مسٹر نبیل انور خاندانِ طِب کے روشن چشم و چراغ ہیں جو اپنی وراثت کو ملک و قوم کے لئے جاری رکھے ہوئے ہیں: سیّد منیر عظمت
ممبئی06،نومبر(ایس ایم نیوز) یونانی ڈرگس مینوفیکچررز ایسوسی ایشن (اُڈما) کی جانب سے صابو صدّیق کالج آف انجینئرنگ، ممبئی میں منعقدہ تین روزہ جشن اڈما۔ 2023 کے افتتاحی پروگرام میں ملک کے طول و عرض سے میدانِ طِب کے ماہرین فن، درس و تدریس سے وابستہ معزز حضرات، طلباء و طالبات، محبّان و جاں نثارانِ طب نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ اس پُروقار مجلس میں نبیل انور (نائب صدر، اُڈما اور سربراہ ڈرگ لیباریٹریز) کو معزز شخصیّات کی موجودگی میں اعزاز سے سرفراز کیا گیا۔
نبیل انور میرٹھی کو جناب حامد احمد (قومی صدر، اڈما) اور مہمان خصوصی اِن۔ ظہیر احمد (ڈائریکٹر جنرل۔ سی۔ سی۔ آر۔ یو۔ ایم، محکمہ آیوش، حکومت ہند) کے ہاتھوں بطور اعزاز مومنٹو اور توصیفی سند سے سرفراز کیا گیا۔
یونانی ڈرگس مینوفیکچررز ایسوسی ایشن کے بانی رکن جناب سیّد منیر عظمت (بانی ممبر، اُڈما و مینجنگ ڈائریکٹر۔ نیو روائل پروڈکٹس، دہلی کے سربراہ) نے اپنے خطاب میں نبیل انور کا خاندانی پس منظر بیان کرتے ہوئے فرمایا کہ طب یونانی سے آپ کے خاندان کا رشتہ تقریبا ڈھائی سو سال قدیم ہے۔ محلّہ بنی سرائی میرٹھ میں دارالشفاء سے شروع کیا گیا طبّی سفر آٹھویں نسل میں تا ہنوزجاری و ساری ہے۔ یہ سفر مغلیہ دور حکومت سے آغاز ہوتا ہے جب ان کے اکابرین فارس سے ہندوستان تشریف لائے تھے۔ حکیم شمس الدّین (1790) کے وارث حکیم فصیح الدّین شاعری سے شوق و ذوق رکھتے تھے اور معروف شاعرِ ہند مرزا اسداللّٰہ خاں غالبؔ کے شاگرد خاص تھے۔ ان کے جانشیں حکیم فخرالدّین معروف طبیب تھے جن کے فرزند ارجمند حکیم محمودالحق کی طبّی خدمات کے اعتراف برٹش حکومت نے ایوارڈ سے نوازا تھا جس کو انہوں نے تحریک آزادی کے دوران بطور احتجاج واپس کردیا تھا۔ آپ میرٹھ ضلع کے میونسپل کمشنر بھی مقرّر ہوئے۔ آپ کے نام سے موسوم شہر میں ایک مرکزی شاہراہ کا نام حکیم محمودالحق روڈ اور ایک کالونی کا نام محمود نگر ہے۔
حکیم صاحب کے فرزند حکیم سیف الدّین احمد کو 1975 میں میدان طب میں عظیم خدمات کے لئے صدر جمہوریہ ہند کے ہاتھوں ملک کا باوقار ایوارڈ "پدم شری” سے سرفراز کیا گیا تھا۔ آپ کو تین صدور جمہوریہ ہند عزّت مآب فخرالدّین علی احمد، نیلم سنجیوا ریڈی اور گیانی ذیل سنگھ کے طبیب خاص ہونے کا شرف حاصل ہوا۔ آپ حکومت ہند کے مشیر برائے طب یونانی اور تنظیم آل انڈیا طبّی کانفرنس کے قومی صدر بھی رہے۔ حکیم صیف الدّین احمد کے دو فرزند تھے۔ حکیم سراج الدّین احمد (یو۔ پی رتن ایوارڈ یافتہ) وزارت آیوش، حکومت ہند کی گورننگ باڈی میں ممبر رہے اور دو تعلیمی اداروں کی سرپرستی و قیادت بھی کی جبکہ دوسرے فرزند ڈاکٹر معراج الدّین احمد حکومت اتّر پردیش میں وزیر رہے۔ آپ کا ایک ذاتی خاندانی لائبریری بھی ہے جس میں مختلف موضوعات پر مبنی بیش قیمت و نادر علمی و طبّی کتابیں موجود ہیں۔
حکیم سراج الدّین احمد کے فرزند اور اس طبّی خاندان کے جانشیں اور چشم و چراغ نبیل انور اپنی خاندانی وراثت کو آگے بڑھاتے ہوئے یونانی و آیوروید دواسازی کے ذریعے ملک و قوم کی خدمت میں مصروف ہیں۔
اڈما کے قومی جنرل سکریٹری حکیم محسن دہلوی (سربراہ۔ دہلوی ریمیڈیز و دہلوی نیچورلس)، مقبول حسن (پیٹرون۔ اُڈما و ایم۔ ڈی۔ نیچر اینڈ نرچر ہیلتھ کیئر)، محمّد عارف (پیٹرون۔ اُڈما و ڈائریکٹر ریکس ریمیڈیز)، محمّد جلیس (نائب صدر۔ اُڈما و ایم۔ ڈی۔ لمرا ریمیڈیز)، محمّد نوشاد (کورڈینیٹر۔ اُڈما و سربراہ۔ اولیاء ہربلس)، پرویز احمد خاں (جوائنٹ ٹریزرر۔ اُڈما و ایم ڈی۔ راحت ہربل کیئر)، حکیم اعجاز احمد اعجازی (چیف۔ پریس اینڈ میڈیا، اُڈما و ایم۔ ڈی ناز ہربل فارمیسی)، حکیم یثمانیل عثمانی (سربراہ۔ ہربو ڈرگس اینڈ فارما سیوٹیکلس)، ڈاکٹر مطیع اللّٰہ مجید (زونل صدر۔ اڈما و سی ای او۔ میکس ریمیڈیز) و دیگر معزز اراکین اُڈما نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا کہ جناب نبیل انور اپنی خاندانی طبّی وراثت اور ذمّہ داریوں کو بحسن و خوبی انجام دے رہے ہیں نیز فروغ طب کے لئے میدانِ طِب میں سرگرم عمل، مائل بہ پرواز اور آمادہ پیکار ہیں؛ ان کے اکابرین کی ملک و قوم کے لئے عظیم خدمات کے اعتراف میں اُڈما کی جانب سے ان کو اعزاز سے نوازا گیا، ہم نیک خواہشات کے ساتھ موصوف گرامی کو خراج تحسین اور مبارکباد پیش کرتے ہیں۔