Siyasi Manzar
Top News قومی خبریں

جمعیت علماءجالنہ کےزیراہتمام اس سال بھی پندرہ روزہ سیرت پاک کی مہم کاانعقاد

( سیرت پاک کے ساتھ ختم نبوت، توہین رسالت کے ضمن میں ہمارا ردعمل ، معاشرتی برائیاں ،ارتداد اسباب اور حل کو موضوع بناکر مسلم معاشرے میں بیداری کی تحریک چلائی جائے گی )

جالنہ31اگست(پریس ریلیز)جمعیۃ علماء ارشد مدنی ضلع جالنہ پچھلے سالوں کی طرح امسال بھی ربیع الاول میں پندرہ روزہ سیرت پاک مہم منعقد کرنے جارہی ہے اس ذیل میں مولانا سیّد نصراللہ حسینی سہیل ندوی صدر جمعیۃ علماء ارشد مدنی ضلع جالنہ نے اپنے صحافتی بیان میں کہا ہے کہ” ماہ ربیع الاول میں ہمارے پیغمبر اسلام حضرت محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وسلم اس دنیا میں رحمت للعالمین بن کر تشریف لائے، اس ماہ کے ساتھ کچھ ایسی اسلامی یادیں وابستہ ہیں جو ہمارے ایمان کا حصہ ہے اسی ماہ میں عالمگیر انقلاب کے بانی حضرت محمّد صلی اللہ علیہ وسلم پیدا ہوئے اور اسی ماہ میں آپ نے وفات پائی،آپ کی پیدائش و وفات کو یاد رکھنا یقیناَ ہمارے ایمان و عقیدہ کالازمی حصہ ہے ،
آپ کا حیات آفریں پیغام، آپ کی صاف و شفاف سیرت، آپ کے اخلاق و کردار، آپ کا خوبصورت اسوہ، اور آپ کی گراں بہا تعلیمات، جس کے دوررس عملی نتائج، اور فوائد و ثمرات پر تاریخ انسانی شاہد و گواہ ہے، آپ کی شخصیت آپ کی پاکیزہ تعلیمات صرف مسلمانوں کے لئے نہیں ہیں بلکہ یہ ساری دنیا کے انسانوں کے لئے ہیں، لیکن افسوس کہ عصر حاضر میں دنیا کی اسی فیصد انسانی آبادی اس سراپا رحمت ذات و صفات اور آپ کی روشن تعلیمات سے یکسر نا آشنا ہے، بلکہ غلط فہمیوں کا شکار ہے،
لہذا امت مسلمہ کی ذمہ داری اور آپﷺ سے محبت و تعلق کا تقاضا ہے کہ وہ دنیائے انسانیت کے سامنے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی ذات و صفات، پیام و پیغام، سیرت و أخلاق اور تعلیمات کا اپنے قول و عمل سے صحیح تعارف پیش کرے، غلط فہمیوں کا ازالہ کرے، اور بتائے کہ حضرت محمد رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم آپ کے سب سے بڑے محسن اور سراپا رحمت و شفقت ہیں، وہ آپ کے لئے بھی تشریف لائے تھے، ان کا پیغام و پیام ساری انسانیت کے لئے بھی ہے، اسی مقصد کو سامنے رکھتے ہوئے پچھلے چار سال سے جمعیت علماء ارشد مدنی ضلع جالنہ ہر سال ماہ ربیع الاول میں سیرتِ سرورِ کائنات صلی اللہ علیہ وسلم کے ضمن میں پورے ضلع میں پروگرامس منعقد کرتی ہے،
جمعیت علماء کے ارکان عاملہ نے طئے کیا ہے کہ ربیع الاول میں جہاں سیرت کے موضوع پر بات ہو وہیں اس کے ساتھ ختم نبوت، نسل نو کی بے راہ روی، معاشرتی برائیوں کا سد باب ،فکری و تہذیبی ارتداد اسباب اور حل کے عنوانات پر خصوصی طور بیانات ہوں اسی پیغام کو سامنے رکھتے ہوئے سیرت پاک کے ساتھ ان عنوانات کو بھی اس مہم کا موضوع بنایا جائے گا،
ربیع الاول کے ابتدائی پندرہ دنوں میں شہر جالنہ و اطراف کے اسکول، کالج، کے طلباء وطالبات کے درمیان، مکاتب قرآنیہ کے طلباء وطالبات اور مختلف محلوں کی خواتین میں اور مختلف مساجد میں یہ پروگرام منعقد ہوں گے نیز مزید یہ کوشش کی جارہی ہے کہ ہمارے ہندو بھائیوں کے درمیان بھی حضور صلی اللہ علیہ وسلّم کی پرکشش شخصیت اور ان کی سیرت کے مختلف گوشوں کو رکھا جائے تاکہ وہ بھی رحمت عالم صلی اللہ علیہ وسلم کی ذات اقدس اور ان کی اہم پاکیزہ تعلیمات سے روشناس ہوں،ان پروگراموں میں ضلع جالنہ و مرہٹواڑہ کے اکابر علماء کرام سے استفادہ کیا جائے گا،
تمام محبان رسول صلی اللہ علیہ وسلم سے درخواست ہے کہ اپنا اسلامی فریضہ سمجھتے ہوئے اس پاکیزہ اور اہم مہم کو کامیاب بنانے میں جمعیت علماء ارشد مدنی ضلع جالنہ کا ہر طریقہ سےتعاون فرمائیں اور اسے کامیابی سے ہم کنار کریں،اس طرح کی گذارش جمعیت علماء کے ارکان عاملہ مولانا سید نصراللہ حسینی سہیل ندوی صدر جمعیت علماء، مولانا عیسیٰ خان کاشفی صدر جمعیت علماء شہر جالنہ، محمد ایوب خان جنرل سیکرٹری جمعیت علماء ضلع جالنہ، محمد افتخار الدین نائب صدر جمعیت علماء، محمد قاسم اعجاز صدیقی سیکرٹری جمعیت علماء،مولانا عبد العلیم اشاعتی، مولانا سید احسان حسینی ندوی، محمد احتشام الدین باغبان، حافظ عبد السلام قریشی، مولانا عبد اللہ سراجی، شیخ طیب، ایڈوکیٹ اشفاق احمد کاغذی، مفتی سید نعمان ندوی،  مولانا محمد عمران خان ندوی صدر جمعیت علماء تعلقہ بھوکردن، الحاج محمد داؤد صدر جمعیت علماء تعلقہ جعفر آباد، حافظ محمد شباب باغبان صدر جمعیت علماء ارشد مدنی تعلقہ منٹھا، حافظ محمد اسد اللہ صدر جمعیت علماء رنجنی، مفتی سید عذیر ندوی  و دیگر اراکین عاملہ نے کی ہے،

Related posts

 ممبرشپ مہم 2024 شاندار طریقے سے کامیابی کی طرف گامزن:جمال صدیقی 

Siyasi Manzar

غالب انسٹی ٹیوٹ کے زیر اہتمام غزل سرائی مقابلے کا انعقاد

Siyasi Manzar

ہندوستان کی نمبر ایک الیکڑک سی وی بنانے والی مہندرا لاسٹ مائل موبیلیٹی لمیٹڈ نے مہندرا ‘زیڈ ای او’ 4w scv لانچ کیا،

Siyasi Manzar