تلسی پور بلرامپور۔ ادبی سنگم تلسی پور اور سب کی آواز فاؤنڈیشن کے زیرِ اہتمام گزشتہ شام مشہور شاعر شاہ رخ ساحل تلسی پوری کی رہائش گاہ پر ’’ایک شام زبانِ اردو کے نام‘‘ کے عنوان سے ایک شاندار محفلِ مشاعرہ کا انعقاد کیا گیا۔ اس ادبی محفل میں علاقے کے نامور شعراء، ادیبوں اور اردو ادب سے محبت رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔
محفل کی صدارت مشہور ادیب ڈاکٹر محمد غالب (عنبر یزدانی) نے کی، جبکہ نظامت کی ذمہ داری تنویر ثاقب نے بخوبی انجام دی۔ قاری محمد احمد نے نعتِ پاک پیش کرکے محفل کا آغاز کیا۔
اس موقع پر مہمانانِ خصوصی عدنان فیروز، چیئرمین نمائندہ نگرپنچایت تلسی پور اور عظمت اللہ بھائی راجو، اےآئی ایم آئی ایم نگر صدر تلسی پور خصوصی طور پر موجود رہے۔ دونوں مہمانوں نے شعراء کے کلام کو سراہتے ہوئے ان کی حوصلہ افزائی کی۔
اپنے صدارتی خطاب میں ڈاکٹر محمد غالب (عنبر یزدانی) نے اردو زبان کی اہمیت اور نئی نسل کی ذمہ داریوں پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ اردو محض ایک زبان نہیں، بلکہ ہماری تہذیب، ثقافتی وراثت اور شاندار ادبی تاریخ کی پہچان ہے۔
انہوں نے کہا کہ آج ضرورت اس بات کی ہے کہ ہم اپنی نئی نسل کو اردو زبان سے جوڑیں۔ بچوں کو اردو پڑھنے، لکھنے اور بولنے کی ترغیب دیں۔ موبائل اور سوشل میڈیا کے اس دور میں نوجوانوں کو چاہیے کہ وہ اپنی قیمتی زبان اور ادبی وراثت کو نظر انداز نہ کریں۔ اگر ہم چاہتے ہیں کہ اردو آنے والی نسلوں تک زندہ و تابندہ رہے تو ہمیں اس کی ابتدا اپنے گھروں سے ہی کرنی ہوگی۔
انہوں نے مزید کہا کہ ادبی محفلیں صرف شعر و شاعری کا ذریعہ نہیں، بلکہ زبان، تہذیب، بھائی چارے اور باہمی محبت کو فروغ دینے کا بہترین وسیلہ بھی ہیں۔
محفل میں شعراء نے اپنے بہترین اشعار اور تخلیقات سے سامعین کو خوب محظوظ کیا۔ پیش ہیں چند منتخب اشعار:
عنبر یزدانی
ہے ڈگر پنگھٹ کی مشکل، ہے پتا ہم کو مگر
ہم وطن تیرے لیے جاں سے گزر ہی جائیں گے۔
ڈاکٹر اوم پرکاش مشرا
گر جاگے نہیں سوتے رہے، سوتے رہیں گے
دشواریوں کا بوجھ سدا ڈھوتے رہیں گے۔
اویس مونس
دوستو سے ڈر گیا ہوں میں یہ منظر دیکھ کر
دوستی کی پیٹھ میں پیوست خنجر دیکھ کر۔
عطاء اللہ خان صادق
زخمی تڑپ رہا ہے سڑک پر پڑا ہوا
اور لوگ ہیں کہ ریل بنانے میں لگے ہیں۔
شاہ رخ ساحل
مرا دعویٰ ہے ساحل، ہارنا اُس کا مقدر ہے
کسی بھی ٹیم کا کم ظرف گر کپتان ہو جائے۔
سراج عالم زخمی
زمانے بھر کو سناتے رہنا اُسی کے قصے
زمانے بھر سے یہ کہتے رہنا، اُسے نہ کہنا۔
ونود کلہنس
اُس کی گلی میں آنا جانا سب کے بس کی بات نہیں
چوری چھپکے دل کو چرانا سب کے بس کی بات نہیں۔
تنویر ثاقب
وقت نے زخم وہ دیے ثاقب
دل لگانے کا حوصلہ نہ رہا۔
کنہیا لال مدھر
آنسوؤں کی شام ہو گئی، بولے یوں سویرے ہیں
پیار کی شمع جلائیے، ہر طرف اندھیرے ہیں۔
توصیف بلرام پوری
میری کوشش ہے محبت کے شجر پھولیں پھلیں
اُس کو ضد ہے کہ گلستان جلا دی جائے۔
ڈیاز اکرم
اکرم کی کاوشوں پہ تمہیں کیوں یقین ہے
سب جا چکے، تمہیں بھی چلے جانا چاہیے۔
مرشد انصاری
پوری دنیا نہیں واقف مرے درد سے مرشد
ساری دنیا کو میں یہ درد سناؤں کیسے۔
اس کے علاوہ پرشانت مشرا، دھرم راج اوجھا اور عمران بلرام پوری نے بھی اپنی تخلیقات کے ذریعے محفل کو ادبی رنگوں سے سرشار کیا۔
اس یادگار ادبی محفل میں فراز طالب، ابرار خان، جاوید، عارف، ہربھجن، ندیم، معروف، ارشد سمیت بڑی تعداد میں ادب نواز اور شائقینِ شاعری موجود رہے۔
آخر میں مشاعرے کے کنوینر شاہ رخ ساحل نے تمام مہمانوں، شعراء، ادیبوں اور موجود سامعین کا شکریہ ادا کیا۔ اس طرح یہ ادبی شام اردو زبان سے محبت، باہمی بھائی چارے اور ادبی ہم آہنگی کی خوبصورت یادیں چھوڑتے ہوئے اپنے اختتام کو پہنچی۔
شائع شدہ: جمعرات, 26 نومبر، 2026 | 2:53 PM IST

