعلی ٹیکنالوجی کے استعمال کے ساتھ حجاج کی صحیح ومنظم دینی اور شرعی رہنمائی جیسے اہم امورپر غوروخوض کیاگیا تاکہ ایک پاکیزہ ،پرسکون اور روحانی ماحول میں امن اور سکون کے ساتھ دنیا بھرسے آنے والے حجاج کرام سنت نبوی کے مطابق مناسک حج اوراس عظیم عبادت الٰہی کی تکمیل کر سکیں اور انھیں تمام تر سہولیات فراہم کی جاسکیں۔ روزنامہ” سبق "کی رپورٹ کے مطابق یہ میٹنگ امام کعبہ شیخ عبدالرحمن السدیس/ حفظہ اللہ کی آفس میں منعقد ہوئی اور اس میں حرمین اتھارٹی کے ذمہ داران اور دینی امور کے مسؤولین نے شرکت کی۔اس میٹنگ میں امام کعبہ شیخ عبدالرحمن السدیس نے اس بات پر زور دیا کہ اس موقع پر اسلام کے عالمی پیغام اور حرمین شریفین کے وسطیت اور اعتدال پسندی کے موقف کو دنیا کے لوگوں تک اس بڑے مجمع میں پیش کیا جائے اور ساتھ ہی ساتھ حرمین شریفین کی تعمیر و توسیع میں سعودی حکومت کی روشن خدمات کوبھی اجاگر کیا جائے۔ امام کعبہ شیخ عبدالرحمن السدیس نے اس بات پر بھی زور دیا کہ حجاج کرام کی صحیح رہنمائی اور ان کی معیاری اوربہترین خدمت کے لیے ہمیں جدید ٹیکنالوجی ،خودکارمشینیں، روبوٹ سسٹم اور دیگر جدید ذرائع کا بھرپوراستعمال کرنا چاہیے تاکہ دنیا کی مختلف زبانوں میں دور دراز سے آئے ہوئے حاجیوں کو اسلام کے سچے عقیدے اور سلف صالحین کے صحیح منہج سے اگاہ کیا جا سکے۔آپ نے فرمایاکہ اس کے لیے ہمیں منبر و محراب کے ساتھ دعوت اور تبلیغ کے دیگر پلیٹ فارموں کوبھی استعمال کرتے ہوئے خصوصی طور پر ائمہ حرمین کی خدمات اور ان کے علم اورتجربات سے بھرپور فائدہ اٹھانا چاہیے اور اس بابت ہمیں حجاج کرام کی اس خدمت کو اپنے لیے ایک عظیم شرف سمجھتے ہوئے باہمی تعاون سے انفرادی اور حکومتی ہرسطح پر دل و جان سے لگ کر آنے والےحج سیزن کو کامیاب سے کامیاب ترین بنانا چاہیے۔ آپ نے اس بابت مختلف دینی اداروں کے ذمہ داران کی آراء اور تجاویز کو بھی سنا اور ان کے ساتھ باہمی تبادلہ خیالات کرتے ہوئے اس حج سیزن کو کامیاب بنانے کے لیے تمام اداروں کی بھرپور خدمات اور ان کے باہمی تعاون پر زور دیتے ہوئے اللہ تعالی سے دعا کی کی باری تعالی حج کے اس سیزن کو بحسن و خوبی امن اور سکون کے ماحول میں اختتام تک پہنچائے۔آمین یہ بات یاد رہے کہ سعودی حکومت ہمیشہ حجاج اور زائرین کے لیے ہر طرح کی سہولیات اور تمام تر انتظامات کی فراہمی کونہ صرف یہ کہ اپنی ذمہ داری سمجھتی ہے بلکہ ا سے باعث شرف سمجھتے ہوئے اللہ کی رضا اور خوشنودی کے لیے پورے دل و جان سے انجام دیتی ہے اور اس عمل میں وہاں کے علماء ،عوام الناس سعودی فورسز،سرکاری اور غیر سرکاری محکمے اور تمام تر ادارے پوری جدوجہد اور لگن کے ساتھ رضا الہی کے لیے حاجیوں کی خدمت کر کے اپنے آپ کو خوش وخرم اور سعادتمند محسوس کرتے ہیں اسی لیے ہمیشہ حکومتی اداروں کی اس بات پر توجہ ہوتی ہے کہ سعودی قیادت کی اس خوش آئند اور سعادت بخش منشا کے مطابق تمام اعلی ٹیکنالوجی اور جدید وسائل اور ذرائع کو بھی استعمال میں لاتے ہوئے حجاج کرام کے لیے ہر طرح کی سہولیات فراہم کی جائیں یہاں تک کہ سعودی وزارت برائے اسلامی امور نے روبوٹ معلم بھی متعارف کروایا ہے جو دنیا کے متعدد زبانوں میں خود کار سسٹم سے چل کر سائل کے سوال اور اسکا جواب اور اس بابت علماء کرام کے فتاوے اور توجیہات کی طرف خود بخود رہنمائی کر دیتا ہے اور یہ تو حج کا ایک بہت بڑا عالمی مجمع ہے اس لیے اس عظیم مجمع تک کتاب وسنت کے پیغام کو پہونچانے اور دین کی دعوت ایک پرسکون اور روحانی ماحول میں دینے کے لیے وہاں کے ذمہ داران ہمیشہ آمادہ اور تیاررہتے ہیں اور پوری سرکاری مشنری ان کی خدمت اور رہنمائی اور انہیں ہر طرح سے آسانیاں پہونچانے کے لیے مکہ مدینہ سے لے کر مشاعر مقدسہ منی اور عرفات اور یہاں تک کی میقات ، ایئرپورٹس اور دیگر راستوں پر پوری ذمہ داری کے ساتھ اس عظیم خدمت کو انجام دینے کے لیے ہمہ وقت ڈٹے رہتے ہیں۔اس حج سیزن کی کامیابی کے لئے الحمدللہ ابھی سے کام کو رفتاردےدی گئی ہے ۔یہ باتیں ممبئی کے معروف عالم دین شیخ الحدیث جامعہ رحمانیہ کاندیولی مولانا عبدالحکیم عبدالمعبود مدنی نے پریس ریلیز کے طور پر جاری کیں اور اللہ سے دعا کی کہ اللہ تعالی حج کے اس سیزن کو پرامن اور کامیاب ترین بنائے اور دنیا سے آنے والے تمام حجاج وزائرین کو مناسک اور ارکان حج کو امن وسکون کے ساتھ ادا کرنے کی توفیق عطا فرمائے اور حکومت سعودی عرب کی سرکاری اور غیر سرکاری عملے اورحج سے جڑےتمام اداروں کو ان کی عظیم خدمت کا دنیا اور آخرت میں بہترین بدلہ عطا فرمائے ۔آمین