انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے ہفتہ کو (اے اے پی) کے رکن پارلیمنٹ سنجے سنگھ کے خلاف دہلی ایکسائز پالیسی سے متعلق منی لانڈرنگ کیس میں چارج شیٹ داخل کی۔
نئی دہلی02 دسمبر انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے ہفتہ کو عام آدمی پارٹی کے رکن پارلیمنٹ سنجے سنگھ کے خلاف دہلی ایکسائز پالیسی سے متعلق منی لانڈرنگ کیس میں چارج شیٹ داخل کی۔ افسران نے یہ معلومات فراہم کیں۔ ای ڈی نے منی لانڈرنگ روک تھام ایکٹ (پی ایم ایل اے) کی مختلف دفعات کے تحت مقامی عدالت میں چارج شیٹ داخل کی ہے۔
یہ اس معاملہ میں ایک ضمنی چارج شیٹ ہے کیونکہ ایجنسی اس سے پہلے ایسی تقریباً پانچ استغاثہ کی شکایتیں درج کراچکی ہے ۔ ای ڈی نے اے اے پی کے راجیہ سبھا ممبر سنجے سنگھ کو اکتوبر میں اس معاملہ میں گرفتار کیا تھا۔ انسداد منی لانڈرنگ ایجنسی نے الزام لگایا تھا کہ ملزم کاروباری دنیش اروڑہ نے راجیہ سبھا کے رکن کی رہائش گاہ پر دو قسطوں میں 2 کروڑ روپے نقد پہنچائے تھے۔
سنگھ نے اس دعوے کی تردید کی ہے۔ ای ڈی نے اے اے پی کے رکن پارلیمنٹ کو دہلی ایکسائز پالیسی 2021-22 سے متعلق منی لانڈرنگ کیس کی تحقیقات کے سلسلے میں گرفتار کیا تھا۔ اس معاملے میں وہ سابق نائب وزیر اعلی منیش سسودیا کے بعد دوسرے بڑے لیڈر ہیں۔ دہلی میں حکومت چلا رہی اے اے پی نے گرفتاریوں اور کیس کو ‘سیاسی سازش قرار دیا ہے۔
ای ڈی کے مطابق تحقیقات سے پتہ چلتا ہے کہ اروڑہ نے دو موقعوں پر سنگھ کے گھر 2 کروڑ روپے کی نقد رقم پہنچائی تھی۔ یہ رقم اگست 2021 اور اپریل 2022 کے درمیان پہنچائی گئی تھی ۔