Siyasi Manzar
Top News قومی خبریں

اجمیر میں محمدی مدینہ مسجد کے امام کا قتل

علاقہ کے لوگوں میں سخت غم و غصہ،رام گنج تھانے کے افسر روندر سی سی ٹی وی کے فوٹیج کھنگالنے میں مصروف ہیں تاکہ حملہ آوروں کے بارے میں سراغ مل سکے

اجمیر،27اپریل : راجستھان کے شہر اجمیر میں پیش آنے والے ایک سنسنی خیز واقعہ میں ایک مسجد کے امام کو پیٹ پیٹ کر قتل کر دیا گیا۔ رپورٹ کے مطابق ہفتہ کے روز علی الصبح رام گنج تھانہ علاقے میں واقع ایک مسجد میں گھس کر امام کو قتل کر دیا گیا۔ قتل کی وجوہات فی الحال معلوم نہیں ہو سکیں۔ معاملہ کی اطلاع موصول ہونے پر راج گنج تھانہ کی پولیس موقع پر پہنچی۔ اس واقعہ سے علاقہ کے لوگوں میں سخت غم و غصہ پایا جاتا ہے، جنہوں نے پولیس سے قاتلوں کو جلد تلاش کرنے اور سخت کارروائی عمل میں لانے کا مطالبہ کیا۔پولیس ذرائع کے مطابق صبح تقریباً 3 بجے خان پورہ کنچن نگر میں واقع محمدی مدینہ مسجد میں تین نقاب پوش بدمعاش داخل ہوئے اور امام مولانا محمد ماہر کو لاٹھیوں سے پیٹ پیٹ کر قتل کر دیا۔ واقعہ کے وقت مولانا کے ساتھ پانچ چھ بچے بھی موجود تھے جنہیں حملہ آوروں نے ڈرا دھمکا کر وہاں سے باہر کر دیا۔واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی ٹیم موقع پر پہنچ گئی۔ پولیس نے مولانا محمد ماہر کی لاش کو جواہر لعل نہرو اسپتال کے سرد خانہ میں رکھوا دیا ہے۔ رام گنج تھانے کے افسر روندر سی سی ٹی وی کے فوٹیج کھنگالنے میں مصروف ہیں تاکہ حملہ آوروں کے بارے میں سراغ مل سکے۔اتر پردیش کے رام پور کے رہنے والے محمد ماہر (52) گزشتہ سات سال سے یہاں درس و تدریس کے فرائض ادا کر رہے تھے۔ گزشتہ سال اکتوبر میں مسجد کے امام کی وفات کے بعد مولانا محمد ماہر امامت کی ذمہ داری بھی سنبھالنے لگے۔ پولیس کے اعلیٰ حکام بھی موقع پر پہنچ گئے ہیں۔ پولیس حملہ آوروں اور قاتلوں کی تلاش میں مصروف ہے۔

Related posts

اردو کے بقا اور استحکام کے لئے قومی کونسل کی کاوشیں قابل ستائش ہیں۔عبدالحکیم مدنی

Siyasi Manzar

ہندوستان کی سرگرم اجتماعی زندگی میں مولانا آزاد کے نقوش ہرجگہ ملیں گے ۔پروفیسر شافع قدوائی

Siyasi Manzar

رتن ٹاٹا جنہوں نے خواب دیکھنے والوں کی ایک پوری نسل کو بااختیار بنایا

Siyasi Manzar