8 جمادی الثانی، 1448 ہجری

طالبات شوشل میڈیا کے غلط استعمال سے پرہیز کریں:صبوحی علوی

زکوٰۃ اینڈ چیریٹیبل فاؤنڈیشن کے ماڈل کمیونٹی سینٹر کے تحت خصوصی لکچر و اعزازی تقریب کا انعقاد

طالبات شوشل میڈیا کے غلط استعمال سے پرہیز کریں:صبوحی علوی
طالبات شوشل میڈیا کے غلط استعمال سے پرہیز کریں:صبوحی علوی
اہم نکات

زکوٰۃ اینڈ چیریٹیبل فاؤنڈیشن کے ماڈل کمیونٹی سینٹر کے تحت خصوصی لکچر و اعزازی تقریب کا انعقاد لکھنؤ: (سعید ہاشمی)زکوٰۃ اینڈ چیریٹیبل فاؤنڈیشن (ZCF) کے زیر اہتمام چلنے والے ماڈل کمیونٹی سینٹر کی جانب سے سینٹ میری پبلک انٹر کالج، عنبر گنج میں ’’ابلاغ اور گفتگو کی مہارت‘‘ کے موضوع پر ایک خصوصی…

  • زکوٰۃ اینڈ چیریٹیبل فاؤنڈیشن کے ماڈل کمیونٹی سینٹر کے تحت خصوصی لکچر و اعزازی تقریب کا انعقاد
  • لکھنؤ: (سعید ہاشمی)زکوٰۃ اینڈ چیریٹیبل فاؤنڈیشن (ZCF) کے زیر اہتمام چلنے والے ماڈل کمیونٹی سینٹر کی جانب سے سینٹ میری پبلک انٹر کالج، عنبر گنج میں ’’ابلاغ اور گفتگو کی مہارت‘‘ کے موضوع پر ایک…
  • پروگرام میں 150 سے زائد طالبات کے علاوہ مہمانان خصوصی، خواتین شرکاء، اساتذہ اور سرپرستوں نے شرکت کی۔

زکوٰۃ اینڈ چیریٹیبل فاؤنڈیشن کے ماڈل کمیونٹی سینٹر کے تحت خصوصی لکچر و اعزازی تقریب کا انعقاد

لکھنؤ: (سعید ہاشمی)زکوٰۃ اینڈ چیریٹیبل فاؤنڈیشن (ZCF) کے زیر اہتمام چلنے والے ماڈل کمیونٹی سینٹر کی جانب سے سینٹ میری پبلک انٹر کالج، عنبر گنج میں ’’ابلاغ اور گفتگو کی مہارت‘‘ کے موضوع پر ایک خصوصی لکچر اور اس کے بعد اعزازی تقریب کا انعقاد عمل میں آیا۔ پروگرام میں 150 سے زائد طالبات کے علاوہ مہمانان خصوصی، خواتین شرکاء، اساتذہ اور سرپرستوں نے شرکت کی۔

خصوصی لکچر سے خطاب کرتے ہوئے ماہر تعلیم سمیرا فاطمہ نے مؤثر ابلاغ، توجہ سے سننے، جسمانی حرکات و سکنات (باڈی لینگویج) اور خود اعتمادی کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے بالخصوص ہندوستانی خواتین، خصوصاً مسلم خواتین کی متعدد سماجی و گھریلو ذمہ داریوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ خواتین کے لیے اپنی ضروریات کو سمجھنا، اپنی ترجیحات متعین کرنا اور مناسب مواقع پر انکار کرنا سیکھنا بھی ضروری ہے۔ انہوں نے خواتین کو اپنی ذات کے احترام اور صحت مند سماجی حدود کے تعین کی اہمیت سے بھی آگاہ کیا۔

صبوحی علوی نے اپنے خطاب میں سوشل میڈیا کے بے جا استعمال سے پیدا ہونے والے مسائل، بالخصوص بچوں اور والدین پر اس کے اثرات کو اجاگر کیا۔ انہوں نے اسکرین ٹائم میں کمی لانے اور اس کے بجائے بچوں کو تخلیقی، تعمیری اور بامقصد سرگرمیوں کی طرف راغب کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔

اس موقع پر تسنیم رحمان نے زکوٰۃ اینڈ چیریٹیبل فاؤنڈیشن کے ماڈل کمیونٹی سینٹر کے اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ تعلیم کے ساتھ عملی اور پیشہ ورانہ مہارتوں کا حصول بھی ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہنرمندی پر مبنی تربیت خواتین کو باصلاحیت، خود کفیل اور عملی زندگی کے مختلف مواقع سے فائدہ اٹھانے کے قابل بناتی ہے۔

پروگرام کے دوسرے حصے میں مہندی اور سلائی کے مقابلوں میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی طالبات کی حوصلہ افزائی کی گئی اور کامیاب شرکاء میں اسناد و انعامات تقسیم کیے گئے۔پروگرام کا آغاز تلاوت کلامِ پاک سے ہوا۔ اس کے بعد محترمہ افشاں نور نے استقبالیہ کلمات پیش کیے، جبکہ ڈاکٹر آفرین عثمان نے زکوٰۃ اینڈ چیریٹیبل فاؤنڈیشن اور اس کے تحت جاری ماڈل کمیونٹی سینٹر کی سرگرمیوں کا تعارف پیش کیا۔

پروگرام کی نظامت محترمہ حنا جعفری نے انجام دی۔ اس موقع پر طالبات ضیا اور ارتقاء نے بھی اپنے تجربات بیان کیے۔ عائشہ محمود نے اظہارتشکر کیا، جبکہ پروگرام کا اختتام فرح دیبا کی دعا پر ہوا۔اس موقع پر اس بات کو اجاگر کیا گیا کہ خواتین کی تعلیم، شخصی نشوونما اور ہنرمندی کے فروغ کے لیے کمیونٹی کی سطح پر ایسے پلیٹ فارمز کا قیام وقت کی اہم ضرورت ہے، جو انہیں سیکھنے، اپنی صلاحیتوں کو نکھارنے اور عملی زندگی میں آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کریں۔ زکوٰۃ اینڈ چیریٹیبل فاؤنڈیشن اپنے ماڈل کمیونٹی سینٹر کے ذریعے تعلیم، پیشہ ورانہ تربیت، خود اعتمادی اور عملی مہارتوں کے فروغ کے لیے کوشاں ہے، تاکہ خواتین کو بااختیار بنانے کے ساتھ انہیں خود کفالت کی راہ پر گامزن کیا جاسکے۔

شائع شدہ: منگل, 17 نومبر، 2026 | 11:15 PM IST

یہ خبر شیئر کریں

واٹس ایپفیس بکایکسٹیلیگرام