نئی دہلی، 21 جنوری (ایس ایم نیوز)کانگریس کے سابق قومی صدر راہل گاندھی بدھ سے لگاتار تین دن تک دہلی کی مختلف اسمبلیوں میں زبردست جلسے کرکے پارٹی کے لیے عوامی حمایت اکٹھا کریں گے۔ راہل اپنی مہم کا آغاز صدربازار اسمبلی سے کریں گے۔ اس کے بعد وہ بالترتیب مصطفی آباد اور ماڑی پور جائیں گے اور عوام سے ووٹ کی اپیل کریں گے۔
دہلی پردیش کانگریس کے دفتر میں منعقدہ ایک پریس کانفرنس میں دہلی حکومت کے سابق وزیر اور پارٹی لیڈر ڈاکٹر نریندر ناتھ نے کہا کہ راہول گاندھی دہلی اسمبلی انتخابات میں کانگریس امیدواروں کے حق میں کل سے مسلسل تین دن تک زبردست عوامی جلسوں سے خطاب کریں گے۔نریندر ناتھ نے بتایا کہ راہول گاندھی 22 جنوری کو شام 5 بجے صدر بازار اسمبلی کے اندرلوک میٹرو اسٹیشن کے قریب ایک جلسہ عام سے خطاب کریں گے۔ راہل 23 جنوری کو مصطفی آباد اسمبلی میں شام 5 بجے اور ماڑی پور اسمبلی میں 24 جنوری کو شام 5 بجے ایک بڑے جلسہ عام سے خطاب کریں گے۔قابل ذکر ہے کہ دہلی اسمبلی کی 70 نشستوں کے لیے 5 فروری کو ووٹنگ ہوگی اور انتخابات کے نتائج کا اعلان 8 فروری کو کیا جائے گا۔