انجینئر محمود اقبال امیر مینائی،اُردوادب کے نامور استاد شاعر،ماہرِ زباں اور صاحبِ طرزِ سخن تھے۔ امیر مینائی کی برسی13 اکتوبرہے۔ان کی وفات حیدرآباد دکن منتقل ہونے کے کچھ ہی عرصہ بعد 13 اکتوبر1900ء کو حیدرآباد ہی میں ہوئی تھی۔وہ،21فروری 1829ء کولکھنؤاتر پردیش میں پیدا ہو ئے تھے۔ان کا اصل نام’امیر احمد مینائی‘ہے اور تخلص امیرؔ۔ انہوں نے روایتی دینی و مذہبی تعلیم حاصل کی تھی اور 15 برس کی عمر میں ’اسیر لکھنوی‘کی شاگرد ی میں آئے تھے۔ پہلے انہوں نے اودھ اور رام پور کے حکمرانوں کے ہاں خدمات انجام دیں، بعد ازاں وہ حیدرآباد منتقل ہوگئے تھے، جہاں 1900ء میں آمد کے کچھ ہی عرصہ بعد ان کا انتقال ہوگیا۔امیر مینائی اُردو کے نامور شاعر تھے، جنہوں نے’دبستانِ دہلی‘،’دبستانِ لکھنؤ‘،’دبستانِ رامپور‘کو فیضیاب کرنے کے بعد ’دبستانِ دکن‘میں قدم رنجہ فرمایہ تھا،لیکن زندگی نے ان کا ساتھ نہیں دیا۔ امیر مینائی کی شاعری، زبان و بیان پر غیر معمولی قدرت، لطیف پیکرتراشی، جذبات کی گہرائی، صوفیانہ موضوعات اور مختلف اصنافِ سخن میں مہارت کے لئے مشہور ہے۔ غزلوں اور قصائد جیسی معروف شعری اصناف میں طبع آزمائی کے علاوہ، انہوں نے اْردو لِسا نیات کے میدان میں بھی گراں قدر خدمات انجام دی تھیں۔ ان کی اہم تصانیف میں ’سرمہ بصیرت‘،’بہارِ ہند‘ اور’امیراللغات‘ شامل ہیں۔ان کا ایک مشہور شعر، جس میں پوری دنیا کے دْ کھوں اور مصائب پر درد و کرب کا اظہار ملتا ہے، ان کی انسان دوستی اور وسیع القلبی کی عکاسی کرتا ہے۔ یہ شعر اردو ادب میں ان کی ایک یادگار ادبی کاوش کی حیثیت رکھتا ہے۔ خنجر چلے کسی پہ، تڑپتے ہیں ہم امیرؔ سارے جہاں کا درد ہمارے جِگر میں ہے یہ شعر امیر مینائیؔ کی شاعری کی نہایت مقبول مثال ہے۔ اس میں شاعر کہتا ہے کہ کسی دوسرے انسان کو تکلیف پہنچتی ہے تو اس کا درد بھی اس کے دل میں محسوس ہوتا ہے۔ یہ انسانی ہمدردی اور دوسروں کے دکھ کو اپنا دکھ درد سمجھنے کی کیفیت کا بہترین اظہار ہے۔ گویا اس کا دل پوری دنیا کے دکھوں اور مصائب کا بوجھ اپنے اندر سمیٹے ہوئے ہے۔یہ شعر امیر مینائیؔ کی انسان دوستی، درد مندی اور حساس طبیعت کی خوب صورت ترجمانی بھی کرتاہے۔امیر مینائیؔ اردو ادب کے ممتاز شاعر، عالمِ زبان اور لغت نویس تھے۔ وہ انیسویں صدی میں لکھنؤکے ادبی ماحول سے ابھرنے والے ان شعراء میں شامل ہیں جنہوں نے اْردو غزل کو زبان کی شیرینی، خیال کی نزاکت اور جذبات کی گہرائی سے مالا مال کیا تھا۔ وہ داغ دہلویؔ کے ہم عصر تھے اور اپنی مشہور غزل ؎ سرکتی جائے ہے رُخ سے نقاب آہستہ آہستہ نکلتا آ رہا ہے آفتاب آہستہ آہستہ کے لئے خاص طور پر معروف و مقبول ہیں۔ جوحسن و ادا کا دل کش بیان اپنے اندر سموئے ہے۔اس غزل میں محبوب کے چہرے سے نقاب ہٹنے کے منظر کو، طلوعِ آفتاب سے تشبیہ دی گئی ہے۔ محبوب کا چہرہ آہستہ آہستہ نمایاں ہوتا ہے، جیسے اُفق سے سو رج نمودار ہوتا ہے۔ اس شعر کی دل کشی، اس کی روانی، منظر نگاری اور تشبیہ میں پوشیدہ ہے۔ یہ غزل امیر مینائیؔ کی شناخت بن چکی ہے۔شہنشاہِ غزل مہدی حسن اور جگجیت سنگھ کی مسحور کن گائیکی نے اس غزل کو امر بنادیا ے۔مشہور پاکستانی گلوکارہ فریدہ خانم اس غزل کو اپنی خوبصورت آواز میں گایا تھا ؎ جب سے بلبل، تُو نے دو تنکے لئے ٹوٹتی ہیں بجلیاں اِن کے لئے
امیر مینائیؔ کے والد محترم کا نام’شیخ کرم محمد مینائی‘ تھا۔ ان کا خاندان علمی اور روحانی روایات سے وابستہ تھا۔ان کا سلسلہ نسب15 ویں صدی کے نامور ولی،صوفی منش انسان و درویش و مقدس صفت شخصیت ’مخدوم شاہ مینا‘سے ملتا ہے۔امیر مینائی نے اردو اور فارسی کے علاوہ عربی، سنسکرت، مذہبی علوم اور منطق کا بھی مطالعہ کیا ہوا تھا۔ان کی ابتدائی تعلیم لکھنؤ کے مشہور زمانہ دینی مدرسہ ’فرنگی محل‘میں ہوئی تھی۔ جہاں انہوں نے نہ صرف عربی،فا رسی سیکھی بلکہ اسلامیا ت کے ساتھ ساتھ طِب، فلسفہ قانون اور علمِ فلکیات پر بھی عبور حاصل کیا۔کم عمری ہی میں انہیں شعر و ادب سے گہری دلچسپی ہوگئی تھی اور وہ بعد میں ’اسیر لکھنوی‘کے شاگرد بنے۔لکھنؤ میں ان کا قیام1828 ء سے 1857ء تک رہا۔جہاں لکھنؤ کے آخری نواب واجد علی شاہ کے دربار میں ایک نابغہ روزگار قانونی مشیر کی حیثیت سے انہوں نے خدمات انجام دی تھں۔ 1857ء کی جنگِ آزادی کی لڑائی اور شورش کے بعد امیر مینائی لکھنؤ سے پہلے ’کاکوری‘اور پھر’رام پور‘ منتقل ہوگئے تھے،جہاں ان کے پُرکھوں کا برسوں کا آباء و اجدداد کا مکان نذرِ آتش کردیا گیا تھا۔ رامپور میں انہیں نواب یوسف علی خاں اور ان کے جانشین نواب کلب علی خاں کی سرپرستی حاصل ہوئی تھی۔رام پور میں انہوں نے اپنی زندگی کا ایک بڑا حصہ گزارا اور اپنی شاعری و علمی قابلیت کی وجہ سے شہرت حاصل کی۔ اس دور میں ان کی ادبی سرگرمیوں کو فروغ ملا اور وہ اپنے زمانہ کے ممتاز شعرا میں شمار ہونے لگے۔مشہور زمانہ ’رامپور رضا لائبریری‘کے صدر نشین بھی رہے۔یہ وہی دور ہے جب انہیں اُردو۔اُردو لغت پر کام کرنے کا موقع ملا۔بعد ازاں نواب کلب علی خاں کے انتقال کے بعد امیر مینائیؔ حیدرآباد دکن پہنچے، جہاں نظامِ حیدرآباد دکن نے ان کا استقبال کیا تھا۔ مستند ذرائع اور حوالوں میں ان کی ذاتی اور ازدواجی زندگی کے بارے میں بہت کم معلومات دستئاب ہیں۔’ریختہ‘ پر ’شاہ محمد ممتاز علی‘ کی تصنیف ”امیر مینائی“(1941)ء انکی ذاتی زندگی اور ادبی خدمات پر ایک اہم سوانح ہے۔لیکن، اس میں بھی شخصی معلومات محدود ہیں۔ امیر مینائی کی شاعری میں زبان کی شیرینی اور نفاست دیکھنے اور پڑھنے کو ملتی ہے۔امیر مینائیؔ کی شاعری میں الفاظ کا انتخاب، محاورے کا استعمال اور مصرعوں کی روانی خاص اہمیت رکھتے ہیں۔ ان کے کلام میں لکھنؤکی تہذیبی شائستگی اور زبان کی نزاکت بہت نمایاں ہے۔ان کی غزلوں میں عشق، ہجر، وصال، محبوب کی دل کشی اور عاشق کی بے قراری کے مضامین نہایت لطیف انداز میں بیان ہوئے ہیں۔ وہ عام جذبات کو بھی دل نشیں شعری پیرائے میں پیش کرتے ہیں۔امیر مینائیؔ کا نعتیہ کلام بھی خاص شہرت رکھتا ہے۔ ان کی دینی،نعتی اور مذہبی شاعری میں عقیدت، محبت اور روحانی وابستگی کے جذبات ملتے ہیں۔نعتیہ شاعری کا ایک شعر ملاحظہ ہو ؎ صبا، بہ سوئے مدینہ جا، کہیو آقا سے حال میرا غمِ دو عالم سے مر رہا ہوں،دوزخ سے مجھے چُھڑا نعتیہ شاعری میں ان کے مجموعے کلام ’محمد خاتم النبیں‘،’نورِ تجلّی‘اور چراغِ کعبہ“شامل ہیں۔امیر مینائی کو زبان پر غیر معمولی قدرت حاصل تھی۔ان کا ایک اور مشہور شعر حاضرِ خدمت ہے! کشتیاں سب کی کنارے پہ پہنچ جاتی ہیں ناخدا جن کا نہیں، ان کا خدا ہوتا ہے اس کا مفہوم یہ ہے کہ جن لوگوں کو ظاہری سہارے میسر نہیں ہوتے، ان کے لئے بھی خدا کی ذات، امید اور بھروسے کا سبب بن سکتی ہے۔ الفاظ کے معانی، ان کے درست استعمال اور شعری شواہد پر ان کی توجہ ان کے علمی مقام کو نمایاں کرتی ہے۔امیر مینائیؔ نے شاعری کے علاوہ لغت، زبان اور نثر کے میدان میں بھی بہت سارے کا م کئے۔’مِر ا ۃ الغالب‘ان کی شعری تصانیف میں شامل ہے۔’ریختہ‘ کے مطابق یہ 1868ء میں شائع ہوئی۔’مِر ا ۃ الغالب‘،مطلب’غیب کا آئینہ‘یا ’ان دیکھی حقیقتوں کا آئینہ‘کہہ سکتے ہیں۔یہ ان کی غزلوں کا مجموعہ کلام ہے۔ ’صنم خانہ عشق‘بھی غزلوں کا مجموعہ ہے۔’گوہرِ انتخاب‘ان کے شعری مجموعوں میں شمار ہوتی ہے۔’ریختہ‘کے مطابق 1896ء میں شائع ہوئی۔’صنم خانہ عشق‘ان کی معروف شعری تصانیف میں سے ایک ہے۔’دیوانِ امیر مینائی‘ان کا مجموعہ کلام ہے۔تاریخی اور سوانحی کتابوں میں ’تذکرہ انقلا بِ یادگار‘اس کتا ب میں مینائی نے اپنے ہم عصر شاعروں کا سوانحی جائزہ لیا ہے،جو رام پور کے نوابوں کے درباروں میں خاص مقام رکھتے تھے۔ امیر مینائیؔ کی علمی خدمات میں ’امیراللغات‘کو نمایاں مقام حاصل ہے۔جو ’اردو سے اردو‘ لغت ہے۔انہوں نے اس وسیع اردو لغت کو آٹھ جلدوں میں مرتب کرنے کا منصوبہ بنایا تھا لیکن زندگی نے مہلت نہ دی۔ اس کی صرف دو جلدیں ہی شائع ہوسکیں۔پہلی 1891ء اور دوسری 1892ء میں،اس لغت کی ایک اہم خصوصیت یہ ہے کہ الفاظ کے معانی کی وضاحت کے لیے شعری مثالیں اور مستند حوالے بھی پیش کئے گئے ہیں۔ یہ کام اردو زبان کی لغوی تاریخ کے لئے قابلِ قدر سرمایہ ہے۔ امیر مینائیؔ کی اہمیت صرف ان کی مقبول غزلوں تک محدود نہیں۔ ان کی شخصیت کے تین نمایاں پہلو ہیں۔ شاعر، غزل، نعت نویس اور دیگر اصنافِ سخن میں قابلِ ذکر مقام۔ زبان داں، اردو، فارسی اور دوسری زبانوں و علوم سے گہری واقفیت ان کی پہچان ہے۔’امیراللغات‘جیسی علمی تصنیف کے ذریعہ اردو زبان کی خدمت بے مثال ہے۔ان کا کلام لکھنؤ کی تہذیبی نفاست اور جذباتی اظہار کی روایت سے وابستہ ہے۔ ان کے اشعار آج بھی اس لئے یاد کئے جاتے ہیں کہ وہ محبت، انسانی ہمدردی، حسن اور روحانی امید جیسے موضوعات کو آسان مگر مؤثر زبان میں پیش کرتے ہیں۔امیر مینائیؔ اُردو ادب کی ان ممتاز شاعری شخصیات میں سے ایک ہیں جنہوں نے شاعری اور علمِ زبان، دونوں میدانوں میں اپنی یادگار نقوش چھوڑے ہیں۔ چلتے چلتے امیر مینائی کی شاہکار غزل کا ایک اور شعر حاضرِ خدمت ہے ؎ وہی ہے تِیر و نشتر لاکھوں بِسمل ہوتے جاتے ہیں جو دیکھے ان کی چشمِ نیم باز ، آہستہ آہستہ ٭٭٭