جے پور :2نومبر (ایجنسیاں)راجستھان کے جھنجھنو ضلع میں پیر (2 نومبر) کو ایک دردناک حادثہ پیش آیا۔ چھاپولی گاؤں میں سڑک کی تعمیر کے دوران ایک مشین ہائی وولٹیج بجلی لائن کے رابطے میں آ گئی، جس کے باعث 8 مزدوروں کی موت ہو گئی اور 3 خواتین سمیت تقریباً 5 افراد جھلس گئے۔ پولیس کے مطابق یہ حادثہ تب پیش آیا جب سڑک کی تعمیر کے دوران بجری ملانے والی ایک مشین اوپر سے گزر رہی ہائی ٹینشن بجلی لائن کے رابطے میں آ گئی۔ مشین میں بجلی کا کرنٹ پھیل گیا، جس کی زد میں وہاں کام کر رہے ہے مزدور آ گئے۔ادے پور واٹی تھانہ کے انچارج رام پال نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ مشین کے ہائی وولٹیج بجلی کی لائن کے رابطے میں آنے سے مزدوروں کو کرنٹ لگ گیا۔ حادثے کے بعد زخمیوں کو علاج کے لیے اسپتال لے جایا گیا۔ اس واقعے سے مقامی لوگوں میں شدید غم و غصہ پھیل گیا، وہ موقع پر جمع ہوئے اور احتجاج کیا۔ گاؤں والوں نے اموات پر غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے تعمیراتی مقام پر حفاظتی انتظامات یقینی بنانے کے لیے ذمہ دار افراد کی جوابدہی طے کرنے کا مطالبہ کیا۔ گاؤں والوں نے وہاں دھرنا بھی دیا۔ واقعے کے بعد پولیس اور دیگر افسران موقع پر پہنچے۔اس حادثہ پر ریاستی وزیر اعلیٰ بھجن لال شرما نے گہرے افسوس کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر لکھا کہ ’’جھنجھنو میں ہوئے حادثے میں کرنٹ لگنے کے باعث حادثاتی موت کی خبر انتہائی تکلیف دہ ہے۔ متعلقہ افسران کو ہدایت دی ہے کہ زخمیوں کا مناسب علاج کرایا جائے، متاثرہ خاندانوں کو فوری طور پر ہر ممکن مدد فراہم کی جائے اور واقعے کی تحقیقات کی جائیں۔‘‘ ساتھ ہی انہوں نے لکھا کہ ’’ایشور سے دعا ہے کہ وہ مرحومین کی روحوں کو اپنے ’چرنوں‘ میں جگہ دے، زخمیوں کو جلد صحت یاب کرے اور سوگوار اہل خانہ کو یہ ناقابل تلافی صدمہ برداشت کرنے کی ہمت دے۔ اوم شانتی!‘‘اس المناک حادثہ پر راجستھان کے سابق وزیر اعلیٰ اور کانگریس کے سینئر لیڈر اشوک گہلوت نے بھی افسوس کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے ’ایکس‘ پر لکھا کہ ’’جھنجھنو کے ادے پور واٹی میں چھاپولی میں کئی مزدوروں کی کرنٹ لگنے سے ہوئی موت بے حد افسوسناک اور تکلیف دہ ہے۔ اس پورے معاملے کی جانچ ضروری ہے کہ سڑک کی تعمیر کے دوران یہ حادثہ کیسے پیش آیا اور ان اموات کے لیے کون ذمہ دار ہے۔‘‘ وہ مزید لکھتے ہیں کہ ’’اس حادثے میں اپنے اپنے پیاروں کو کھونے والے خاندانوں پر کیا گزر رہی ہوگی، یہ سوچ کر دل انتہائی غمزدہ ہے۔ حکومت کو جاں بحق ہونے والوں کے لواحقین کو مناسب معاوضہ اور ہر ممکن مدد فراہم کرنا یقینی بنانا چاہیے۔ ایشور مرحومین کی روحوں کو اپنے چرنوں میں جگہ دے اور سوگوار خاندانوں کو یہ ناقابل برداشت تکلیف برداشت کرنے کی طاقت دے۔‘‘
پولیس کے مطابق حادثہ تب پیش آیا جب سڑک کی تعمیر کے دوران بجری ملانے والی ایک مشین اوپر سے گزر رہی ہائی ٹینشن بجلی لائن کے رابطے میں آ گئی
شائع شدہ: منگل, 3 نومبر، 2026 | 1:05 AM IST

