علی گڑھ،8اکتوبر(پریس ریلیز) یہاں 7 اکتوبر بروز سوموار کو کینیڈی آڈیٹوریم میں ریختہ فاؤنڈیشن اور سی ای سی، اے ایم یو کے زیر اہتمام منعقدہ کل ہند بیت بازی کے صوبائی مقابلے میں بہادر شاہ ظفر کی ٹیم فاتح قرار پائی اور اسرار الحق مجاز ٹیم نے دوسرا مقام حاصل کیا۔بیت بازی کے قومی مقابلے میں علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے مختلف شعبوں سے بہت سی ٹیموں نے رجسٹریشن کیا تھا، جن میں ورچوئل شارٹ لسٹنگ اور کوالیفائنگ کے بعد علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کی 8 ٹیموں کو اس مقابلے کے لیے منتخب کیا گیا۔ ریاستی سطح کا یہ مقابلہ علی گڑھ یونیورسٹی کے کینیڈی آڈیٹوریم میں سی ای سی (کلچرل ایجوکیشن سنٹر، اے ایم یو) کے اشتراک سے منعقد کیا گیا، جس میں بڑی تعداد میں طلبا و اساتذہ شریک ہوئے اور آڈیٹوریم بیت بازی شائقین سے بھر گیا۔ ٹیموں کو اچھے شعروں پر بھرپور داد سے بھی نوازا گیا۔قومی سطح کے اس بیت بازی مقابلے میں جج کے فرائض پروفیسر سراج اجملی اور ڈاکٹر فائزہ عباسی نے دئیے۔ مقابلہ کافی دلچسپ رہا، طلبا نے اچھے اور معیاری اشعار کا انتخاب کرتے ہوئے تمام مرحلوں میں کافی عمدہ اشعار پڑھے۔ دوسرے مرحلے میں جج کے ذریعہ دیئے گئے مخصوص الفاظ پر اشعار بھی پڑھے گئے۔ جیتنے والی ٹیم کو21 ہزار اور دوسرے مقام پر رہنے والی ٹیم کو 15 ہزار دیے جائیں گے۔ اس کے علاہ اس بیت بازی مقابلے میں حصہ لینے والے تمام ہی ممبران کو مومینٹو اور سند دی گئی۔ وومنس کالج کے پرنسپل پروفیسرمسعود انورعلوی کے ہاتھوں پہلے اور دوسرے مقام پر رہنے والی ٹیموں کو چیک اور مومینٹو سے نوازا گیا۔ پروفیسر طارق چھتاری اور پروفیسر سلمان خلیل نےبھی دوسری ٹیموں کو سند اور مومینٹو دیا۔ ڈاکٹر شارق عقیل نے نظامت کے فرائض انجام دئیے۔اس بیت بازی مقابلے کو منعقد کرنے میں سی ای سی کے کوارڈنیٹر پروفیسر محمد نوید خان، پریسیڈنٹ کلب فار شارٹ ایوننگ کورسس اور اس بیت بازی مقابلے کے کوارڈنیٹرڈاکٹراحمد مجتبی صدیقی اور پروگرام ڈائرکٹر مزمل حیات بھوانی کا بھرپور تعاون حاصل رہا۔ دیگر معزز اساتذہ کی موجودگی نے بھی اس بیت بازی مقابلے کو اعتبار بخشا۔ واضح رہے کہ ہر صوبے سے جیتنے والی ٹیموں کا مقابلہ جشن ریختہ میں ہوگا، جو13, 14, 15 دسمبر کو جواہر لال نہرواسٹیڈیم میں منعقد ہوگا۔