عمیر مقتدیٰ رحمانی
19 نومبر کو بعد نمازِ عشاء جامع مسجد رضوان رولیکس نعمانی اسکول کے پیچھے، مئو میں سمر اسلامک آرگنائزیشن کے زیرِ اہتمام ’’نوجوان خطباء مئو‘‘ کا ایک محاضرۂ علمیہ منعقد ہوا، جس میں علی گڑھ سے تشریف لائے ہوئے ممتاز عالمِ دین اور معروف علمی شخصیت شیخ رفیق رئیس احمد سلفی نے خصوصی محاضرہ پیش کیا۔ پروگرام کی صدارت شیخ رفیق احمد سلفی، استاذ جامعہ اسلامیہ فیض عام مئو نے فرمائی، جب کہ نظامت کے فرائض شیخ حافظ فیضان عالی نے انجام دیے۔ پروگرام کے آغاز میں ناظمِ مجلس نے نوجوان خطباء کی سرگرمیوں اور باہمی تعلقات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ الحمدللہ، اس گروپ سے وابستہ خطباء باہمی تعاون، ایک دوسرے کی ضروریات کی تکمیل اور دینی سرگرمیوں میں شرکت کے لیے ہمیشہ پیش پیش رہتے ہیں۔ یہ باہمی اتحاد اور تعاون اس حلقے کی ایک نمایاں خوبی ہے۔
اس کے بعد شیخ رفیق رئیس احمد سلفی نے اپنا تفصیلی محاضرہ پیش کیا، جس کا بنیادی موضوع جماعت اہلِ حدیث کی دعوتی و اصلاحی خدمات، خطبۂ جمعہ کی اہمیت اور ائمہ و خطباء کی ذمہ داریاں تھا۔ آپ نے اپنے طویل علمی و دعوتی تجربے کی روشنی میں واضح کیا کہ خطبۂ جمعہ محض ایک ہفتہ وار رسمی عمل نہیں، بلکہ عوام کی دینی تربیت، فکری رہنمائی اور معاشرتی اصلاح کا ایک نہایت مؤثر ذریعہ ہے۔ انسان روزمرہ کی مصروفیات میں بہت جلد غفلت کا شکار ہو جاتا ہے، ایسے میں جمعہ کا خطبہ اسے اللہ تعالیٰ کے حقوق، دینی فرائض اور اپنی عملی کوتاہیوں کی یاد دہانی کراتا ہے۔ اسی ضرورت کے پیشِ نظر جماعت اہلِ حدیث نے عوام کی اپنی زبان میں خطبہ دینے کی روایت کو فروغ دیا، تاکہ لوگ خطبے کے مضامین کو سمجھ سکیں اور ان سے اپنی زندگی کے لیے رہنمائی حاصل کریں۔آپ نے جمعہ کی فضیلت، اس کی تیاری، غسل، اچھے لباس اور مسجد جلد پہنچنے کی اہمیت بیان کرتے ہوئے سورۂ جمعہ کے مضامین کی طرف بھی توجہ دلائی۔ آپ نے فرمایا کہ خطبے کا اصل مقصد قرآن و حدیث کی تعلیمات کو لوگوں تک پہنچانا اور ان کی عملی زندگی کی اصلاح کرنا ہے۔ اس لیے خطیب کو ہر جمعہ مکمل تیاری، آیات و احادیث کے مطالعے اور موضوع کی مناسب ترتیب کے ساتھ منبر پر آنا چاہیے۔ خطبہ محض چند رسمی جملوں یا ایسی عبارتوں کی تکرار تک محدود نہ ہو جنہیں سامعین سمجھ بھی نہ سکیں، بلکہ اسے عوام کی دینی، اخلاقی اور معاشرتی ضروریات کے مطابق ایک مؤثر درس ہونا چاہیے۔موضوعات کے انتخاب کے سلسلے میں آپ نے نوجوان خطباء کی توجہ ایک اہم پہلو کی طرف مبذول کرائی۔ آپ نے فرمایا کہ توحید، شرک، اتباعِ سنت اور بدعت جیسے بنیادی دینی موضوعات کے ساتھ معاشرے کے عملی مسائل کو بھی خطبات کا حصہ بنانا ضروری ہے۔ وراثت کی تقسیم، میاں بیوی کے حقوق، والدین اور اولاد کی ذمہ داریاں، صلہ رحمی، حلال و حرام تجارت اور معاشرتی ناانصافی ایسے مسائل ہیں جن پر علماء و خطباء کو قرآن و حدیث کی روشنی میں عوام کی رہنمائی کرنی چاہیے۔ بالخصوص وراثت کی تقسیم اور خواتین کے شرعی حقوق کے معاملے میں معاشرے میں پائی جانے والی کوتاہیوں کی اصلاح علماء کی اہم ذمہ داری ہے۔ اس کے لیے ضروری ہے کہ خطباء ان مسائل کا خود گہرا مطالعہ کریں اور مستند دلائل کے ساتھ لوگوں کے سامنے اسلامی تعلیمات پیش کریں۔مساجد کے انتظامی امور پر گفتگو کرتے ہوئے آپ نے باہمی مشورے، ذمہ داران پر اعتماد اور کمیٹی کے جائز فیصلوں میں تعاون کی اہمیت واضح کی۔ آپ نے کہا کہ مسجد کی بہتری اور جماعت کے اتحاد کے لیے باہمی تعاون اور خوش گوار تعلقات ضروری ہیں۔ اسی طرح ائمہ، خطباء اور دینی خدمات انجام دینے والوں کی معاشی و معاشرتی معاونت بھی جماعت کے افراد کی ذمہ داری ہے، تاکہ اہلِ علم اطمینان کے ساتھ اپنی دینی و دعوتی خدمات انجام دے سکیں اور ان کے اہلِ خانہ بھی باوقار زندگی گزار سکیں۔دعوتِ دین کے آداب اور اختلافی مسائل میں گفتگو کے طریقۂ کار پر روشنی ڈالتے ہوئے آپ نے فرمایا کہ دوسرے مکاتبِ فکر سے اختلاف کے باوجود شائستگی، تہذیب اور احترام کا دامن ہاتھ سے نہیں چھوڑنا چاہیے۔ قرآن و حدیث کے دلائل کے ساتھ اپنا موقف واضح کیا جائے، لیکن دوسرے مسالک کے علماء اور شخصیات کی توہین و تحقیر سے اجتناب کیا جائے۔ ایک داعی کی زبان پاکیزہ، اندازِ گفتگو مہذب اور مقصد اصلاح و رہنمائی ہونا چاہیے۔ اختلاف کا اظہار علمی دلائل اور حکمت کے ساتھ ہونا چاہیے، نہ کہ تلخ کلامی اور غیر مناسب طرزِ عمل کے ذریعے۔آپ نے نوجوان خطباء کو خصوصی نصیحت کرتے ہوئے فرمایا کہ وہ خطبۂ جمعہ کو ایک بڑی دعوتی اور تعلیمی ذمہ داری سمجھیں، ہر موضوع کی بھرپور تیاری کریں، مطالعے کا ذوق پیدا کریں اور اپنی علمی صلاحیتوں میں مسلسل اضافہ کرتے رہیں۔ خطیب کی ذمہ داری صرف منبر پر کھڑے ہوکر خطاب کرنا نہیں، بلکہ اپنے ماحول اور معاشرے کے حالات کا گہرا مشاہدہ کرنا بھی ہے۔ اسے معلوم ہونا چاہیے کہ اس کے علاقے میں کون سی برائیاں پھیل رہی ہیں، لوگوں کو کن دینی و معاشرتی مسائل کا سامنا ہے اور نئی نسل کن فکری و اخلاقی چیلنجوں سے دوچار ہے۔ پھر انہی حالات کو سامنے رکھتے ہوئے قرآن و حدیث کی روشنی میں مدلل اور مؤثر انداز سے عوام کی رہنمائی کرنی چاہیے۔ آپ نے اہلِ علم کو اپنی دینی شناخت، علمی تشخص اور دعوتی اعتماد برقرار رکھنے کی بھی تلقین کی۔اس کے بعد شیخ ڈاکٹر محمد اسلم مبارکپوری نے اپنے خطاب میں جمعہ کے دن وقت کی پابندی کی اہمیت پر گفتگو کی اور خطباء کو اس جانب متوجہ کیا کہ جمعہ کے خطبے اور نماز کے اوقات کی پابندی دینی ذمہ داری کے ساتھ ساتھ ایک اچھے نظم و ضبط کی علامت بھی ہے۔ اسی طرح شیخ عبد المحسن التیمی نے بھی اپنے تاثرات پیش کیے اور اس علمی و اصلاحی نشست کی اہمیت کو اجاگر کیا۔آخر میں صدرِ مجلس شیخ رفیق احمد سلفی نے اپنے صدارتی خطاب میں شہر مئو کے موجودہ حالات اور معاشرتی مسائل کی طرف خصوصی توجہ دلائی۔ آپ نے نوجوان خطباء کو نصیحت کی کہ وہ اپنے شہر اور علاقے کے حالات سے بے خبر نہ رہیں، بلکہ وہاں پیش آنے والے مسائل، معاشرتی تبدیلیوں اور اصلاح طلب امور کا گہرا مشاہدہ کریں۔ آپ نے فرمایا کہ خطباء کو چاہیے کہ وہ مقامی حالات کو سامنے رکھتے ہوئے قرآن و حدیث کے دلائل کی روشنی میں مدلل گفتگو کریں، تاکہ ان کے خطبات براہِ راست لوگوں کی زندگیوں سے متعلق ہوں اور معاشرے کی اصلاح میں مؤثر کردار ادا کر سکیں۔ آپ نے اس بات پر زور دیا کہ ایک کامیاب خطیب وہی ہے جو اپنے ماحول کو سمجھتا ہو، عوام کے مسائل سے واقف ہو اور ان کی اصلاح کے لیے مناسب موضوعات کا انتخاب کرتا ہو۔
پروگرام کے اختتام پر ان تمام خطباء کرام کو کتابیں بطورِ تحفہ پیش کی گئیں بالخصوص جو مستقل طور پر خطبۂ جمعہ کی تسلسل سےذمہ داری انجام دے رہے ہیں ان کو خصوصی کتابیں ہدیہ دی گئیں اور اس علمی و دعوتی سلسلے کو جاری رکھنے میں نمایاں کردار ادا کر رہے ہیں۔ اس موقع پر شیخ حافظ محمد اجمل عالی کی خدمات بھی قابلِ ذکر رہیں، جو اس پروگرام کو پایۂ تکمیل تک پہنچانے کے لیے سرگرم رہے۔ محاضرۂ علمیہ میں جناب جمال ارپن، ناظمِ اعلیٰ جامعہ اسلامیہ فیض عام مئو، جناب محمد انس، حاجی رضوان ڈاکٹر شاداب، شیخ شفیق الرحمن فیضی، مکتبہ فہیم، صاحب، حاجی ناظر غلہ صاحب، حاجی طالب نور صاحب،ایاز احمد، کاشف رولیکس ،شیخ سلیمان اعظمی سمیت متعدد اہلِ علم و دانش اور سمر اسلامک آرگنائزیشن کے اساتذہ و نوجوان خطباء نے شرکت کی۔
شائع شدہ: ہفتہ, 21 نومبر، 2026 | 11:21 AM IST

