
ران المبارک، اسلامی سال کا نواں مہینہ، ایک ایسی عظیم نعمت ہے جو ہر سال مسلمانوں کے لیے مسرت، سکون اور ایمانی وروحانی ترقی کا پیغام لے کر آتا ہے۔ یہ مہینہصرف روزوں، عبادات، اطاعتوں، نیکیوں، تلاوتوں، صدقات وخیرات اور دعاؤں کا مجموعہ نہیں، بلکہ اللہ تعالیٰ سے تعلق مضبوط کرنے کے ساتھ ساتھ دنیوی اعتبار سے بھی خود کو سنوارنے، معاشرے کو بہتر بنانے کا ایک سنہری موقع ہے۔ رمضان کا استقبال کرنے کے لیے ہر مسلمان کے دل میں ایک خاص جوش و جذبہ ہوتا ہے، اور اس کی تیاری نہ صرف جسمانی بلکہ روحانی طور پر بھی کی جاتی ہے۔
رمضان کی عظمت اور اہمیت
رمضان کی عظمت اس حقیقت سے عیاں ہے کہ اسے اللہ تعالیٰ نے قرآن کریم کے نزول کے لیے منتخب کیا۔ ارشاد باری تعالیٰ ہے: "شهر رمضان الذي أنزل فيه القرآن هدى للناس وبينات من الهدى والفرقان"، "رمضان کا مہینہ وہ عظیم مہینہ ہے جس میں قرآن اتارا گیا، جو لوگوں کے لیے مکمل ہدایت اور ہدایت کی واضح نشانیوں پر مشتمل ہے اور حق و باطل کے درمیان فرق کرنے والا ہے" (سورۃ البقرہ: 185)۔ یہ آیت واضح کرتی ہے کہ رمضان صرف روزوں کا مہینہ نہیں، بلکہ ہدایت کا سرچشمہ ہے جو انسان کو گمراہی سے نکال کر روشنی کی طرف لے جاتا ہے۔
نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے رمضان کی فضیلت بیان کرتے ہوئے فرمایا: "جب رمضان آتا ہے تو جنت کے دروازے کھول دیے جاتے ہیں، جہنم کے دروازے بند کر دیے جاتے ہیں اور شیاطین کو زنجیروں میں جکڑ دیا جاتا ہے" (صحیح بخاری و مسلم)۔ اس حدیث سے معلوم ہوتا ہے کہ رمضان کی مدت ایک ایسی بابرکت مدت ہے جہاں نیکیوں کے مواقع بڑھ جاتے ہیں اور گناہوں سے بچاؤ آسان ہو جاتا ہے۔ اس لیے اس کا استقبال ایک عام مہینے کی طرح نہیں، بلکہ ایک مہمان نوازی کے عظیم موقعہ کے طور پر کرنا چاہیے جس میں اللہ تعالیٰ اپنے بندوں کو مغفرت اور رحمت سے نوازتا ہے۔
